وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی بحریہ کی ڈیزل الیکٹرک آبدوزوں کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ اے آئی پی نظام نے اہم سنگِ میل حاصل کر لیا، سیٹنگ ٹو ورک فیز-2 سرگرمی کا افتتاح

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 OCT 2026 6:53PM by PIB Delhi

بھارتی بحریہ کی زیرِ آب دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل حاصل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی آر ڈی او کی نیول میٹیریلز ریسرچ لیبارٹری کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن (اے آئی پی)نظام کے انرجی ماڈیول کی ’سیٹنگ ٹو ورک فیز-2 ‘ سرگرمی کا افتتاح کیا گیا۔اے آئی پی نظام ڈیزل الیکٹرک آبدوزوں کو فضا سے آکسیجن حاصل کرنے پر انحصار کم کرکے زیادہ وقت تک پانی کے اندر رہنے کے قابل بناتا ہے۔

افتتاحی تقریب 24 اکتوبر 2026 کو گجرات کے ہزارہ میں لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی)کے اے ایم نائک ہیوی انجینئرنگ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں وزارتِ دفاع کے سکریٹری، محکمۂ دفاعی تحقیق و ترقی کے سکریٹری اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین جناب  راجیش کمار سنگھ نے ورچوئل طور پر شرکت کی اور مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔بھارتی بحریہ کے چیف آف میٹیریلز وائس ایڈمرل بی سِوا کمار اور ڈی آر ڈی او کے ڈائریکٹر جنرل (نیول سسٹمز اینڈ میٹیریلز) ڈاکٹر آر بی بالا مرلی کرشنن  گجرات کے ہزارہ میں ایل اینڈ ٹی کے مقام پر منعقدہ تقریب میں شامل ہوئے۔

اس موقع پر ڈی آر ڈی او کے چیئرمین نے ڈی آر ڈی او اور صنعتی شراکت داروں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے اے آئی پی پروگرام میں سائنس دانوں کی مسلسل محنت، سائنسی عزم اور صنعت کے تعاون کو سراہا، جس کے نتیجے میں یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے اس پورے پروگرام کے دوران ڈی آر ڈی او کو مسلسل تعاون فراہم کرنے پر بھارتی بحریہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس تعاون میں آزمائش کے ہر مرحلے پر نظام کی جانچ اور اس کی کارکردگی کی تصدیق بھی شامل ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پروگرام کے اگلے مراحل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، تاکہ بحریہ کی جانب سے ا ے آئی پی نظام کو شامل کرنے کے لیے مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہائیڈروجن اور فیول سیل نظام سے وابستہ سخت حفاظتی اصولوں پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔

اگلے مرحلے میں اے آئی پی انرجی ماڈیول کو بجلی پیدا کرنے کے لیے فعال کیا جائے گا اور بھارتی بحریہ کے مقررہ ضابطوں کے مطابق اس کی سخت جانچ کی جائے گی۔ اس کے بعد اسے 2027 کے اوائل میں مازگاؤں ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ کے حوالے کیا جائے گا، جہاں اسے کلواری کلاس کی آبدوز میں نصب کرنے کے لیے مربوط کیا جائے گا۔

*********

ش ح-ا ع خ    ۔ر  ا

U-No- 6645


(ریلیز آئی ڈی: 2328057) وزیٹر کاؤنٹر : 11