مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ٹیلی میٹکس (سی-ڈاٹ) نے اگلی نسل کی ٹیلی کام ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کے لیے آئی آئی ٹی (بی ایچ یو)، وارانسی میں اپنا چھٹا سینٹر آف ایکسیلنس(سی اوای) قائم کیا


مواصلات کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی کی ترقی اور صلاحیت سازی کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم قائم کرنا مفاہمت نامے کا  اہم مقصد

5جی ایڈوانسڈ/6جی، مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجیز، سائبر سکیورٹی اور جدید وائرلیس نظاموں پر ایکسیلنس سینٹر کی توجہ مرکوز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 OCT 2026 2:15PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی مواصلات کی وزارت کے محکمہ مواصلات کا ایک اہم ٹیلی مواصلاتی تحقیق و ترقیاتی مرکز، ‘سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ٹیلی میٹکس‘ (سی-ڈاٹ) نے قومی اہمیت کے حامل ایک ممتاز ادارے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، (بی ایچ یو)، وارانسی کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ مفاہمت نامہ سی-ڈاٹ کے چھٹے ’ایکسیلنس سینٹر‘ کے قیام کے لیے کیا گیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت مقامی ٹیلی مواصلاتی تحقیق و ترقی کے شعبے میں نمایاں مقام رکھنے والے سی-ڈاٹ اور آئی آئی ٹی (بی ایچ یو)، وارانسی کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں کو یکجا کیا گیا ہے، تاکہ ہندوستان کے ٹیلی مواصلاتی اختراعی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔

سی-ڈاٹ اور آئی آئی ٹی (بی ایچ یو)کے درمیان اس اشتراک کا مقصد علمی تحقیق کو حقیقی دنیا میں ٹیکنالوجی کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا، اختراع کے مواقع پیدا کرنا اور ٹیلی مواصلات کے بدلتے ہوئے شعبے کے لیے ہنرمند ماہرین کی ایک مضبوط افرادی قوت تیار کرنا ہے۔ اس کے تحت سی-ڈاٹ اور آئی آئی ٹی (بی ایچ یو) کے محققین، اساتذہ، طلبہ اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو یکجا کیا جائے گا، تاکہ مشترکہ تحقیق  کے ساتھ علم کے مسلسل تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ پہل تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائے گی، تاکہ ملک کے ڈیجیٹل اور مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کے لیے اہم شعبوں میں مقامی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں مدد مل سکے۔

سینٹر آف ایکسیلنس(سی او ای) وائرلیس مواصلات، کوانٹم ٹیکنالوجیز، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی مواصلاتی نظام جیسی ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کرے گا۔ یہ مرکز ابھرتے ہوئے شعبوں میں جدید تحقیق انجام دے گا، جن میں 5جی ایڈوانسڈ/6جی ٹیکنالوجیز، انتہائی بڑے پیمانے پر متعدد اِن پٹ اور متعدد آؤٹ پٹ(ایم آئی ایم او) نظام، مربوط سینسنگ اور مواصلات، مصنوعی ذہانت پر مبنی مواصلاتی نیٹ ورک اور آلات، نیز کوانٹم اور بعد از کوانٹم مواصلاتی ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔

اس مفاہمت نامے پر سی-ڈاٹ کے ایگزیکٹو نائب صدر ڈاکٹر پنکج کمار دلیلا اور آئی آئی ٹی (بی ایچ یو)، وارانسی کے ڈائریکٹر پروفیسر امیت پاترا کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر آئی آئی ٹی (بی ایچ یو) کے اساتذہ اور سی-ڈاٹ کے سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔ دستخط کی تقریب کے بعد ایکسیلنس سینٹر کا افتتاح کیا گیا، جو مشترکہ تحقیق اور اختراع کے ذریعے مواصلاتی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے۔

سی-ڈاٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر راج کمار اپادھیائے نے اس شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ یہ سینٹر آف ایکسیلنس (سی او ای) محض ایک تحقیقی پلیٹ فارم نہیں، بلکہ ہندوستان کی مستقبل کی تکنیکی صلاحیتوں میں ایک سرمایہ کاری ہے۔ مواصلات کی اگلی نسل کی تشکیل مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجیز، جدید وائرلیس نظاموں اورانٹلیجنٹس نیٹ ورکس میں ہونے والی پیش رفت سے ہوگی۔ اس  ایکسیلنس سینٹر کے ذریعے سی-ڈاٹ اور آئی آئی ٹی (بی ایچ یو) ان نئے امکانات کو تلاش کرنے اور ہندوستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے مقامی ٹیکنالوجیز کی ترقی کو تیز کرنے کی غرض سے ایک مشترکہ نظام تشکیل دے رہے ہیں۔

آئی آئی ٹی (بی ایچ یو)کے ڈائریکٹر پروفیسر امیت پاترا نے کہاکہ سی-ڈاٹ کے ساتھ یہ اشتراک علمی تحقیق کو مؤثر تکنیکی حل میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس سے ہمارے طلبہ اور محققین کو ٹیلی مواصلات کے شعبے میں حقیقی دنیا کے مسائل سے نمٹنے کا موقع ملے گا، ساتھ ہی جدید مواصلاتی ٹیکنالوجیز میں خود انحصاری کی جانب ہندوستان کے سفر میں تعاون دینے کا موقع بھی حاصل ہوگا۔‘‘

سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام سے سی-ڈاٹ کے ملک گیر  ایکسلنس سینٹر کے نیٹ ورک میں توسیع ہوئی ہے اور ان کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ اس سے قبل سی-ڈاٹ نے ایف ایس آئی ڈی کے ذریعے آئی آئی ٹی کانپور، آئی آئی ٹی گاندھی نگر، آئی آئی ٹی روڑکی، آئی آئی ٹی حیدرآباد اور آئی آئی ایس سی بنگلورو کے ساتھ اشتراک قائم کیا تھا۔ یہ تمام مراکز مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ مواصلاتی ٹیکنالوجیز کی ترقی، علم کے تبادلے کو فروغ دینے اور خصوصی مہارت کے حامل افراد کی تربیت وترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261023141638_30c1ca.jpg

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، (بی ایچ یو)، وارانسی میں سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر سی-ڈاٹ کے ایگزیکٹو نائب صدر جناب پنکج کمار دلیلا اور آئی آئی ٹی (بی ایچ یو)، وارانسی کے ڈائریکٹر پروفیسر امیت پاترا موجود تھے۔

***

ش ح۔ م ع ن- ت ع

U.NO.6564


(ریلیز آئی ڈی: 2327354) وزیٹر کاؤنٹر : 12