عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈی اے آر پی جی کے سکریٹری نے ممبئی میں ریلوے اور وزارتِ خزانہ کے فیلڈ دفاتر میں خصوصی مہم 6 کے نفاذ کا جائزہ لیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 OCT 2026 4:47PM by PIB Delhi

  محکمۂ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات )ڈی اے آر پی جی(، حکومتِ ہند کی سکریٹری محترمہ نِویدیتا شکلا ورما نے 22 اکتوبر 2026 کو ممبئی میں وزارتِ ریلوے اور وزارتِ خزانہ کے فیلڈ دفاتر کا دورہ کیا تاکہ جاری خصوصی مہم 6 کے نفاذ کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان دوروں کا مقصد صفائی ستھرائی، جگہ کے مؤثر انتظام، غیر ضروری اور متروک ریکارڈ اور مواد کو ٹھکانے لگانے، نیز کام کی جگہ کے مؤثر اور پائیدار انتظام کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔

وزارتِ ریلوے کے فیلڈ دفتر کے دورے کے ایک حصے کے طور پر، سکریٹری نے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس(سی ایس ایم ٹی)کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے لیے آسانیاں بہتر بنانے کی غرض سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ خصوصی مہم 6 کے تحت اس اقدام کے حصے کے طور پر، انہوں نے ریل جن سمواد میں شرکت کی، جس کے دوران انہوں نے مسافروں سے بات چیت کی اور اسٹیشن، مین لائن پلیٹ فارمز، ٹکٹنگ کی سہولیات اور تاریخی عمارت میں دستیاب انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دورے سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانے اور ریلوے کے احاطے کو صاف ستھرا، منظم اور مسافروں کے لیے سہل بنانے کی غرض سے زمینی سطح پر کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔ اس موقع پر ڈی اے آر پی جی کے ایڈیشنل سکریٹری جناب پنیت یادو، سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر جناب راجیو سریواستو اور وزارتِ ریلوے کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

بعد ازاں، سکریٹری نے ممبئی میں اسٹیٹ بینک بھون، کارپوریٹ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)کی اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی۔ بینک کے افسران نے خصوصی مہم 6 کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن پیش کی، جس میں مہم کے تحت کیے گئے اقدامات اور پیش رفت کو اجاگر کیا گیا۔ مہم کے حصے کے طور پر، سکریٹری اور ایس بی آئی کے چیئرمین جناب سی ایس سیٹھی نے سائبر فراڈ سے متعلق بیداری پر ایک ای بک کا اجرا کیا۔ اس اقدام کا مقصد سائبر فراڈ کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا اور محفوظ ڈیجیٹل طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔

دورے کے دوران، سکریٹری نے اسٹیٹ بینک بھون کے داخلی دروازے پر نصب ’پنرنوَا‘ نامی مجسمہ بھی دیکھا، جسے الیکٹرانک کچرے سے فن پارے کی شکل دی گئی ہے۔ یہ تنصیب تخلیقی انداز میں دوبارہ استعمال کے ذریعے ناکارہ الیکٹرانک مواد کو کارآمد بنانے کے امکانات کی عکاسی کرتی ہے، جو خصوصی مہم کے مقاصد میں سے ایک ہے۔ انہوں نے ایس بی آئی آڈیٹوریم کا بھی دورہ کیا، جس کی تزئین و آرائش خصوصی مہم 6 کے تحت کی گئی ہے۔ یہ اقدام  دفترکی موجودہ جگہوں کے بہترین استعمال اور کم استعمال ہونے والے بنیادی ڈھانچے کو کارآمد سہولیات میں تبدیل کرنے پر مہم کی توجہ کو ظاہر کرتا ہے۔

خصوصی مہم 6 صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی سطح پر رائج کرنے، غیر ضروری اور متروک ریکارڈ اور مواد کو ٹھکانے لگانے، کم استعمال ہونے والی دفترکی جگہوں کو دوبارہ کارآمد بنانے اور الیکٹرانک کچرے سمیت دیگر فضلے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے اور ری سائیکل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ مہم سرکاری دفاتر اور عوامی اداروں میں کارکردگی، ماحولیاتی ذمہ داری اور وسائل کے پائیدار انتظام کے کلچر کو فروغ دیتی ہے۔

ان دوروں سے باقاعدہ نگرانی، مؤثر نفاذ اور کام کی جگہ پر پائیدار طریقوں کو اپنانے کے ذریعے خصوصی مہم 6 کے مقاصد کو زمینی سطح پر ٹھوس نتائج میں تبدیل  کرنے کی اہمیت کی توثیق ہوئی ۔

 

 

 

 

 

*****

) ش ح  –     م      ع   -   ف ر )

U.No. 6493


(ریلیز آئی ڈی: 2326699) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Marathi , Tamil