پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 OCT 2026 8:29PM by PIB Delhi
ہندوستانی فضائیہ(آئی اے ایف)نے 21 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں صنعتوں سے رابطے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا۔ جس کا مقصد متعلقہ فریقوں، انتہائی چھوٹے، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز)، اسٹارٹ اَپس اور صنعتی شراکت داروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنا اور بغیر پائلٹ اور خودکار نظاموں کے شعبے میں بھارتی فضائیہ کی طویل مدتی صلاحیتوں سے متعلق ضروریات سے انہیں آگاہ کرنا تھا۔ اس پروگرام کی صدارت ایئر ہیڈکوارٹرز کے ڈائریکٹر جنرل (ویپن سسٹمز) ایئر مارشل پریم کمار کے، وی ایم، وی ایس ایم نے کی۔ اس میں مختلف ڈرون کمپنیوں اور ان سے وابستہ صنعتی شراکت داروں کے تقریباً 100 نمائندوں نے شرکت کی، جو ہندوستانی فضائیہ اور ہندوستان کے بغیر پائلٹ نظاموں سے متعلق صنعتی شعبے کے درمیان بڑھتے ہوئے اشتراک کی عکاسی کرتی ہے۔
اس پروگرام نےہندوستانی فضائیہ کو اپنی عملی ضروریات اور تکنیکی ترجیحات واضح کرنے کے لیے ایک باضابطہ پلیٹ فارم فراہم کیا۔ یہ اقدام ’آئی اے ایف اَن مینڈ اینڈ آٹونومس سسٹمز روڈ میپ‘ کی بنیاد پر آگے بڑھایا گیا۔ جسے 14 ستمبر 2026 کو پوکھرن میں منعقدہ آئی اے ایف ڈرونا تھون 2026 کے دوران جاری کیا گیا تھا۔ آج کے اس پروگرام کے ذریعے باہمی رابطے کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوا۔ جس میں ہندوستانی فضائیہ نے نہ صرف اپنی مستقبل کی ضروریات کی وضاحت کی بلکہ صنعتی شراکت داروں میں ’آئی اے ایف کا روڈ میپ کتابچہ‘ بھی تقسیم کیا۔
اس سے بغیر پائلٹ اور خودکار نظاموں کے شعبے میں بھارتی فضائیہ کی عملی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔ فضائی طاقت کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس روڈ میپ میں بغیر پائلٹ نظاموں کے ایک ایسے جامع نظام کا تصور پیش کیا گیا ہے جو مختلف سطحوں پر کام کرنے والے اور باہم مربوط نظاموں پر مشتمل ہوگا۔ اس میں مقامی طور پر ایسی صلاحیتیں تیار کرنے پر زور دیا گیا ہے جو عملی ضروریات سے ہم آہنگ، قابلِ اعتماد اور مضبوط ہوں اور موجودہ و مستقبل کے پائلٹ بردار طیاروں کی صلاحیتوں میں معاون ثابت ہوں۔
پروگرام کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بغیر پائلٹ نظاموں کے شعبے میں آتم نربھرتا (خود انحصاری) محض ایک خواہش نہیں بلکہ ایک عملی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، مقامی سطح پر نظامِ محرک (پروپلشن)، خودکار سافٹ ویئر، مضبوط اور قابلِ اعتماد نیویگیشن نظام اور معیاری انٹرفیس کی تیاری ایسے اہم تکنیکی شعبے ہیں جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، تاکہ بیرونی ذرائع پر انحصار کم کیا جا سکے اور ملکی دفاعی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔
صنعتی شعبے، ایم ایس ایم ایز، اسٹارٹ اَپس اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعہ ہندوستانی فضائیہ کا مقصد اختراع کے عمل کو تیز کرنا، اشتراکی ترقی کی حوصلہ افزائی کرنا اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو قابلِ اعتماد عملی صلاحیتوں میں تبدیل کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی فضائیہ ایک مضبوط ملکی نظام تشکیل دینا چاہتی ہے جو دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان کی آتم نربھرتا (خود انحصاری) کو فروغ دینے اور اس میں اپنا تعاون دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔



********
(ش ح ۔م ح۔ع د)
U. No.6467