وزارت خزانہ
ڈی آر آئی نے بھوپال میں مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تیز تر کارروائی کے دوران 9 کلوگرام سے زائد میتھام فیٹامین ضبط کی، ایک شخص گرفتار
بھوپال آئی ایس بی ٹی پر منشیات کی بڑی کھیپ کی ضبطی سے مصنوعی نشہ آور اشیا کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی ہوتی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 OCT 2026 6:50PM by PIB Delhi
مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے 20 اکتوبر 2026 کو بھوپال کے بین ریاستی بس ٹرمینل (آئی ایس بی ٹی) پر 9.139 کلوگرام میتھام فیٹامین ضبط کی اور ایک شخص کو گرفتار کیا۔ اس ضبطی سے ملک کے بین شہری نقل و حمل کے نیٹ ورکس کے ذریعے خطرناک مصنوعی منشیات کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے ڈی آر آئی کی مسلسل کوششوں کی عکاسی ہوتی ہے۔
مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی کے افسران نے دہلی سے بنگلورو جانے والی بس کے بھوپال آئی ایس بی ٹی پہنچنے پر اس میں سفر کرنے والے ایک ہندوستانی مرد مسافر کو روک کر تلاشی لی۔ مسافر کے سامان کی جانچ کے دوران کرسٹل کی شکل میں موجود میتھام فیٹامین کے 11 پلاسٹک پیکٹ برآمد ہوئے، جن کا کل وزن 9.139 کلوگرام تھا۔ یہ منشیات شلوار سوٹ کے پیکٹوں کے اندر چھپائی گئی تھیں اور درمیانے سائز کے دو ٹرالی بیگ میں رکھی گئی تھیں۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ سے برآمد شدہ مادے میں میتھام فیٹامین کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ اس کے بعد منشیات ضبط کر لی گئیں اور مسافر کو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کی دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔
یہ ضبطی ملک میں مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان عمل میں آئی ہے۔ ڈی آر آئی نے حالیہ بڑی کارروائیوں کے دوران شمال مشرقی خطے میں میتھ کی 231.8 کلوگرام گولیاں ضبط کیں، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ انہیں میانمار سے اسمگل کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو میں 137 کلوگرام مشتبہ کرسٹل میتھام فیٹامین بھی ضبط کی گئی، جس کی کھیپ مبینہ طور پر سمندری راستے سے سری لنکا اسمگل کی جانی تھی۔ ان کارروائیوں سے مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کے وسیع پیمانے اور اس کے لیے استعمال کیے جانے والے مختلف راستوں کا اندازہ ہوتا ہے، جن میں شہروں کے درمیان نقل و حمل کے نیٹ ورک، سرحد پار گزرگاہیں اور ساحلی راستے شامل ہیں۔
خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مسلسل کارروائیاں کرتے ہوئے ڈی آر آئی منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور خطرناک منشیات کو غیر قانونی بازاروں تک پہنچنے سے روکنے کے لیے پُرعزم ہے۔
************
ش ح۔ ف ش ع
U: 6432
(ریلیز آئی ڈی: 2326238)
وزیٹر کاؤنٹر : 5