کیمیکل اور پٹرو کیمیکل کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

انڈیا کیم 2026کے تحت 22 اکتوبر سے ممبئی میں عالمی کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کی صنعت سے وابستہ افراد ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے


کیمیکلز و کھاد اور صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جناب جے پی نڈا کل ممبئی میں تقریب کا افتتاح کریں گے

’’ایڈوانٹیج بھارت: ایک ابھرتا ہوا عالمی کیمیکلز مرکز‘‘کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والی اس تین روزہ تقریب میں بھارت کی صنعتی صلاحیتوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اجاگر کیا جائےگا

جاپان 14ویں انڈیا کیم 2026 میں شراکت دار ملک کے طور پراہم رول ادا کرےگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 OCT 2026 2:40PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی وزارت کیمیکلز و کھاد کا محکمہ کیمیکلز و پیٹروکیمیکلز، فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی) کے اشتراک سے، 22 سے 24 اکتوبر 2026 تک ممبئی کے بامبے ایگزیبیشن سینٹر(این ای ایس سی او) نیسکو میں انڈیا کیم 2026 کے 14ویں ایڈیشن کا انعقاد کرے گا۔

یہ دو سالہ اہم تقریب پالیسی سازوں، عالمی صنعتی رہنماؤں، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں، محققین اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرے گی تاکہ بھارت کے کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کے شعبے میں تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

اس تقریب کے 14ویں ایڈیشن کا موضوع ’’ایڈوانٹیج بھارت: ایک ابھرتا ہوا عالمی کیمیکلز مرکز‘‘ ہے۔ انڈیا کیم 2026 میں ایک بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے ذریعے بھارت کی صنعتی صلاحیتوں، تکنیکی ترقی اور عالمی مینوفیکچرنگ و مصنوعات کی فراہمی کے مرکز کے طور پر اس کی استعداد کو اجاگر کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔

مرکزی وزیر برائے کیمیکلز و کھاد اور صحت و خاندانی بہبود، جناب جے پی نڈا اس تقریب کا افتتاح کریں گے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے کیمیکلز و کھاد اور صحت و خاندانی بہبود، محترمہ انوپریا پٹیل بھی اس موقع پر موجود ہوں گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261021144407_fce39c.png

مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور اڈیشہ کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ساتھ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے اعلیٰ افسران بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

بھارت کی کیمیکل صنعت میں نمایاں ترقی کے امکانات

بھارت دنیا میں کیمیکلز کا چھٹا سب سے بڑا اور ایشیا میں چوتھا سب سے بڑا پیداوار کنندہ ملک ہے۔ اس تناظر میں انڈیا کیم 2026 کا 14واں ایڈیشن خاص اہمیت کا حامل ہے۔

بھارتی کیمیکل صنعت کے حجم میں نمایاں اضافے کی توقع ہے اور اندازہ ہے کہ یہ صنعت 2030 تک 300 ارب امریکی ڈالر اور 2040 تک ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ اس شعبے کی ترقی کے امکانات کو بڑھتی ہوئی طلب، برآمدات کے مواقع، آبادیاتی منافع، فی کس نسبتاً کم کھپت اور حکومت کی معاون پالیسیوں سے تقویت مل رہی ہے۔

بھارت کا ایک ترجیحی عالمی مرکز کے طور پر ابھرنا حکمرانی کے شعبے میں اصلاحات، عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے، مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری کی پالیسیوں، مستحکم ضابطہ جاتی نظام اور مسابقتی لاگت پر ہنرمند افرادی قوت کی دستیابی سے ممکن ہو رہا ہے۔ توقع ہے کہ کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کا شعبہ ملکی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنانے، عالمی ویلیو چین میں بھارت کی شمولیت بڑھانے اور ملک کے طویل مدتی اقتصادی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261021144416_c72485.png

مضبوط بین الاقوامی شرکت متوقع

انڈیا کیم 2026 میں جاپان، امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، یورپی یونین کے مختلف ممالک، لاطینی امریکہ، ویتنام، کوریا اور آسیان ممالک سمیت 100 سے زائد ممالک کی شرکت متوقع ہے۔

جاپان، 14ویں انڈیا کیم 2026 میں شراکت دار ملک کے طور پر شرکت کرے گا۔ یہ بھارت اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔

اس تقریب میں بھارت اور بیرونِ ملک سے 200 سے زائد نمائش کنندگان، 8,000 سے زیادہ کاروباری زائرین اور گلوبل سی ای اوز فورم میں بھارت اور بیرونِ ملک کی 50 سے زائد سرکردہ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران )سی ای اوز(کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی امریکہ، امریکہ، یورپی یونین، دولتِ مشترکہ کی آزاد ریاستوں (سی آئی ایس) کے ممالک، مغربی یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا سے خریداروں کے وفود کی آمد بھی متوقع ہے۔

پیٹرولیم، کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز سرمایہ کاری کے خطوں (پی سی پی آئی آرز) اور کیمیکل ہبز کی حامل ریاستیں، جن میں گجرات، اڈیشہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو، مدھیہ پردیش، راجستھان اور مہاراشٹر شامل ہیں، اپنی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو پیش کریں گی۔

کیمیکلز کی تیاری سے لے کر حتمی مصنوعات تک جدید ٹیکنالوجیز کی نمائش

اس نمائش میں کیمیکلز، پیٹروکیمیکلز، پروسیس پلانٹ کی مشینری اور آلات کے شعبوں سے وابستہ مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور خدمات کی وسیع رینج پیش کی جائے گی۔

کیمیکلز کے شعبے میں فائن اور اسپیشلٹی کیمیکلز، زرعی کیمیکلز اور کھادیں، بنیادی کیمیکلز، رنگ اور روغن، ماحول دوست اور پائیدار کیمیکلز، دواسازی کے اجزا، پانی کی صفائی میں استعمال ہونے والے کیمیکلز، تعمیراتی کیمیکلز اور صنعتی تحقیق و اختراع کو نمایاں کیا جائے گا۔

پیٹروکیمیکلز کے شعبے میں پولیمرز اور انجینئرنگ پلاسٹکس، اولیفنز، مصنوعی ریشے، ایلاسٹومرز، آرومیٹکس اور ان کے مشتقات، حیاتیاتی ذرائع سے تیار کردہ اور ری سائیکل شدہ پیٹروکیمیکلز، اعلیٰ کارکردگی والے پلاسٹکس، مرکب مواد اور آٹوموبائل، ایرو اسپیس اور الیکٹرانکس کے شعبوں کے لیے مخصوص پولیمرز کی نمائش کی جائے گی۔

پروسیس پلانٹ کی مشینری اور آلات کے شعبے میں جدید مشینری، پروسیس ٹیکنالوجیز، انجینئرنگ اور منصوبہ جاتی خدمات، ڈیجیٹلائزیشن، آٹومیشن، اسمارٹ مینوفیکچرنگ، ماحولیاتی تحفظ اور آلودگی پر قابو پانے کے نظام، فلٹریشن اور علیحدگی کی ٹیکنالوجیز، لیبارٹری کے آلات، تجزیاتی آلات، روبوٹکس اور کیمیکل پلانٹس کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی حل کو اجاگر کیا جائے گا۔

14ویں انڈیا کیم 2026 میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع و متنوع مواقع

14ویں انڈیا کیم 2026 کے ذریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ منصوبوں، کنٹریکٹ ریسرچ اور مینوفیکچرنگ، حسبِ ضرورت ترکیب سازی، پیٹرولیم، کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز سرمایہ کاری کے خطوں)پی سی پی آئی آرز(اور کیمیکل پارکس میں سرمایہ کاری، نیز بھارت سے عالمی سطح پر مصنوعات کی خریداری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ نینو میٹریلز، سیمی کنڈکٹرز، مرکب مواد اور بایوڈیگریڈیبل پولیمرز سمیت خصوصی اور اعلیٰ کارکردگی والے مواد کے شعبوں میں شراکت داری کو بھی فروغ ملے گا۔

دیگر مواقع میں ماحول دوست اور پائیدار ٹیکنالوجیز، حیاتیاتی ذرائع سے تیار کردہ کیمیکلز، ری سائیکلنگ اور سرکلر اکانومی، ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی امور (ای ایس جی) سے متعلق حل، حفاظت اور ضوابط کی تعمیل، اسٹارٹ اَپس کی انکیوبیشن، ہنرمندی کی ترقی، سپلائی چین اور لاجسٹکس کی خدمات، نیز کاروبار سے کاروبار (بی ٹو بی) تجارت کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز شامل ہیں۔

صنعت، حکومت، سرمایہ کاروں، تعلیمی اداروں اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے، انڈیا کیم 2026 کا مقصد کاروباری روابط کو مضبوط بنانا، اختراع کی حوصلہ افزائی کرنا اور ایسے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے جو بھارت کے مینوفیکچرنگ نظام میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔

انڈیا کیم کی سابقہ کامیابیوں اور ورثے کو آگے بڑھانا

انڈیا کیم 2024 کے گزشتہ ایڈیشن میں 72 ممالک نے شرکت کی، جس میں 172 نمائش کنندگان، 78 عالمی سی ای اوز، 135 ممتاز مقررین، 689 غیر ملکی مندوبین، 1,115 بھارتی مندوبین اور 8,720 کاروباری زائرین شامل تھے۔ انڈیا کیم کے 13ویں ایڈیشن میں اس اہم بی ٹو بی تقریب کے دوران 15,000 سے زائد زائرین کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ اس میں 20 ریاستی وفود نے بھی شرکت کی، جنہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔

اسی شرکت اور کامیابی کی بنیاد پر 14ویں ایڈیشن کا مقصد بین الاقوامی روابط کو مزید گہرا کرنا، کاروباری شراکت داریوں کو وسعت دینا اور عالمی کیمیکلز و پیٹروکیمیکلز کی صنعت میں بھارت کے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کرنا ہے۔

انڈیا کیم 2026، ’’ایڈوانٹیج بھارت: ایک ابھرتا ہوا عالمی کیمیکل ہب‘‘ کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے عالمی مہارت کو بھارت کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں، سرمایہ کاری کے امکانات اور پائیدار صنعتی ترقی کے عزم سے جوڑا جائے گا۔

مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ کریں:

https://www.indiachem.in/

***

ش ح۔ ک ا۔ ش ہ ب

U.NO.6403


(ریلیز آئی ڈی: 2326030) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati