وزارت دفاع
کونکن-26 بحری مشق برطانیہ کے شہر پلائی ماؤتھ کے ساحل کے قریب اختتام پذیر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 OCT 2026 9:06PM by PIB Delhi
ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ بحری مشق کونکن-26، 15 اکتوبر 2026 کو برطانیہ کے شہر پلائی ماؤتھ کے ساحل کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔ 8 سے 15 اکتوبر 2026 تک منعقد ہونے والی اس مشق کے دوران ہندوستانی بحریہ اور برطانوی رائل بحریہ کو پیشہ ورانہ اور آپریشنل شعبوں کی وسیع تر سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا۔
اس مشق میں ہندوستانی بحریہ کی نمائندگی اسٹیلتھ فریگیٹ آئی این ایس تریشول نے کی، جبکہ برطانوی رائل بحریہ نے آبدوز شکن جنگی صلاحیتوں سے لیس ڈیوک کلاس فریگیٹ ایچ ایم ایس سدرلینڈ کو تعینات کیا۔ اس مشق کا انعقاد برطانوی رائل بحریہ کے ادارے فلیٹ آپریشنل اسٹینڈرڈز اینڈ ٹریننگ (ایف او ایس ٹی) نے کیا۔
بارہ سے 15 اکتوبر 2026 تک جاری رہنے والے چار روزہ انتہائی اہم بحری مرحلے میں جہاز رانی کی جدید مہارتوں سے متعلق مشقیں، مشترکہ حکمت عملی پر مبنی مشقیں، مواصلاتی طریقۂ کار، سطحی بحری اہداف کے خلاف غیر روایتی جنگی کارروائیاں، آبدوز شکن جنگی مشقیں اور متعدد خطرات والے بحری ماحول میں ہتھیاروں کے استعمال کی مشقیں شامل تھیں۔ ان سرگرمیوں سے مشق میں شریک بحری یونٹوں کے درمیان باہمی تال میل اور مشترکہ طور پر کارروائی کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔
پیشہ ورانہ مہارتوں اور بہترین طور طریقوں کے تبادلے کے ذریعے کونکن-26 نے پیچیدہ بحری حالات میں ہندوستانی بحریہ اور برطانوی رائل بحریہ کی مشترکہ طور پر کارروائی کرنے کی صلاحیت کو مزید مستحکم کیا۔ اس طرح اس مشق نے ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری کو مزید فروغ دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ش ب۔ن م۔
U-6290
(ریلیز آئی ڈی: 2325007)
وزیٹر کاؤنٹر : 4