کیمیکل اور پٹرو کیمیکل کا محکمہ
تحقیق، ترقی اور اختراع اسکیم کے تحت جدید کیمیکلز، پیٹروکیمیکلز اور مادی ٹیکنالوجیز کی شمولیت
حکومتِ ہند کی جانب سے محکمۂ کیمیکلز و پیٹروکیمیکلز کی تجویز منظور؛ کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کو آر ڈی آئی اسکیم کے تحت شامل کرنے کی منظوری
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 OCT 2026 8:59PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند نے 8 اکتوبر 2026 سے تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) اسکیم کے تحت مالی اعانت کے اہل اضافی ٹیکنالوجی شعبے کے طور پر جدید کیمیکلز، پیٹروکیمیکلز اور مادی ٹیکنالوجیز کو شامل کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزارتِ کیمیکلز و کھاد کے محکمۂ کیمیکلز و پیٹروکیمیکلز (ڈی سی پی سی) کی تجویز کے بعد حکومتِ ہند کے محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) نے لیا ہے۔
محکمۂ کیمیکلز و پیٹروکیمیکلز (ڈی سی پی سی) نے آر ڈی آئی اسکیم کے تحت کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کے شعبے کو ترجیحی شعبے کے طور پر شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ توقع ہے کہ اس فیصلے سے کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کے شعبے میں تحقیق، ترقی اور اختراع کو تقویت ملے گی اور جدید صنعتی استعمالات کے لیے مقامی ٹیکنالوجیز کی تیاری میں سہولت فراہم ہوگی۔
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت اور رہنمائی میں حکومتِ ہند نے نومبر 2025 میں تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) اسکیم کا آغاز کیا، جس کے لیے 1 لاکھ کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے، تاکہ تحقیق، ترقی اور اختراع میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ اس اسکیم کا مقصد تبدیلی لانے والے منصوبوں کے لیے سازگار شرائط پر طویل مدتی مالی اعانت اور قرضوں کی دوبارہ مالی اعانت فراہم کرنا، جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے عمل میں تیزی لانا، ہندوستان کی صنعتی مسابقت کو مضبوط بنانا اور اہم و ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی شعبوں میں خود انحصاری کو فروغ دینا ہے۔
گزشتہ سال تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) اسکیم کے آغاز کے موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا تھا، ’’ہندوستان تحقیق اور ترقی کے لیے ایک متحرک نظام تیزی سے تشکیل دے رہا ہے۔ ہم تحقیق کو آسان بنانے پر توجہ دے رہے ہیں، تاکہ ہندوستان میں اختراع کا ایک جدید نظام فروغ پاسکے۔‘‘
کیمیکلز و کھاد اور صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جناب جگت پرکاش نڈا نے آر ڈی آئی اسکیم کے تحت اس شعبے کو شامل کیے جانے کا خیرمقدم کیا اور اسے کیمیکلز و پیٹروکیمیکلز کی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
جناب نڈا نے کہا کہ اس فیصلے سے تحقیق اور اختراع کو ضروری تقویت ملے گی اور ہندوستان میں کیمیکلز، پیٹروکیمیکل مصنوعات، پولیمر اور ان کے مشتقات کی تیاری کے لیے جدید، مؤثر اور کم لاگت والی ٹیکنالوجیز کی تیاری میں مدد ملے گی۔
جدید کیمیکلز، پیٹروکیمیکلز اور مادی ٹیکنالوجیز کو شامل کرنا ہندوستان کے داخلی مینوفیکچرنگ نظام کو مضبوط بنانے، ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور درآمد شدہ ٹیکنالوجیز اور اعلیٰ قدر کے حامل مواد پر انحصار کم کرنے کے وسیع تر مقصد سے ہم آہنگ ہے۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6242
(ریلیز آئی ڈی: 2324614)
وزیٹر کاؤنٹر : 3