وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
محکمہ ماہی پروری حکومتِ ہند کی خصوصی مہم 6.0 میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے
انتظامی کارکردگی اور دفاتر میں صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنایا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 OCT 2026 4:49PM by PIB Delhi
ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری کے مرکزی وزارت کے تحت محکمہ ماہی پروری2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک خصوصی مہم 6.0 میں جوش وخروش کے ساتھ بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد صفائی ستھرائی کے نظام کو ادارہ جاتی شکل دینا، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانا، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنانا، الیکٹرانک کچرے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کو فروغ دینا اور دفتری جگہ کے بہترین استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
یہ مہم محکمہ کے ماتحت دفاتر اور خودمختار اداروں کے اشتراک سے، انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے (ڈی اے آر پی جی) کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق چلائی جا رہی ہے۔
تیاری کے مرحلے کے دوران عملی منصوبے تیار کیے گئے اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کیے گئے۔ اس دوران صفائی ستھرائی، غیر ضروری ریکارڈ کی جانچ اور چھٹائی، کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام اور زیرِ التوا مراسلات و معاملات کو تیزی سے نمٹانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
مہم کے تحت ہونے والی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ سکریٹری(ماہی پروری)کی جانب سے سینئر افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاسوں میں لیا جاتا ہے۔ افسران کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کام کی جگہوں پر صفائی ستھرائی کو فروغ دیں اور زیرِ التوا معاملات کو کم سے کم رکھیں۔
اس مہم کے حصے کے طور پر، محکمہ کے نوڈل افسر نے 15 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی میں واقع چندرلوک بلڈنگ کے دفتری احاطے کا معائنہ کیا۔ محکمہ ماہی پروری کے تحت کام کرنے والے خودمختار ادارے، ماتحت ادارے اور تنظیمیں بھی مہم کے تحت صفائی ستھرائی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور دفاتر کے مؤثر انتظام کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔
جاری صفائی ستھرائی مہم کے درمیانی مرحلے میں داخل ہونے کے ساتھ ہی محکمہ نے اہم شعبوں میں نمایاں پیش رفت درج کی ہے۔ صفائی ستھرائی سے متعلق شناخت شدہ 32 سرگرمیوں میں سے 23 کامیابی کے ساتھ مکمل کی جا چکی ہیں۔ ریکارڈ کے انتظام کو منظم بنانے کی کوششوں کے تحت 400 فزیکل فائلوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 350 فائلوں کو چھٹائی کے لیے شناخت کیا گیا، جبکہ اب تک 287 فائلوں کو ریکارڈ سے خارج کیا جا چکا ہے۔
محکمہ نے عوامی شکایات کے ازالے میں بھی خاطر خواہ پیش رفت کی ہے اور اب تک 80 فیصد عوامی شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ، الیکٹرانک کچرے کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو ای-ویسٹ (مینجمنٹ)قواعد، 2022 کی دفعات کے مطابق ہیں۔ مہم کے تحت کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے محکمہ اور اس کے چھ دفاتر کے ذریعے سوشل میڈیا پر 35 سے زائد پوسٹس بھی جاری کی گئی ہیں۔
خصوصی مہم 6.0 کے نفاذ کا مرحلہ 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔ محکمہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ باقی ماندہ سرگرمیاں مکمل کی جائیں گی اور مختلف اشاریوں کے لیے مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں گے، جن میں زیرِ التوا معاملات کو نمٹانا بھی شامل ہے۔
*******
) ش ح – رک )
U.NO- 6218
(ریلیز آئی ڈی: 2324411)
وزیٹر کاؤنٹر : 13