سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹی ڈی بی-ڈی ایس ٹی نے بھارت کے مقامی کوانٹم سکیور ٹیکنالوجی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کیو این یو لیبزکے ساتھ 150 کروڑ روپے کی آر ڈی آئی مالی معاونت کے معاہدے پر دستخط کئے


اس منصوبے کا مقصد بھارت کے کوانٹم سکیور اور سینسنگ نیٹ ورکس کیلئے ایک مقامی ٹیکنالوجی نظام تیار کرنا ہے، جسے ٹیکنالوجی کی تیاری کی سطح (ٹی آر ایل-9) تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 OCT 2026 2:50PM by PIB Delhi

کوانٹم ٹیکنالوجی اور محفوظ مواصلات کے شعبے میں بھارت کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، حکومتِ ہند کے محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی(ڈی ایس ٹی) کے تحت ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی) نے کرناٹک کے شہر بنگلورو میں واقع کیو این یو لیبز پرائیویٹ لمیٹڈ  کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) فنڈ سے 150 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

تین سو کروڑ روپے کی مجموعی لاگت والے اس منصوبے کا مقصد بھارت کے کوانٹم سکیور اور سینسنگ نیٹ ورکس (آئی کیو ایس این)کیلئے ایک مقامی ٹیکنالوجی کی بنیاد تیار کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت مختلف ٹیکنالوجیز کو تیاری کی سطح 4–5 سے آگے بڑھا کر سطح (ٹی آر ایل-9)تک پہنچایا جائے گا، جس سے کوانٹم سکیورٹی اور سینسنگ کی ایک خودمختار ٹیکنالوجی کے نظام کی تیاری، انضمام اور توثیق میں مدد ملے گی۔ یہ مالی معاونت اختیاری طور پر قابلِ تبدیل قرض (او سی ڈی) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

جیسے جیسے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے مختلف حصے ایک دوسرے سے زیادہ جڑتے جا رہے ہیں، ویسے ویسے آلات کی اصلیت کی تصدیق، نیویگیشن سسٹم کی درستگی، وقت کی ہم آہنگی کی قابلِ اعتماد کارکردگی اور مواصلات کی رازداری کو یقینی بنانا ایک اہم تکنیکی ترجیح بنتا جا رہا ہے۔کوانٹم ٹیکنالوجیز ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئے طریقے فراہم کرتی ہیں۔ یہ ٹیکنالوجیز خاص طور پر ان شعبوں میں اہم ہیں جہاں سائبر حملوں اور تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی خطرات کے باعث روایتی حفاظتی نظاموں کی صلاحیتیں محدود ہو سکتی ہیں۔کیو این یو لیبز کا مجوزہ پروگرام ان ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک مربوط نظام تیار کرے گا، جس کی بنیاد چار اہم ستونوں شناخت کا تحفظ ، مقام کی درستگی کا تحفظ ،نیٹ ورک سکیورٹی ،وقت کی درستگی کا تحفظ  پر ہوگی۔  

شناخت کے تحفظ کے ستون کے تحت، اس پروگرام میں کوانٹم سکیور فزیکل اَن کلون ایبل فنکشنز پی یو ایف اور کوانٹم سیف ٹرسٹڈ پلیٹ فارم ماڈیولز تیار کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ ان ٹیکنالوجیز کا مقصد ہارڈویئر کی بنیاد پر آلات کی منفرد شناخت، تصدیق اور خفیہ معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ان کے ذریعے آلات کی سطح پر اعتماد کو مضبوط بنانے اور ایسی کمزوریوں کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی جو شناخت کے چوری ہونے، متاثر ہونے یا اس کی نقل تیار کیے جانے سے پیدا ہوتی ہیں۔

مقام کی درستگی کے تحفظ کے ستون کا مقصد ایسی ٹیکنالوجیز تیار کرنا ہے جو قابلِ اعتماد نیویگیشن میں مدد دیں اور مقام کا تعین کرنے والے نظام میں چھیڑ چھاڑ یا جعلی سگنلز کے ذریعے دھوکا دینے کی کوششوں کا پتا لگا سکیں۔ اس منصوبے میں چھوٹے حجم کے کوانٹم میگنیٹومیٹرز شامل ہیں، جو برقی مقناطیسی اقدامات یا چھیڑ چھاڑ کا پتا لگانے اور جی پی ایس کے بغیر نیویگیشن کی صلاحیت فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ ان ٹیکنالوجیز کے ممکنہ استعمالات میں دفاعی شعبہ اور دیگر انتہائی اہم عملی نظام شامل ہیں۔

نیٹ ورک سکیورٹی کے تحت، اس پروگرام کا مقصد کوانٹم سکیور مواصلاتی نظام کو ترقی دینا ہے۔ اس میں چِپ پر مبنی کوانٹم کی ڈسٹری بیوشن(کیو کے ڈی)، سیٹلائٹ کے ذریعے کوانٹم کی ڈسٹری بیوشن اور معاون ٹیکنالوجیز، مثلاً کوانٹم سکیور مواصلاتی ماڈیولز اور خفیہ کاری کے نظام شامل ہیں۔ اس کا بنیادی مقصد ایسی قابلِ استعمال ٹیکنالوجیز تیار کرنا ہے جو زمینی اور طویل فاصلے کے مواصلاتی نیٹ ورکس میں محفوظ رابطے ممکن بنا سکیں۔

چوتھا ستون، یعنی وقت کی درستگی کا تحفظ ، مقامی طور پر تیار کیے جانے والے انتہائی درست وقت کی پیمائش کے بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اس میں ایٹمی گھڑیوں کی ٹیکنالوجی اور کیوکے ڈی کے ذریعے تصدیق شدہ وقت کی محفوظ ہم آہنگی کی تقسیم شامل ہے۔ وقت کی قابلِ اعتماد اور چھیڑ چھاڑ سے محفوظ ہم آہنگی ٹیلی مواصلات، مالیاتی نظام، اہم بنیادی ڈھانچے اور دفاعی سرگرمیوں کے لیے نہایت ضروری ہے۔

یہ چاروں ستون مل کر کوانٹم ٹیکنالوجی پر مبنی ایک مربوط قابلِ اعتماد نظام کی تشکیل میں مدد دینے کے لیے وضع کیے گئے ہیں۔ اس نظام کا مقصد آلات کی اصلیت کی تصدیق، محفوظ مواصلات، قابلِ اعتماد نیویگیشن اور چھیڑ چھاڑ سے محفوظ وقت کی ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔

اس پروگرام کے تحت مزید تحقیق، انجینئرنگ کے شعبے میں بہتری، مختلف نظاموں کے انضمام اور ان کی توثیق پر کام کیا جائے گا، تاکہ ان ٹیکنالوجیز کو تیاری اور عملی استعمال کی زیادہ بلند سطحوں تک پہنچایا جا سکے۔

ٹی ڈی بی کے سکریٹری، جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہا کہ کوانٹم ٹیکنالوجیز سائبر سکیورٹی، مواصلات، نیویگیشن اور اہم بنیادی ڈھانچے سے متعلق پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نئے امکانات پیدا کر رہی ہیں۔ ان باہم مربوط شعبوں میں مقامی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو فروغ دینا، بھارت کی تکنیکی خود انحصاری اور طویل مدتی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے۔

آر ڈی آئی فنڈ کے ذریعے، ٹی ڈی بی ایسی جدید ٹیکنالوجیز کی تیاری اور ترقی میں معاونت فراہم کر رہا ہے جنہیں تحقیق اور انجینئرنگ کے مرحلے سے آگے بڑھا کر مربوط اور عملی طور پر قابلِ استعمال نظاموں میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

کیو این یو لیبز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بانی نے کہا کہ کوانٹم ٹیکنالوجیز اس بات کا تعین کریں گی کہ مختلف ممالک اپنے مواصلاتی نظام، آلات، نیویگیشن اور وقت کی ہم آہنگی کے نظاموں کو کس طرح محفوظ بناتے ہیں۔ آر ڈی آئی فنڈ کے تحت ٹی ڈی بی کی معاونت ہمیں کوانٹم سکیورٹی کے نظام سے آگے بڑھتے ہوئے اپنی تحقیق و ترقی کے منصوبے کو تیز کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

ہماری توجہ چار باہم مربوط شعبوں ،  آلات کی شناخت، مقام کی درستگی کا تحفظ، نیٹ ورک سکیورٹی اور وقت کی درستگی کا تحفظ پر مرکوز ہوگی۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ بنیادی ڈھانچے میں ہارڈویئر کی سطح سے ہی اعتماد اور تحفظ کو شامل کیا جائے۔

یہ پروگرام کوانٹم سکیورٹی کی بنیاد کو مزید وسعت دیتے ہوئے چِپ پر مبنی اور سیٹلائٹ پر مبنی کوانٹم کی ڈسٹری بیوشن (کیو کے ڈی)، کوانٹم سینسنگ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)کے شعبوں تک لے جائے گا۔

ہم اس شراکت داری کو ایک ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ایسی مقامی ٹیکنالوجی کی صلاحیتیں تیار کی جائیں جن پر بھارت کے دفاعی، ٹیلی کام، مالیاتی اور اہم بنیادی ڈھانچے کے شعبے بھروسا کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، تعلیمی اداروں، اسٹارٹ اَپس اور صنعت کے ساتھ تعاون کے ذریعے وسیع تر کوانٹم ٹیکنالوجی کے نظام کو بھی مضبوط بنایا جائے۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ش ب ن

U.NO.6203


(ریلیز آئی ڈی: 2324362) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil