وزارت دفاع
دفاع کے وزیر مملکت نے آسام کے گوہاٹی میں این سی سی کے ریاستی نمائندوں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی خصوصی مشترکہ کانفرنس کی صدارت کی
شمال مشرقی خطے کی سات ریاستوں، سکم اور مغربی بنگال کے وزراء نے کانفرنس میں شرکت کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 OCT 2026 5:09PM by PIB Delhi
دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ نے 15 اکتوبر 2026 کو آسام کے گوہاٹی میں نیشنل کیڈٹ کور(این سی سی)کے زیر اہتمام ریاستی نمائندوں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی خصوصی مشترکہ کانفرنس 2026 میں شرکت کی۔ کانفرنس میں شمال مشرقی خطے، مغربی بنگال اور سکم میں این سی سی کی توسیع، اسے مضبوط بنانے اور اس کے مؤثر کام کاج سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دفاع کے وزیر مملکت نے یومِ جمہوریہ کیمپ(آر ڈی سی)میں شمال مشرقی ریاستوں کے کیڈٹس کی شرکت اور لڑکیوں کے کیڈٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سراہا، جو خواتین کو بااختیار بنانے میں این سی سی کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ این سی سی کی موجودہ تقریباً 17 لاکھ کیڈٹس کی تعداد بڑھا کر 20 لاکھ کی جائے۔ دفاع کے وزیر مملکت نے نوجوانوں میں ’’قوم سب سے پہلے‘‘ کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کانفرنس میں شریک تمام نو ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ این سی سی کی توسیع کے لیے قابلِ عمل منصوبے تیار کرکے ان پر عمل درآمد کریں، خاص طور پر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور کیڈٹس کے لیے تربیتی سہولتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔



دفاع کے وزیر مملکت نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’این سی سی ایک ایسی تحریک ہے جو ہندوستان کی نوجوان طاقت کو بااختیار بناتی ہے اور ہمارے نوجوانوں کو پراعتماد، نظم و ضبط کا پابند اور ملک کے لیے وقف بناتی ہے۔‘‘ انہوں نے تنظیم کی رسائی اور کارکردگی کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر تربیت، مناسب ادارہ جاتی تعاون اور تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
اس کانفرنس نے این سی سی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے،جس میں این سی سی کی رسائی بڑھانے، کیڈٹس کی فلاح و بہبود، تربیتی بنیادی ڈھانچے، ادارہ جاتی استحکام اور انتظامی چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ، سماجی خدمت اور کمیونٹی کی ترقی، کردار سازی، قیادت، قومی یکجہتی اور نوجوانوں میں خدمت کا جذبہ پیدا کرنے میں این سی سی کے تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا۔
شمال مشرقی خطے کی این سی سی ڈائریکٹوریٹ، نو گروپ ہیڈکوارٹرز اور 50 یونٹس کے ذریعے اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ اور تریپورہ سمیت سات ریاستوں میں خدمات فراہم کرتی ہے۔ اس خطے کے 1,645 تعلیمی اداروں میں این سی سی موجود ہے، جہاں کیڈٹس کی تعداد تقریباً 1.25 لاکھ ہے۔ اسی طرح، مغربی بنگال اور سکم کی این سی سی ڈائریکٹوریٹ چھ گروپ ہیڈکوارٹرز اور 56 یونٹس کے ذریعے خدمات فراہم کرتی ہے۔ اس کے تحت این سی سی کی سرگرمیاں 1,326 تعلیمی اداروں تک پھیلی ہوئی ہیں، جہاں تقریباً 1.25 لاکھ کیڈٹس ہیں۔
این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل وریندر وتس کی قیادت میں منعقدہ اس کانفرنس میں ایڈیشنل سکریٹری محترمہ دیپتی موہل چاولہ سمیت شریک ریاستوں اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، تریپورہ، مغربی بنگال اور سکم کے وزراء اور سینئر افسران بشمول وزارت دفاع اور این سی سی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
*****
) ش ح – م م ع - ف ر )
U.No. 6164
(ریلیز آئی ڈی: 2324023)
وزیٹر کاؤنٹر : 11