جل شکتی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جل جیون مشن 2.0 کے تحت کمیونٹی کی شراکت داری، آبی ذرائع کے پائیدار تحفظ اور خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لیےپینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمہ   نے ضلع کلکٹروں کے ساتھ 13ویں ’پینے کے پانی سے متعلق مکالمے‘ کا انعقاد کیا


اتر پردیش، تریپورہ، تمل ناڈو، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے پانچ اضلاع نے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کے انتظام میں اختراعی طریقے پیش کیے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 OCT 2026 3:08PM by PIB Delhi

جل شکتی  کی وزارت کےپینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کامحکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس)، نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع کلکٹروں کے ساتھ پینے کے پانی سے متعلق مکالمے کے 13ویں اجلاس کا انعقاد کیا۔ اس میں سینئر افسران، ضلع کلکٹروں/ضلع مجسٹریٹوں اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مشن ڈائریکٹروں نے شرکت کی اور جل جیون مشن(جے جے ایم) 2.0 کے نفاذ میں تیزی لانے اور بہترین طور طریقوں کے تبادلے پر تبادلۂ خیال کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261015151043_fba903.jpg

اس مکالمے کی صدارت پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمہ کے سکریٹری جناب اشوک کے کے مینا نے کی۔ قومی جل جیون مشن(این جے جے ایم) کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر جناب کمل کشور سون اور پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی  کےمحکمہ  کے   سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنے افتتاحی خطاب میں پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمہ کے سکریٹری جناب اشوک کے کے مینا نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا ایک اہم ذریعہ بن کر ابھرا ہے، جس کے ذریعے ضلع انتظامیہ اختراعی طریقوں کا تبادلہ کرنے اور دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی خدمات کی فراہمی کے دوران درپیش مسائل کو حل کرنے کے قابل ہوتی ہے۔ انہوں نے مقامی سطح پر آبی انتظام کو مضبوط بنانے، دیہی علاقوں میں  پانی کی فراہمی کے نظام کی مؤثر دیکھ بھال اور اس کے رکھ رکھاؤ کو یقینی بنانے اور مشن کے تحت تیار کیے گئے اثاثوں کے تئیں کمیونٹی کی ملکیت کے احساس کو فروغ دینے میں ضلع کلکٹروں کے اہم کردار پر زور دیا۔

پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمہ کے سکریٹری نے جوابدہی بڑھانے اور اعداد و شمار پر مبنی حکمرانی پر زور دیا۔ انہوں نے اضلاع کو ہدایت دی کہ ضلع میں  آبی و صفائی ستھرائی مشنوں (ڈی ڈبلیو ایس ایم)کے ماہانہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں اور اجلاسوں کی کارروائی کی تفصیلات بروقت ڈی ڈبلیو ایس ایم پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شفافیت، جواب دہی اور پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی نگرانی اور دستاویزات کی مناسب تیاری ناگزیر ہے۔

جل سیوا آکلن سے حاصل ہونے والے نتائج کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب مینا نے اضلاع پر زور دیا کہ وہ ڈیش بورڈ پر دستیاب فعالیت کی جانچ سے متعلق رپورٹوں اور ضلع سطح پر بہتری کے منصوبوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے معیار اور توانائی سے متعلق مسائل اب بھی کئی علاقوں میں خدمات کی فراہمی کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریاستوں اور اضلاع سے اپیل کی کہ وہ دیہی آبی فراہمی کی اسکیموں کو شمسی توانائی سے چلانے کے امکانات تلاش کریں، تاکہ خدمات کی بھروسے مندی اور عملی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے فیصلہ سازی کے معاون نظام (ڈی ایس ایس) کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا، جس میں زیرِ زمین پانی، بارش، ہائیڈرولوجیکل اور جل جیون مشن سے متعلق اعداد و شمار کو یکجا کیا گیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ شواہد پر مبنی منصوبہ بندی، پانی کی قلت والے علاقوں کی نشاندہی، آبی ذرائع کے پائیدار تحفظ کی منصوبہ بندی اور ضروری اقدامات کو ترجیح دینے کے لیے اس پلیٹ فارم کا استعمال کریں۔

پینے کے پانی کے پائیدار انتظام کی کوششوں کو دیگر قومی اقدامات سے مربوط کرنے کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے اضلاع پر زور دیا کہ وہ کمزور اور حساس علاقوں میں زیرِ زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے، آبی ذرائع کے تحفظ اور پانی بچانے کے اقدامات کے لیے وی بی-جی رام جی اور دیگر پروگراموں کے تحت باہمی اشتراک کے امکانات سے فائدہ اٹھائیں۔

سکریٹری موصوف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جل ارپن کے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو باضابطہ طور پر حوالے کیے جانے کے بعد، اضلاع کو جل ارپن ماڈیول کے ذریعے ان کے سرٹیفکیٹ اپنی اپنی مقامی زبانوں میں محفوظ رکھنے چاہئیں۔

قومی جل جیون مشن کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر جناب کمل کشور سون نے اپنے خطاب میں دیہی علاقوں کے پینے کے پانی کے نظام کو طویل مدت تک پائیدار بنانے کے لیے بنیادی سطح کے اداروں کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کے بہتر انتظام، آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے گرام پنچایتوں، گاؤں کی آبی و صفائی ستھرائی کمیٹیوں(وی ڈبلیو ایس سی)، پنچایت سکریٹریوں اور سجلم شکتی گروپس کی منظم تربیت اور صلاحیت سازی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع انتظامیہ ڈی ایس ایس پلیٹ فارم کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرے، پانی کی قلت والے علاقوں میں آبی ذرائع کے پائیدار تحفظ کی منصوبہ بندی کو مضبوط بنائے اور پینے کے پانی کے ذرائع کے تحفظ کے لیے جاری دیہی ترقیاتی اقدامات اور وی بی-جی رام جی کے ساتھ تال میل کو یقینی بنائے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261015151049_b4b9eb.jpg

جناب سون نے اضلاع کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہائر سیکنڈری اور سینئر اسکولوں کے طلبہ کے لیے متعدد دیہی علاقوں کو پانی فراہم کرنے والی اسکیموں، پانی صاف کرنے کے مراکز، تجربہ گاہوں اور سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن(ایس سی اے ڈی اے)سے لیس نظاموں کے مطالعاتی دوروں کا انتظام کریں، تاکہ نوجوان شہریوں میں آبی بنیادی ڈھانچے اور پانی کے تحفظ کے بارے میں گہری سمجھ  بوجھ پیدا ہو سکے۔

قومی جل جیون مشن کے ڈائریکٹر جناب وائی کے سنگھ نے جل ارپن ماڈیول پر ایک پیش کش دی، جس میں دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو باضابطہ طور پر شروع کرنے اور گرام پنچایتوں اور مقامی برادریوں کے حوالے کرنے کو یقینی بنانے میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے جل ارپن کی تیاری کے اہم مراحل، ڈی ٹی یو/ڈی ڈبلیو ایس ایس ایم ڈیش بورڈ کے ذریعے رپورٹنگ اور نگرانی کے نظام اور گرام پنچایت ڈیش بورڈ پر جل ارپن اور ہر گھر جل سرٹیفکیشن کے لیے ڈیجیٹل طریقۂ کار کی وضاحت کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آن لائن ماڈیول کے ذریعے رپورٹنگ اور سرٹیفکیشن کے مرحلہ وار عمل کے بارے میں رہنمائی بھی فراہم کی۔

اضلاع کی جانب سے پیش کشوں کے ذریعے بہترین اختراعی طور طریقوں کا تبادلہ

پینے کے پانی سے متعلق مکالمے کے دوران مجموعی طور پر پانچ اضلاع نے اپنی پیش رفت اور میدانی سطح پر اپنائے گئے بہترین طور طریقے پیش کیے، جن سے جل جیون مشن 2.0 کے تحت دیگر ریاستوں کے اضلاع کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ہر پیش کش متعلقہ ضلع کلکٹر/ضلع مجسٹریٹ نے پیش کی۔

- کانپور نگر، اتر پردیش — ضلع مجسٹریٹ اور کلکٹر جناب مہندر سنگھ تنور نے باقاعدہ جائزہ اجلاسوں، مختلف محکموں کے درمیان تال میل اور عوامی شراکت داری کے ذریعے خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لیے ضلع کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ ضلع میں پانی کے تحفظ، پانی کے معیار اور پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کے ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اسکولوں، کھیلوں کے کلبوں اور سماجی ذرائع ابلاغ کے پلیٹ فارموں کے ذریعے بڑے پیمانے پر اطلاعات، تعلیم اور مواصلات (آئی ای سی)کی سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں۔ تربیت یافتہ خواتین رضاکاروں کے ذریعے فیلڈ ٹیسٹ کٹس استعمال کرتے ہوئے پانی کے معیار کی کمیونٹی کی سطح پر نگرانی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ باقاعدہ تجربہ گاہی جانچ اور معیار کے آڈٹ سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ ضلع نے خدمات کی نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کے  طورطریقوں، جن میں ایس سی اے ڈی اے پر مبنی نظام، ڈیجیٹل شکایات کے ازالے کے پلیٹ فارم اور جل سارتھی ایپلی کیشن شامل ہیں، کے استعمال کو بھی پیش کیا۔ اس کے علاوہ، بنیادی ڈھانچے کے بہتر انتظام اور منصوبہ بندی کے لیے پینے کے پانی سے متعلق اثاثوں کی جغرافیائی اطلاعاتی نظام(جی آئی ایس)پر مبنی نقشہ سازی بھی کی جا رہی ہے۔

A screenshot of a video conferenceAI-generated content may be incorrect.

- مغربی تریپورہ، تریپورہ — ضلع مجسٹریٹ اور کلکٹر ڈاکٹر وشال کمار کی پیش کش میں گرام پنچایتوں، خود امدادی گروپوں اور مقامی برادریوں کی فعال شمولیت کے ذریعے پینے کے پانی کے نظام کے تئیں عوامی ملکیت کے احساس اور پائیداری کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ضلع نے صارفین سے وصول کیے جانے والے چارجز کی وصولی میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور گرام پنچایتوں کو پانی کی فراہمی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال، آبی ذرائع کے پائیدار تحفظ اور نگرانی کے سلسلے میں تربیت دینے کے لیے بڑے پیمانے پر صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کیے ہیں۔ خود امدادی گروپ ،بیداری پیدا کرنے، کمیونٹی کو متحرک کرنے اور سماجی آڈٹ سے متعلق سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس سے جوابدہی اور مقامی سطح پر عوامی شراکت داری کو فروغ مل رہا ہے۔ پانی کی دستیابی سے متعلق چیلنجوں کے پیش نظر، ضلع میں آبی ذخائر کے آب گیر علاقوں کا تحفظ، شجرکاری، چھتوں پر بارش کے پانی کو جمع کرنا، زیرِ زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنا اور استعمال شدہ پانی کے انتظام جیسے اقدامات کے ذریعے آبی ذرائع کے پائیدار تحفظ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ آبی ذرائع کی سائنسی بنیادوں پر نقشہ سازی، گاؤں کے آبی تحفظ کے منصوبوں کی تیاری اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کے ساتھ تال میل سے طویل مدتی آبی تحفظ کو مضبوط بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ ضلع نے پینے کے پانی سے متعلق اثاثوں کے پائیدار انتظام کو فروغ دینے کے لیے جل سکھیاں اور مقامی اداروں کی شمولیت سمیت کمیونٹی کی قیادت میں کی جانے والی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image004_20261015151102_9f5084.jpg

 تھنجاور، تمل ناڈو — ضلع کلکٹر  محترمہ آر ریوتی نے سائنسی منصوبہ بندی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے ذریعے پینے کے پانی کے تحفظ اور پائیداری کو مضبوط بنانے کے لیے اختیار کیے گئے اختراعی طریقوں کو پیش کیا۔ ضلع میں گاؤں کی سطح پر پانی کے بجٹ تیار کیے گئے ہیں، تاکہ پانی کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کا اندازہ لگایا جا سکے، زیرِ زمین پانی کی قلت والے علاقوں کی نشاندہی کی جا سکے اور پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے اور پانی کے تحفظ کے اقدامات میں سرمایہ کاری کے لیے رہنمائی حاصل ہو سکے۔ اس عمل میں عوامی شراکت داری کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے اور گرام پنچایتوں، گاؤں کی آبی و صفائی ستھرائی کمیٹیوں(وی ڈبلیو ایس سی)اور مقامی متعلقہ فریقوں کو منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں فعال طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ضلع نے طویل مدتی آبی تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے زیرِ زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے، چھتوں پر بارش کے پانی کو جمع کرنے، آبی ذخائر کی بحالی اور چھوٹے آب پاشی کے طریقوں کو بھی فروغ دیا ہے۔ انہوں نے پینے کے پانی کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ ان میں انٹرنیٹ آف تھنگز(آئی او ٹی) سے مربوط حقیقی وقت میں نگرانی کے نظام، ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور پانی کے بہاؤ کی نگرانی کے جدید طریقے شامل ہیں، جن کے ذریعے پانی کی فراہمی کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور پانی کے ضیاع کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پانی کے معیار کے انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے کم لاگت والے پانی کو جراثیم سے پاک کرنے کے نظام بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ سکریٹری نے پانی کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں ضلع کی کوششوں کو سراہا اور اختراعی طریقوں پر غور کرنے کی حوصلہ افزائی کی، جن میں موزوں علاقوں میں دیہی آبادی کو مسلسل پانی فراہم کرنے کے امکان کا جائزہ لینا بھی شامل ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image005_20261015151109_0cc10c.jpg

 بارگڑھ، اڈیشہ — ضلع مجسٹریٹ اور کلکٹر جناب آدتیہ گوئل نے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے ضلع کے منظم طریقۂ کار کو پیش کیا، جس میں تین مراحل یعنی منصوبوں کی تکمیل، باضابطہ آغاز اور آپریشن و دیکھ بھال شامل ہیں۔ مختلف محکموں کے درمیان مضبوط تال میل سے زمین، بجلی کی فراہمی، جنگلات سے متعلق منظوریوں اور راستے کے حقوق سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں مدد ملی ہے، جس کے نتیجے میں پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بروقت پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔ ضلع نے ماہانہ جائزے کے نظام کو بھی ادارہ جاتی شکل دی ہے اور اسکیموں کے باضابطہ آغاز کے مرحلے میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنایا ہے، تاکہ پانی کے رساؤ، غیر مجاز کنکشن اور متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی جیسے مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں حل کیا جا سکے۔ بارگڑھ نے شکایات کے فوری ازالے کے انتظامات، میدانی سطح پر باقاعدہ معائنے اور پانی کے معیار کی وقتاً فوقتاً نگرانی کے ذریعے خدمات کی فراہمی کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ ضلع نے متعدد دیہی علاقوں کو پانی فراہم کرنے والی بڑی اسکیموں کے ذریعے قابلِ اعتماد آبی فراہمی یقینی بنانے میں نمایاں کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا، جن میں آئی آئی ایم سنبل پور کو چوبیسوں گھنٹے پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی شامل ہے۔ یہ تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ پینے کے پانی کی قابلِ اعتماد خدمات فراہم کرنے کے لیے مؤثر منصوبہ جاتی انتظام، عوامی شراکت داری اور مسلسل نگرانی کتنی اہم ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image006_20261015151115_155d89.png

 پلامو، جھارکھنڈ — ضلع مجسٹریٹ اور کلکٹر جناب دلیپ پرتاپ سنگھ شیکھاوت نے نگرانی کے مضبوط نظام کو اجاگر کیا، جس میں پینے کے پانی کی اسکیموں کی فعالیت پر نظر رکھنے کے لیے باقاعدہ جائزہ اجلاس، ضلع کی سطح پر ایک مخصوص کنٹرول روم اور شکایات کے ازالے کے نظام شامل ہیں۔ پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو حوالے کیے جانے کے بعد اس کے مؤثر آپریشن اور دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے گاؤں کی آبی و صفائی ستھرائی کمیٹیوں (وی ڈبلیو ایس سی)اور مقامی سطح کے اداروں کی صلاحیت سازی کی جا رہی ہے۔ ضلع نے آبی ذرائع کے پائیدار تحفظ اور عوامی شراکت داری کے لیے اختراعی طریقوں کو بھی پیش کیا۔ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا)اور دیگر پروگراموں کے ساتھ تال میل کے ذریعے زیرِ زمین پانی کی سطح کو دوبارہ بلند کرنے اور بارش کے پانی کو جمع کرنے سے متعلق کام کیے جا رہے ہیں، جبکہ انٹرنیٹ آف تھنگز(آئی او ٹی)سے مربوط نگرانی کے نظام پانی کی فراہمی کی اسکیموں کی حقیقی وقت میں نگرانی میں مدد دے رہے ہیں۔ جل سہیا، آنگن واڑی کارکنوں اور صحت سہیا کے مشترکہ تعاون سے کمیونٹی کی سطح پر پانی کے معیار کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ضلع نے اپنی جل کر بھگتان مہم کو بھی اجاگر کیا، جس کا مقصد صارفین سے وصول کیے جانے والے چارجز کی وصولی کو مضبوط بنانا اور عوامی ملکیت کے زیادہ احساس اور مالیاتی انتظام میں شفافیت کے ذریعے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کے پائیدار آپریشن اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image007_20261015151121_2cb0d9.jpg

ان پیش کشوں میں جل جیون مشن کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں، درپیش چیلنجوں اور بہترین طور طریقوں کو اجاگر کیا گیا، جن سے ہر گھر جل کے تحت پیش رفت تیز کرنے کے لیے اپنائے گئے مختلف طریقۂ کار کی عکاسی ہوتی ہے۔

*****

) ش ح –  م   م      ع  -  ف ر )

U.No. 6154


(ریلیز آئی ڈی: 2324009) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी