کوئلے کی وزارت
کوئلے کی وزارت خصوصی مہم 6 کے تحت صفائی اور الیکٹرانک کچرے کے انتظام کی کوششوں کو تیز کر رہی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 OCT 2026 4:05PM by PIB Delhi
کوئلے کی وزارت خصوصی مہم 6 کے نفاذ کے مرحلے کے تحت اپنے دفاتر اور سرکاری شعبے کے اداروں میں صفائی ستھرائی، جگہ کے مؤثر استعمال اور کچرے کے ذمہ دارانہ طریقے سے نمٹانے کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کر رہی ہے۔
اس مہم کے حصے کے طور پر نئی دہلی میں جی پی او اے-3 کی مرکزی داخلی لابی میں مخصوص کیوسک پر الیکٹرانک کچرا جمع کرنے کی مہم چلائی گئی۔ مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جناب جی کشن ریڈی اور وزیر مملکت برائے کوئلہ و کانکنی جناب ستیش چندر دوبے نے ناکارہ الیکٹرانک اشیا کیوسک میں جمع کرا کے اس مہم میں حصہ لیا۔ اس سرگرمی کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری اور وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کے لیے الیکٹرانک کچرے کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانے، منظم طریقے سے جمع کرنے اور سائنسی انداز میں اس کی ری سائیکلنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔


مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کوئلے کی وزارت نے کول انڈیا لمیٹڈ (سی آئی ایل) اور اس کی ذیلی کمپنیوں، این ایل سی انڈیا لمیٹڈ (این ایل سی آئی ایل)، سنگارینی کولیریز کمپنی لمیٹڈ (ایس سی سی ایل) اور کول مائنز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (سی ایم پی ایف او) کے نوڈل افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں جاری سرگرمیوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور عمل درآمد میں تیزی لانے، مہم کی رفتار برقرار رکھنے اور تمام نشان زدہ کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کوئلے کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب سنجیو کمار کسی نے شریک اداروں سے اپنی کوششیں تیز کرنے اور مہم کے اہداف بروقت حاصل کرنے کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔


خصوصی مہم 6 کے تحت کوئلے کی وزارت کے ماتحت مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں نے صفائی ستھرائی اور جگہ کے بہتر انتظام کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ مہم کے نفاذ کے مرحلے کی نصف مدت مکمل ہونے تک 562 مقامات کی صفائی کرکے ان کی حالت بہتر بنائی جا چکی ہے۔ یہ کوششیں کام کی جگہوں کے ماحول کو بہتر بنانے، غیر استعمال شدہ اور بے ترتیبی سے بھرے مقامات کو صاف کرنے اور دفاتر و میدانی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کے بہتر استعمال کو فروغ دینے کے لیے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔


ای سی ایل نے پانڈویشور علاقے میں 15,000 مربع فٹ رقبے پر بڑے پیمانے پر صفائی اور تزئین کاری کی مہم چلائی۔ اس مہم کے دوران جنگلی پودوں، جھاڑیوں، گھاس پھوس اور جمع شدہ ملبے کو ہٹایا گیا، جس سے احاطے کی صفائی، تحفظ اور ظاہری حالت میں نمایاں بہتری آئی۔


ڈبلیو سی ایل: خصوصی مہم 6 کے تحت ڈبلیو سی ایل کے صدر دفتر کے سکیورٹی محکمے نے کم استعمال ہونے والی جگہ کو جدید اور منظم کارپوریٹ سکیورٹی دفتر میں تبدیل کر دیا۔ یہ پہل موجودہ بنیادی ڈھانچے کے مؤثر استعمال کے ذریعے کام کی جگہ کو زیادہ کارآمد اور منظم بنانے کی مثال پیش کرتی ہے۔
ان مشترکہ کوششوں کے ذریعے کوئلے کی وزارت اور اس کے مرکزی سرکاری شعبے کے ادارے صفائی مہمات، کچرے کو سائنسی طریقے سے نمٹانے اور دستیاب جگہوں کے بہتر استعمال جیسےمقاصد کو یکجا کرتے ہوئے خصوصی مہم 6.0 کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہ مہم کوئلے کے شعبے میں صفائی، جواب دہی اور عملی کارکردگی کے کلچر کو مسلسل مضبوط کر رہی ہے۔
ش ح۔ ش ب۔ ج
UNO- 6155
(ریلیز آئی ڈی: 2323966)
وزیٹر کاؤنٹر : 9