اقلیتی امور کی وزارت
اقلیتی امور کی وزارت نے صفائی ستھرائی، کارکردگی اور دفتری انتظام کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی مہم 6.0 کا آغاز کیا
اس مہم میں زیر التوا معاملات کو کم کرنے، ریکارڈ کے بہتر انتظام، ای - فضلے کو ذمہ داری کے ساتھ نمٹارے ، پائیدار صفائی ستھرائی اور دفتر کی جگہ کے بہترین استعمال پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 OCT 2026 3:55PM by PIB Delhi
اقلیتی امور کی وزارت 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر ، 2026 ء تک خصوصی مہم 6.0 چلا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد ، صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی نظام کا حصہ بنانا، زیر التوا معاملات کو کم کرنا، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنانا، ای – فضلے کو ذمہ داری کے ساتھ نمٹانے کو فروغ دینا اور وزارت نیز اس سے وابستہ اداروں میں دفتر کی جگہ کے بہترین استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
اس مہم کے تحت کام کی جگہوں کی صفائی ستھرائی اور غیر ضروری سامان کو ہٹانے، پرانی اور نا قابل استعمال اشیا اور استعمال میں نہ آنے والے بے کار سامان کی نشاندہی کرکے ، انہیں نمٹانے ، غیر ضروری مواد کو صاف کرنے اور ایسی جگہ خالی کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ، جسے زیادہ مفید کاموں کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ ماحول کو سرسبز اور صحت مند بنانے اور ماحولیاتی ذمہ داری کے پیغام کو مضبوط کرنے کے لیے شجر کاری مہم بھی چلائی گئی۔

خصوصی مہم 6.0 کے تحت ، ای – ویسٹ کے ذمہ دارانہ انتظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزارت مقررہ ضابطوں کے مطابق پرانے الیکٹرانک سامان اور بجلی کے آلات کی نشاندہی، علیحدہ کرنے ، جمع کرنے اور مجاز ذرائع کے ذریعے ، انہیں ٹھکانے لگانے کے لیے منظم اقدامات کر رہی ہے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے ، وزارت اس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہے کہ اپنی کار آمد مدت پوری کرچکی تمام الیکٹرانک اشیا ء کو ماحولیات کے تحفظ کے تقاضوں کے مطابق نمٹایا جائے ۔
اس مہم میں مقررہ ضابطوں کے مطابق سرکاری ریکارڈ کا منظم جائزہ لینے اور اس کے انتظام پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ ریکارڈ کا جائزہ لینے اور مقررہ مدت پوری ہونے پر غیر ضروری ریکارڈ کو تلف کرنے سے ریکارڈ کے انتظام کو مضبوط بنانے، معلومات تک رسائی کو آسان بنانے اور دفتری نظام کو زیادہ منظم اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
زیر التوا ء معاملات کو کم کرنا بھی ، اس مہم کا ایک اہم مقصد ہے۔ جاری کوششوں کے تحت ، وزارت زیر التوا مراسلات اور معاملات کا منظم جائزہ لے رہی ہے، تاکہ مقررہ مدت کے اندر انہیں بروقت نمٹایا جا سکے۔ ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت شکایات کا مؤثر ازالہ اور زیر التوا معاملات کو بروقت نمٹانا بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ان مسلسل کوششوں کے ذریعے اقلیتی امور کی وزارت خصوصی مہم 6.0 کے تحت ٹھوس نتائج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزارت صاف ستھرا، منظم، مؤثر اور ماحولیات کے تئیں ذمہ دارانہ طرزِ عمل پر مبنی دفتر کا ماحول قائم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کر رہی ہے۔
..................................................... ...................................................
) ش ح – ا ع خ - ع ا )
U.No. 6066
(ریلیز آئی ڈی: 2323302)
وزیٹر کاؤنٹر : 17