وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

مشق ترنگ شکتی :2026 شراکت داری میں قوت، خود انحصاری میں طاقت

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 OCT 2026 5:42PM by PIB Delhi

مشق ترنگ شکتی 2026 کا دوسرا ایڈیشن، جس کی میزبانی بھارتی فضائیہ نے 26 ستمبر سے 12 اکتوبر 2026 تک ایئر فورس اسٹیشن جودھپور میں کی، شراکت دار فضائی افواج کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے روابط اور علاقائی و عالمی سلامتی میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر اس کے ابھرتے ہوئے کردار کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ ’شراکت داری میں قوت‘ (پاور ان پارٹنر شپ) کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والی اس کثیر ملکی فضائی مشق میں سات دوست ممالک یعنی آسٹریلیا، بنگلہ دیش، فرانس، جرمنی، سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ 32 مبصر ممالک بھی شرکت کر رہے ہیں۔ ان ممالک کی شرکت ہندوستان کی عملی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ معیار اور مسلسل وسعت پذیر فضائی و دفاعی شعبے میں بین الاقوامی دلچسپی میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔

سال 2024  میں منعقدہ پہلے ایڈیشن کی کامیابی کی بنیاد پر، ترنگ شکتی 2026 نے پیچیدہ مشترکہ مشنوں، عملی تجربات کے تبادلے اور شریک فضائی افواج کے درمیان باہمی تال میل کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس مشق میں لڑاکا طیاروں، نقل و حمل، نگرانی اور فضا میں طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے کی مختلف صلاحیتوں کو یکجا کیا گیا، جس سے فضائی عملے، مشن کی منصوبہ بندی کرنے والوں اور معاون عملے کو ایک دوسرے کے عملی نظریات اور طریقہ کار کو سمجھنے کے قیمتی مواقع ملے۔ بڑی تعداد میں مبصر ممالک کی موجودگی نے بھی اس مشق کی تزویراتی (اسٹریٹیجک )اہمیت کو مزید وسعت دی اور تعمیری دفاعی روابط اور بین الاقوامی تعاون کے تئیں ہندوستان کے عزم کو تقویت بخشی۔

اس مشق کی عصری اہمیت آپریشن سندور میں فضائی طاقت کے فیصلہ کن کردار سے مزید اجاگر ہوتی ہے، جس نے قومی سلامتی کے مقاصد کے حصول کے لیے درست، متوازن اور مؤثر کارروائیاں انجام دینے کی بھارتی فضائیہ کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ اس آپریشن نے پیچیدہ سکیورٹی  کے ماحول میں عملی تیاری، مربوط منصوبہ بندی، قابل اعتماد ڈیٹرینس اور فضائی طاقت کے مؤثر استعمال کی اہمیت کو نمایاں کیا۔ عملی کارروائیوں سے حاصل ہونے والا تجربہ، پیشہ ورانہ فہم کو فروغ دینے اور جدید جنگ کے بدلتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری میں ترنگ شکتی جیسی کثیر ملکی مشقوں کی افادیت کو مزید تقویت دیتا ہے۔

دفاعی شعبے میں خود انحصاری، تکنیکی اعتبار سے ترقی یافتہ اور خود کفیل ملک کے طور پر ہندوستان کے وژن کا ایک بنیادی حصہ ہے۔ مقامی طور پر تیار کردہ پلیٹ فارموں، جن میں ہلکا جنگی طیارہ (ایل سی اے) تیجس اور ہلکا جنگی ہیلی کاپٹر (ایل سی ایچ) پرچنڈ شامل ہیں، کی شرکت مقامی ڈیزائن، انجینئرنگ اور تیاری کے ذریعے جدید فضائی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کرتی ہے۔ بین الاقوامی پلیٹ فارموں کے ساتھ ان کی موجودگی جدید فوجی نظام تیار کرنے اور انہیں عملی طور پر استعمال کرنے کی ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔ ترنگ شکتی شراکت دار ممالک کو ہندوستان کی فضائی اور دفاعی صنعت کی صلاحیتوں سے واقف ہونے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے، جو حکومت ہند کے ’آتم نربھر بھارت‘ کے وژن اور دفاعی جدت طرازی و تیاری میں ہندوستانی صنعت کے بڑھتے ہوئے کردار سے ہم آہنگ ہے۔

ترنگ شکتی کا دائرہ پروازی سرگرمیوں سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ صنعتی دوروں کے ذریعے شریک دستوں کو ہندوستان کے وسعت پذیر فضائی شعبے، دفاعی تیاری اور تکنیکی نظام سے واقف ہونے کا موقع ملتا ہے، جب کہ پیشہ ورانہ ملاقاتیں علم اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دیتی ہیں۔ یوگا سیشن، تاریخی ورثے کے مقامات کے دورے اور دیگر باہمی سرگرمیاں شرکا کو ہندوستان کی روایات اور ثقافتی اقدار سے روشناس ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ بین الاقوامی شب(انٹرنیشنل نائٹ ) شریک ممالک کی متنوع ثقافتوں اور روایات کے جشن کا موقع ہوتا ہے، جو عملی سرگرمیوں کے دائرے سے باہر باہمی رفاقت اور ایک دوسرے کو سمجھنے کے جذبے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

عوام تک رسائی بھی اس مشق کا ایک اہم پہلو رہی ہے۔ اوپن ڈے میں 20000 سے زیادہ افراد نے شرکت کی، جس سے عوام کو بھارتی فضائیہ کی طاقت کا مشاہدہ کرنے اور اس کے طیاروں، عملی (آپریشنل) صلاحیتوں اور اہلکاروں کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔ اس طرح کی سرگرمیاں مسلح افواج اور شہریوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں، ساتھ ہی نوجوان نسل کو ہوا بازی، قومی سلامتی اور ملک کی خدمت کے بارے میں جاننے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔

ہندوستانی فضائیہ کے 94ویں یوم تاسیس کے موقع پر اس مشق کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ 9 دہائیوں سے زیادہ عرصے میں بھارتی فضائیہ نے ایک محدود قوت سے ترقی کرتے ہوئے ایک جدید، کثیر جہتی فضائی طاقت کی شکل اختیار کرلی ہے، جس کی عملی(آپریشنل)  رسائی میں توسیع ہوئی ہے، جدید پلیٹ فارموں اور مربوط صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور مقامی تکنیکی بنیاد مسلسل مضبوط ہوئی ہے۔ اس کا عملی تجربہ، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل جدید کاری ایک ایسے ادارے کی عکاسی کرتی ہے جو مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں کے لیے تیار رہتے ہوئے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مشق ترنگ شکتی 2026 اس تبدیلی کے سفر کی نمایاں مثال ہے۔ عملی صلاحیت، مقامی جدت طرازی، بین الاقوامی روابط اور عوامی رسائی کو یکجا کرکے یہ مشق قومی سلامتی، دفاعی خود انحصاری اور دیرپا شراکت داریوں کے تئیں ہندوستان کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ بھارتی فضائیہ کے 94ویں یوم تاسیس کے موقع پر ’شراکت داری میں قوت‘ کا نعرہ اس کے نقطہ نظر کے ایک بنیادی اصول یعنی  ایک مضبوط، باصلاحیت اور خود کفیل فضائیہ، کی عکاسی کرتا ہے جو امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے قابل اعتماد شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

******

U-NO- 5035

ش ح۔م م ۔  ع د


(ریلیز آئی ڈی: 2322411) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil