وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

ماہی پروری کے محکمے کے مرکزی سکریٹری ڈاکٹر ابھلکش لکھی نے مدورئی کے آرائشی ماہی پروری کے کلسٹر کا دورہ کیا اور اور ان کی افزائش کرنے والے کسانوں سے بات چیت کی


مرکزی سکریٹری نے آرائشی مچھلیوں کی پرورش کو فروغ دینے کیلئے معیاری افزائشی مچھلیوں، سائنسی طریقۂ  کار، حیاتیاتی تحفظ اور منڈیوں سے روابط پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 OCT 2026 3:05PM by PIB Delhi

ہندوستانی حکومت کی ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری کی وزارت کے ماہی پروری کے محکمے کے سکریٹری ڈاکٹر ابھلکش لکھی نے 12 اکتوبر 2026 کو تمل ناڈو کے مدورئی ضلع کے میلور میں موکام پٹی گاؤں واقع پدیمونیشورر مربوط آرائشی مچھلی فارم کا دورہ کیا۔ ہندوستانی حکومت نے پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا (پی ایم ایم ایس وائی)کے تحت تمل ناڈو کے مدورئی کو آرائشی مچھلی پروری کے کلسٹر کے طور پر نشاندہی کی ہے۔

اس دورے کا مقصد آرائشی مچھلی پروری میں ہونے والی پیش رفت اور اس کے امکانات کا جائزہ لینا، مچھلی پالنے والے کسانوں اور کاروباری افراد سے بات چیت کرنا اور آرائشی مچھلی پروری کے کلسٹر کی ترقی کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

بات چیت کے دوران مرکزی سکریٹری نے مچھلی پالنے والے کسانوں اور کاروباری افراد کے ساتھ آرائشی مچھلیوں کی اقسام، افزائشی مچھلیوں اور مچھلی کے بیج کی دستیابی، پانی کے معیار، آبی جانوروں کی صحت، نقل و حمل اور فروخت کے انتظامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے سائنسی طریقوں سے افزائش اور پرورش، زیادہ قدر رکھنے والی مقامی انواع کے فروغ اور ٹیکنالوجی، ادارہ جاتی مالی معاونت اور منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔

حکومت کے کلسٹر پر مبنی ترقیاتی طریقۂ کار پر زور دیتے ہوئے، سکریٹری نے کہا کہ ملک بھر میں شناخت شدہ ماہی پروری کے 34 کلسٹروں کو مربوط اقدامات کے ذریعے ترقی دی جا رہی ہے۔ ان اقدامات میں پیداوار، خام مال اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، صلاحیت سازی، پروسیسنگ، قدر میں اضافہ، برانڈنگ، نقل و حمل اور رسد کے انتظامات اور منڈیوں سے روابط کو فروغ دینا شامل ہے۔ اس طریقۂ کار کا مقصد قدر پر مبنی پوری زنجیر میں موجود خامیوں کو دور کرنا، مسابقتی صلاحیت بڑھانا اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔

پدیمونیشورر مربوط آرائشی مچھلی فارم پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا (پی ایم ایم ایس وائی) کے تحت 25 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا تھا۔ اس فارم میں گپی، پلیٹی، مولی، سوورڈ ٹیل، گولڈ فش، کوئی کارپ، سی چلڈ اور فائٹر فش سمیت آرائشی مچھلیوں کی 30 سے زیادہ اقسام کی افزائش اور پرورش کی جاتی ہے۔ سالانہ چار پیداواری ادوار کے ساتھ، اس یونٹ میں ہر سال تقریباً 2 لاکھ آرائشی مچھلیوں کے بچے تیار کیے جاتے ہیں اور اس سے سالانہ تقریباً 3.75 لاکھ روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔ یہ فارم تمل ناڈو اور کیرالم کی مقامی منڈیوں میں آرائشی مچھلیاں فراہم کرتا ہے۔

 

 

 

 

پس منظر

ہندوستان کے ماہی پروری کے شعبے نے نمایاں پیش رفت کی ہے اور 2024-25 کے دوران مچھلی کی پیداوار بڑھ کر 197.75 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ عالمی تجارت میں درپیش چیلنجوں کے باوجود، 2025-26 میں سمندری مصنوعات کی برآمدات بڑھ کر 73,890 کروڑ روپے کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ یہ کامیابی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ماہی گیروں و مچھلی پالنے والے کسانوں کی روزی روٹی میں اس شعبے کے بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔

آرائشی مچھلی پروری، ماہی پروری کے شعبے کا ایک خصوصی اور زیادہ قدر و قیمت رکھنے والا حصہ ہے۔ اس میں مچھلیوں کی افزائش اور پرورش، افزائش کے لیے بنیادی مچھلیوں اور مچھلی کے بچوں کی پیداوار، زندہ خوراک، آبی پودے، ایکویریم کے لوازمات، خوراک اور صحت سے متعلق مصنوعات، خوردہ فروشی، نقل و حمل اور برآمدات شامل ہیں۔ ہندوستان میں آرائشی مچھلیوں کی حیاتیاتی گوناگونی بہت زیادہ ہے۔ یہاں میٹھے پانی کی آرائشی مچھلیوں کی 374 سے زیادہ مقامی انواع اور سمندری آرائشی مچھلیوں کی 700 سے زیادہ مقامی انواع پائی جاتی ہیں۔

پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا (پی ایم ایم ایس وائی) کے تحت ملک بھر میں آرائشی مچھلیوں کی پرورش اور مربوط افزائش و پرورش کے 2,672 یونٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ان میں پرورش کے 2,465 یونٹ اور مربوط سرگرمیوں کے 207 یونٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، 2024-25 تک میٹھے پانی کی آرائشی مچھلیوں کے افزائشی ذخیرے کے 5 مراکز اور تفریحی ماہی پروری کے 144 یونٹوں کو منظوری دی گئی، جن کے لیے مجموعی طور پر 230.45 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری منظور کی گئی۔

ہندوستانی زرعی تحقیقاتی کونسل کے تحت مرکزی میٹھے پانی کی آبی زراعت کے ادارے کے مطابق، ہندوستان میں آرائشی مچھلیوں کی صنعت کی مالیت تقریباً 3,000 کروڑ روپے لگائی گئی ہے۔ اس میں آرائشی مچھلیوں کی افزائش، پرورش اور تجارت، ایکویریم کے لوازمات، آبی پودے اور آرائشی مصنوعات شامل ہیں۔ اس شعبے میں چھوٹے کاروباری اداروں، خواتین کے خود امدادی گروپوں، دیہی نوجوانوں، نئے کاروباری اداروں اور دیگر کاروباری افراد کے لئے روزگار اور کاروبار کے وسیع امکانات موجود ہیں، کیونکہ اسے نسبتاً کم زمین اور آبی وسائل کے ساتھ بھی شروع کیا جا سکتا ہے۔

سمندری مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کی اتھارٹی کے شائع کردہ تازہ ترین مکمل سالانہ اعداد و شمار کے مطابق، ہندوستان نے 2024-25 کے دوران تقریباً 59.73 ٹن آرائشی مچھلیوں کی مصنوعات برآمد کیں، جن کی مالیت 16.94 کروڑ روپے تھی۔ اگرچہ ہندوستان میں میٹھے پانی اور سمندر میں پائی جانے والی آرائشی مچھلیوں کی وسیع اقسام موجود ہیں، تاہم زیادہ قدر والی انواع کی تجارتی پیمانے پر افزائش، مقامی اقسام کے فروغ، معیار کی بہتر ضمانت، تصدیق، سراغ رسانی، حیاتیاتی تحفظ اور زندہ مچھلیوں کی نقل و حمل کے مؤثر انتظامات کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ن ع

U.NO.5017


(ریلیز آئی ڈی: 2322308) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil