وزارتِ تعلیم
یووا سنگم کے ساتویں مرحلے کے دورے کے دوران اتراکھنڈ کے وفد کی مغربی بنگال کے گورنر جناب آر۔ این۔ روی سے ملاقات
یووا سنگم کے ساتویں مرحلے کے تحت اتراکھنڈ کے وفد کا مغربی بنگال کے ثقافتی ورثے کا جائزہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 OCT 2026 1:37PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے ایک بھارت شریشٹھ بھارت پروگرام کے تحت یووا سنگم کے ساتویں مرحلے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور ملک کے نوجوانوں کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت باہم مربوط 20 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے شرکا کو ہندوستان کی متنوع ثقافتی روایات، تعلیمی اداروں، اختراعی نظام اور ترقیاتی اقدامات سے واقف ہونے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، جس سے تنوع میں اتحاد کے قومی تصور کے تئیں ان کی قدر شناسی مزید گہری ہوتی ہے۔
ہیم وتی نندن بہوگنا گڑھوال یونیورسٹی کو اپنا رابطہ ادارہ بنانے والے اتراکھنڈ کے وفد کا مغربی بنگال کا دورہ 7 اکتوبر 2026 کو پرتپاک استقبال کے ساتھ شروع ہوا۔ اس کے ساتھ ہی ثقافتی تبادلے، عملی تجربات کے ذریعے سیکھنے اور باہمی تفہیم کے ایک مفید سفر کا آغاز ہوا۔ اس وفد کی میزبانی آئی آئی ٹی کھڑگ پور کر رہا ہے، جو نوجوان شرکا کو ریاست کے مالا مال ثقافتی اور روحانی ورثے، متنوع روایات اور تعلیمی منظرنامے کو جاننے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
دورے کے دوران وفد کے ارکان نے 8 اکتوبر 2026 کو گورنر آر۔ این۔ روی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکھنے کے عمل، ثقافتی تبادلے اور ملک کے مختلف حصوں کے نوجوانوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر بامعنی تبادلۂ خیال ہوا۔ اس ملاقات کے ذریعے اتراکھنڈ کے وفد کے طلبہ اور اساتذہ کو قیمتی معلومات اور نقطہ ہائے نظر حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال کی منفرد ثقافتی شناخت اور روایات کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔
ثقافتی ورثے سے واقفیت کے سلسلے میں اتراکھنڈ کے وفد کے ارکان نے 9 اکتوبر 2026 کو کولکاتا میں پرنسپ گھاٹ اور سندربن کا دورہ کیا۔ دریائے ہوگلی کے کنارے واقع پرنسپ گھاٹ شہر کے معروف مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں شرکا کو کولکاتا کی تاریخی دلکشی، دلفریب قدرتی ماحول اور پُررونق فضا کا تجربہ کرنے کا موقع ملا، جس سے یووا سنگم کے تحت ان کے سفر میں ایک اور یادگار پہلو کا اضافہ ہوا۔
یہ دورہ ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو نئی جگہوں کی سیر کرنے، مختلف برادریوں کے لوگوں سے میل جول بڑھانے اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہوکر دیرپا دوستی قائم کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ ایسے تجربات کے ذریعے یووا سنگم کا ساتواں مرحلہ قومی یکجہتی، ثقافتی ہم آہنگی اور ہندوستان کے مالا مال تنوع کی قدر و ستائش کو مسلسل فروغ دے رہا ہے۔
مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نوجوانوں کو ایک ساتھ لاکر یووا سنگم ایک مربوط، جامع اور متحد ہندوستان کے تصور کو تقویت پہنچاتا ہے، جہاں مشترکہ تجربات اور باہمی احترام ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے رشتوں کو مزید مستحکم بناتے ہیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 4971
(ریلیز آئی ڈی: 2321961)
وزیٹر کاؤنٹر : 7