نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
ڈاکٹر منسکھ مانڈویا وارانسی میں فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کے 94ویں پروگرام کی قیادت کریں گے
فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کے 94ویں پروگرام میں ایشیائی کھیلوں کے تمغہ یافتگان کے ساتھ وارانسی میں فٹنس کے لیے سائیکلنگ کی جائے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 OCT 2026 1:08PM by PIB Delhi
نئی دلّی/وارانسی 10 اکتوبر 2026 : فٹنس، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور منشیات سے مبرا بھارت کے پیغام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے، فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کے 94ویں پروگرام کا انعقاد 11 اکتوبر ، 2026 ء کو وارانسی میں کیا جائے گا۔ یہ پروگرام صبح 6 بجے سے نمو گھاٹ سے دِکشا منڈپ، سمپورنا نند سنسکرت یونیورسٹی تک کے راستے پر منعقد ہوگا۔
’’ وکست بھارت کے لیے منشیات سے مبرا نوجوان ‘‘ کے موضوع پر مبنی ، اس مہم میں نوجوانوں، فٹنس کے تئیں بیدار افراد، شہریوں اور کھیلوں کی نامور شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا، تاکہ فعال طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوانوں کو منشیات کے استعمال سے دور رہنے کی ترغیب دی جا سکے۔
اس پروگرام میں شہری، نوجوان، فٹنس کے تئیں بیدار افراد اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔ اس کا مقصد سائیکلنگ کو فعال طرزِ زندگی اپنانے کا ایک آسان، قابلِ رسائی اور پائیدار ذریعہ قرار دیتے ہوئے ، اسے فروغ دینا ہے۔
اجتماعی شرکت کے ذریعے ، اس مہم کا مقصد ، اس پیغام کو مضبوط بنانا ہے کہ فٹنس روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہے اور کھیل کود و جسمانی سرگرمیاں ایک صحت مند، مضبوط اور منشیات سے مبرا بھارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

نوجوانوں کے امور اور کھیل کود نیز محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا ، اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں ، ان کھلاڑیوں کی شرکت بھی ہوگی، جنہوں نے 2026 ء کے آئچی-ناگویا ایشیائی کھیلوں میں اپنی کارکردگی سے ، ملک کا نام روشن کیا۔
پراچی چودھری نے خواتین کی 400 میٹر دوڑ میں کانسے کا تمغہ جیتا، جب کہ پارُل چودھری نے خواتین کی 3000 میٹر اسٹیپل چیس اور 5000 میٹر دوڑ کے مقابلوں میں دو کانسے کے تمغے حاصل کیے۔ جے کمار نے مکسڈ 4×400 میٹر ریلے میں چاندی کا تمغہ اور مردوں کی 4×400 میٹر ریلے میں کانسے کا تمغہ جیتا، جب کہ راج کمار پال نے ہاکی ٹیم کے حصے کے طور پر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
ان کھلاڑیوں کی شرکت سے ، اس پروگرام میں کھیلوں کا ایک خاص رنگ شامل ہوگا اور نوجوان شرکاء کو ایسے کھلاڑیوں سے ملنے اور بات چیت کرنے کا موقع ملے گا، جنہوں نے اعلیٰ ترین سطح کے مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔ ان کھلاڑیوں کے کھیل کے اس سفر سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ نظم و ضبط، ثابت قدمی، باقاعدہ تربیت اور بہترین کارکردگی کے لیے عزم کس قدر اہم ہے ۔ یہ وہ اقدار ہیں ، جو ’ سنڈے آن سائیکل ‘ کے پیغام سے پوری طرح ہم آہنگ ہیں۔
کھلاڑیوں کی شرکت کے ساتھ نمو گھاٹ پر تفریح اور فٹنس سے متعلق مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ ان میں یوگا سیشن، پُر جوش زومبا، تفریحی کھیل اور دلچسپ باہمی سرگرمیاں شامل ہوں گی، جو شرکاء کو فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے لیے ایک پُرکشش پلیٹ فارم فراہم کریں گی۔
یہ مہم فٹ انڈیا اور منشیات سے مبرا معاشرے کی تعمیر کے وسیع تر ویژن سے ہم آہنگ ہے۔ اس کا مقصد ، شہریوں کو سائیکلنگ، پیدل چلنے اور جسمانی سرگرمیوں کی دیگر اقسام کو اپنے روزمرہ معمولات کا حصہ بنانے کی ترغیب دینا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ پیغام بھی مضبوط کیا جا رہا ہے کہ منشیات کے استعمال کے خلاف جد و جہد کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں، جس میں کنبوں، برادریوں، تعلیمی اداروں اور کھیلوں کی نامور شخصیات کا اہم کردار ہے۔ یہ سب نوجوانوں کو مثبت راستے اختیار کرنے کی رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔
سنڈے آن سائیکل کے 94ویں پروگرام میں وارانسی کی شرکت کے ساتھ، یہ تقریب اجتماعی فٹنس، نوجوانوں کی شمولیت اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی کے جذبے کو آگے بڑھائے گی۔ اس طرح لوگوں کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے یکجا کیا جائے گا، جو ایک صحت مند، چست اور منشیات سے مبرا بھارت کی تعمیر ہے۔
فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل کا انعقاد نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت ( ایم وائی اے ایس ) ، سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا ( سی ایف آئی ) ، راہگیری فاؤنڈیشن اور مائی بھارت کے اشتراک سے کیا جاتا ہے۔ یہ سائیکلنگ مہم ، تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بیک وقت چلائی جاتی ہے۔ اس میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا ( ایس اے آئی ) کے علاقائی مراکز، نیشنل سینٹرز آف ایکسی لینس ( این سی او ایز ) ، ایس اے آئی ٹریننگ سینٹرز ( ایس ٹی سیز ) ، کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹرز آف ایکسی لینس ( کے آئی ایس سی ایز ) اور کھیلو انڈیا سینٹرز ( کے آئی سیز ) بھی شامل ہیں۔
ملک بھر میں 6,000 سے زیادہ نمو فٹ انڈیا کلب بھی ہر ہفتے اس سائیکلنگ مہم کا اہتمام کرتے ہیں۔
*****
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ر ا )
U.No. 4949
(ریلیز آئی ڈی: 2321734)
وزیٹر کاؤنٹر : 9