کامرس اور صنعت کی وزارت
آسیان-بھارت تجارتی معاہدوں ( اے آئی ٹی آئی جی اے ) کی مشترکہ کمیٹی کا 15 واں اجلاس، 6 تا 9 اکتوبر 2026 کو انعقاد پذیر ہوا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 OCT 2026 12:31PM by PIB Delhi
آسیان نے آسیان-ہندوستان اشیا کی تجارت کے معاہدے (اے آئی ٹی آئی جی اے) پر پیش رفت اور مذاکرات کا جائزہ لینے کے لیے 6 سے 9 اکتوبر 2026 کے دوران انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں واقع آسیان سکریٹریٹ میں 15ویں مشترکہ کمیٹی اور اس سے متعلقہ اجلاسوں کی میزبانی کی، جن میں ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس بھی شامل تھے۔ یہ اجلاس بالمشافہ اور آن لائن، دونوں طریقوں سے منعقد کیے گئے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت ہندوستان کی وزارتِ تجارت و صنعت کے محکمہ تجارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب نتن کمار یادو اور ملائیشیا کی وزارتِ سرمایہ کاری، تجارت و صنعت کی نائب سکریٹری جنرل (تجارت) محترمہ مستورا احمد مصطفیٰ نے کی۔ اجلاس میں آسیان کے رکن ممالک برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤ پی ڈی آر، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اے آئی ٹی آئی جی اے کی مشترکہ کمیٹی کے تحت قائم آٹھ ذیلی کمیٹیوں میں سے تین نے بھی 15ویں مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر بالمشافہ اور آن لائن، دونوں طریقوں سے اجلاس منعقد کیے۔ ان میں قانونی اور ادارہ جاتی امور سے متعلق ذیلی کمیٹی (ایس سی-ایل آئی آئی)، منڈی تک رسائی کے سلسلے میں قومی سلوک سے متعلق ذیلی کمیٹی (ایس سی-این ٹی ایم اے) اور قواعدِ منشأ سے متعلق ذیلی کمیٹی (ایس سی-آر او او) شامل ہیں۔ ان اجلاسوں نے دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور تعمیری مذاکرات کا سلسلہ برقرار رکھنے کاایک اہم موقع فراہم کیا۔
مشترکہ کمیٹی نے تمام ذیلی کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ وہ اے آئی ٹی آئی جی اے کے جائزے کے تحت زیر التوا امور پر کام تیز کریں، اس مقصد کے لیے واضح اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جانے والے اہداف طے کریں اور قابلِ پیمائش پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ اجلاس کا اختتام مثبت انداز میں ہوا، جس میں ہندوستان اور آسیان نے ایک متوازن، تعمیری اور مستقبل پر مرکوز معاہدے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے پالیسی سے متعلق زیر التوا امور کو حل کرنے، اقتصادی انضمام کو مزید گہرا کرنے اور معاہدے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے ایک ایسے باہمی مفاد پر مبنی نظام میں ڈھالنے کے عزم پر زور دیا جس سےدوطرفہ تجارت مزید مستحکم ہو۔
اے آئی ٹی آئی جی اے کی مشترکہ کمیٹی کا اگلا اجلاس جنوری 2027 میں ہندوستان میں بالمشافہ اور آن لائن، دونوں طریقوں سے منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور مذاکرات کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے مزید رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
****
ش ح۔ع و ۔ ش ا
U.No. 4898
(ریلیز آئی ڈی: 2321225)
وزیٹر کاؤنٹر : 12