وزارت دفاع
بھارتی فضائیہ نے ایئر فورس اسٹیشن ہنڈن میں اپنا 94واں یومِ فضائیہ منایا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 OCT 2026 5:46PM by PIB Delhi
بھارتی فضائیہ(آئی اے ایف) نے 8 اکتوبر 2026 کو ایئر فورس اسٹیشن ہنڈن، غازی آباد میں اپنی 94ویں سالگرہ/یومِ تاسیس منایا۔ اس موقع پر بھارتی فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار ورثے کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ یومِ فضائیہ کی مرکزی پریڈ (اے ایف ڈی پی)کا معائنہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کیا۔ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف، فضائیہ کے سابق سربراہان اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز صدرِ جمہوریہ کے کلرس کے دستے کی پریڈ میں آمد سے ہوا، جو بھارتی فضائیہ کی غیر معمولی خدمات، پیشہ ورانہ برتری، فرض شناسی اور وطن سے لگاؤ کی علامت ہیں۔ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کی آمد پر تین ایم آئی-17 وی 1 ہیلی کاپٹروں نے ’دھوج‘ فارمیشن میں قومی پرچم اور بھارتی فضائیہ کا پرچم لہراتے ہوئے فضائی سلامی پیش کی ۔پریڈ کی کمان گروپ کیپٹن منیش شرما نے سنبھالی۔ اس کے بعد اعزازات کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں فضائی جنگجوؤں کو شجاعت اور ممتاز خدمات کے اعتراف میں تمغے عطا کیے گئے۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختلف یونٹس کو بھی ان کی بہترین خدمات کے اعتراف میں توصیفی اسناد پیش کی گئیں۔
اس سال یومِ فضائیہ کا موضوع ’’بھارتی فضائیہ: اَچوک، اَبھیدیہ اور سٹیک‘‘تھا۔ یہ نعرہ بھارتی فضائیہ کے اس غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنی درست نشانہ بندی، ثابت قدمی اور اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کے ذریعے ملک کی فضائی حدود کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا کہ ’’قومی مفادات کے تحفظ کا بنیادی ذریعہ فضائی طاقت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بھارتی فضائیہ ہر ممکن صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے چوکس، پُرعزم اور پوری طرح تیار ہے‘‘ ، اور اس بات پر زور دیا کہ آپریشنل صلاحیت اور جنگی تیاری درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’کسی فضائیہ کے پاس دنیا کے جدید ترین طیارے ہو سکتے ہیں، لیکن اس کی حقیقی طاقت کا اندازہ اس کی آپریشنل تیاری سے ہوتا ہے یعنی ضرورت پڑنے پر وہ کتنی تیزی اور اعتماد کے ساتھ کارروائی کر سکتی ہے۔‘‘ آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کا جنگی کارروائیوں کی جانب فوری منتقلی اس کی ’’تباہ کن قوت کے ساتھ ساتھ مؤثر فضائی دفاعی کارروائیوں‘‘ کا مظہر تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اَچوک، اَبھیدیہ اور سٹیک‘‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ہماری طاقت اور عزم کا عملی اظہار ہے۔
بھارتی فضائیہ کی تکنیکی ترقی اور خود انحصاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’آتم نربھرتا ہماری رہنما اصول ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور خودکار نظام سمیت ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز کو فضائیہ کے نظام میں شامل کیا جائے گا، تاہم فیصلہ سازی اور اختیار کا مرکز انسان ہی رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’جدید جنگ میں کامیابی کے لیے گہری ہم آہنگی ناگزیر ہے‘‘ اور فوج اور بحریہ کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بندی اور مربوط جنگی کارروائی اب روزمرہ کی سرگرمی کا حصہ ہے۔خلائی شعبے کا ذکر کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا کہ ’’خلاء فضائی شعبے کی ایک قدرتی توسیع ہے۔‘‘ انہوں نے بھارتی خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) اور ملکی خلائی صنعت کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔ اس ضمن میں انہوں نے گگن یان مشن میں بھارتی فضائیہ کے کردار کا بھی ذکر کیا۔
بھارتی فضائیہ کے مختلف اثاثوں پر مشتمل جامد نمائش نے شائقین اور میڈیا نمائندگان کو بھارتی فضائیہ کی آپریشنل اور جنگی صلاحیتوں کے وسیع دائرے کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔ پریڈ کے دوران جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں، زمین سے فضا اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے گائیڈڈ ہتھیاروں کے نظام، ریڈارز اور یک طرفہ حملے کے لیے استعمال ہونے والے بغیر پائلٹ فضائی نظام(یو اے ایس) کی نمائش کی گئی۔ اس نمائش نے ’میک اِن انڈیا‘ اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کے لیے بھارتی فضائیہ کی مسلسل توجہ کو نمایاں کیا۔اس موقع پر پانچ یونٹس کو نمایاں خدمات کے اعتراف میں یونٹ حوالہ جات پیش کیے گئے۔ یہ اعزاز 24 اسکواڈرن ’دی ہاکس‘، 110 ہیلی کاپٹر یونٹ ’دی وین گارڈز‘، 200 اسکواڈرن ’اسکند‘، 2402 اسکواڈرن ’وجر‘ اور الیکٹرانک وارفیئر رینج کو دیا گیا۔
تقریب میں بھارتی فضائیہ کی تمام خواتین پر مشتمل ایئر واریئر ڈرل ٹیم ’ٹیم شکتی‘ نے بھی شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ اپنی درستگی، پھرتی اور نظم و ضبط کے لیے معروف اس ٹیم نے منظم حرکات اور پیچیدہ شکلوں کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس کارکردگی میں خواتین فضائی جنگجوؤں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بااختیاری کی بھی بھرپور عکاسی ہوئی۔
بھارتی فضائیہ کی ڈرمرز ٹیم، جس میں 33 نوجوان ایئر واریئرز شامل تھے، نے بھی ایک دلکش مظاہرہ پیش کیا۔ ٹیم نے اسنیر ڈرمز، روٹو ڈرمز، باس ڈرمز اور جھانجھوں کے ساتھ شاندار فارمیشنز اور کرتب پر مبنی حرکات پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔
تقریب میں بھارتی فضائیہ کی تاریخی وراثتی پرواز کی جانب سے ایک شاندار فضائی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جس میں بھارتی عسکری ہوا بازی کے شاندار ورثے اور تاریخی ارتقا کو اجاگر کیا گیا۔ قدیم طرز کے ’ٹائیگر موتھ‘ طیارے کی فضائی پرواز نے حاضرین کو بے حد محظوظ کیا اور بھارتی فضائیہ کے تابناک ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک خوب صورت موقع فراہم کیا۔
ایئر فورس اسٹیشن ہنڈن میں یومِ فضائیہ کی تقریبات کے اختتام کے بعد، یومِ فضائیہ کے سلسلے میں ایک اور شاندار فضائی مظاہرہ 25 اکتوبر 2026 کو وارانسی کے نمو گھاٹ پر منعقد کیا جائے گا۔
***************
) ش ح – ع ح-ت ا )
U.No. 4851
(ریلیز آئی ڈی: 2320911)
وزیٹر کاؤنٹر : 5