دیہی ترقیات کی وزارت
مودی حکومت کا آندھرا پردیش کو 3 لاکھ مستقل مکانات فراہم کرنے کا تاریخی فیصلہ؛ شیو راج سنگھ چوہان اور چندرا بابو نائیڈو نے بُریپالم سے بڑے پیمانے پرے ترقی کا اعلان کیا
مودی اور نائیڈو کی جوڑی ایک مضبوط شراکت داری کی قوت ہے؛ آندھرا پردیش کے ہر غریب شخص کو مستقل گھر ملے گا: مرکزی وزیر دیہی ترقیات جناب شیو راج سنگھ چوہان
گنٹور سے ملک میں رہائش گاہوں کےانقلاب کی نئی شروعات؛ شیو راج سنگھ چوہان اور وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کے ہاتھوں ملک کے پہلے 3 ڈی پرنٹ سے تیار مکانات کے منصوبے کا افتتاح
اگر میں مدھیہ پردیش کے لیے ’ماما‘ ہوں تو آندھرا پردیش کے لیے بھی ’ماما‘ ہوں: مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان
گنٹور میں ہزاروں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ عوام کی خدمت بھگوان کی عبادت کے مترادف ہے
مودی کے وژن کے تحت اور نائیڈو کی قیادت میں آندھرا پردیش ہندوستان کی نمبر 1 ریاست بننے کی راہ پر گامزن؛ امراوتی سے پولورم تک ترقی کا نیا باب رقم کیا جارہا ہے: شیو راج سنگھ چوہان
’’انّ داتا سُکھی بھَو‘‘ سے لے کر ’’لکھ پتی دیدی‘‘ تک: مودی اور نائیڈو حکومت کسانوں اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنا رہی ہے: شیو راج سنگھ چوہان
تیلگو زبان شہد سے بھی زیادہ میٹھی ہے: مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان
بُریپالم میں شیو راج سنگھ چوہان کی دل کو چھو لینے والی تیلگو تقریر پر عوام نے زبردست تالیاں بجائیں
قومی ’’سارس میلہ‘‘ آندھرا پردیش میں منعقد ہوگا، دہلی سے باہر پہلی بار 15 اکتوبر کو اس میلے کا انعقاد کیا جائے گا؛ عزت مآب صدر جمہوریہ دروپدی مرمو ’’نکشتر دیدیوں‘‘ (بااختیار کاروباری خواتین) کی جانب سے منعقدہ اہم تقریب کا افتتاح کریں گی: شیو راج سنگھ چوہان
وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، ’’75,000 مکانات کے بجائے ’ماما مہاراج‘ نے 3 لاکھ مکانات منظور کیے ہیں، جو آندھرا کے لیے بڑا تحفہ ہے‘‘
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 OCT 2026 6:04PM by PIB Delhi
آندھرا پردیش کی ہمہ جہت اور دیہی ترقی کو نئی رفتار فراہم کرتے ہوئے زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقیات کے مرکزی وزیر جناب شیو راج سنگھ چوہان نے اتوار کے روو آندرا پردیش میں ضلع گنٹور کے بُریپالم گاؤں میں منعقدہ اہم تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر ریاست میں 3,600 کروڑ روپے کی لاگت سے 3 لاکھ مستقل مکانات تعمیر کرنے کے بڑے منصوبے کا آغاز کیا گیا۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو کی موجودگی میں مرکزی وزیر نے ملک میں پہلی بار 3 ڈی تعمیراتی ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے تعمیر کیے جانے والے 177 مکانات پر مشتمل تجرباتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور امراوتی میں وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کے درمیان ’’ فعال شراکت داری‘‘ ریاست کو ملک کی نمبر ایک ریاست بنانے کے لیے ’’360 ڈگری کی ترقی‘‘ کو آگے بڑھا رہی ہے۔

آندھرا پردیش میں ضلع گنٹور کے تاریخی گاؤں بُریپالم (تینالی ڈویژن) میں اتوار کے روز دیہی ترقی کے میدان میں نیا سنگ میل حاصل ہوا۔ مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نارا چندرا بابو نائیڈو نے مشترکہ طور پر پردھان منتری آواس یوجنا (گرامین 2.0) کے تحت 3 لاکھ مستقل مکانات کی تعمیر کے منصوبوں کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ ملک میں پہلی بار 3 ڈی تعمیراتی ٹیکنالوجی سے تعمیر ہونے والے مکانات پر مشتمل تجرباتی منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس منصوبے پر 14 کروڑ روپے کی لاگت آنے والی ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے دیہی ترقیات و مواصلات ڈاکٹر چندر شیکھر پیمّسانی، آندھرا پردیش کے وزراء جناب نادینڈلا منوہر (شہری رسد)، جناب کولوسو پارتھاسارتھی (مکانات و اطلاعات) اور جناب کندولا درگیش (سیاحت)، بی جے پی کے ریاستی صدر جناب پی این مادھو، جناب لنگامنینی رمیش، قانون ساز کونسل کے رکن جناب لاپاتی پرساد اور محکمہ اسکول کے سکریٹری مسٹر باتھو تاتیا بابو کے علاوہ مرکزی حکومت اور آندھرا پردیش حکومت کے اعلیٰ افسران اور گاؤں کے ہزاروں باشندے ، کسان اور خواتین موجود تھیں۔

مجوزہ76,000 کے بجائے 3 لاکھ مکانات دیے گئے؛ اگر 9 لاکھ مکانات کی درخواست کی گئی تو وہ بھی فراہم کریں گے‘‘: مرکزی وزیر دیہی ترقیات
مرکزی وزیر جناب شیو راج سنگھ چوہان نے اعلان کیا، ’’میرے محکمے کے افسران نے مجھے بتایا تھا کہ آندھرا پردیش کے لیے صرف 76,000 مکانات کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ لیکن وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ اپنی ریاست کے ہر غریب شخص کے گھر کا خواب پورا کرنا چاہتے ہیں اور انہیں مزید مکانات کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم مودی کی آشیرواد سے ہم نے صرف 76,000 نہیں بلکہ 3 لاکھ مستقل مکانات کی پہلی قسط براہ راست آندھرا پردیش کے حوالے کردی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’چندرا بابو مسکرائے اور بولے کہ دل مانگے مور؛ ہمیں مزید 6 لاکھ مکانات درکار ہیں۔ میں نے ان سے کہا، ’بابو، پوری حکومت ہند آپ کے ساتھ ہے اور میں بھی آپ کے ساتھ ہوں۔ ان 3 لاکھ مکانات کو مکمل کیجیے، اس کے فوراً بعد مزید 3 لاکھ اور پھر مزید 3 لاکھ مکانات منظور کیے جائیں گے۔ آندھرا پردیش کے ہر غریب شخص کو مستقل گھر ملے گا۔‘‘‘
3 -ڈی کنکریٹ ٹیکنالوجی: پختہ مضبوط مکانات 6 ماہ میں تیار ہوں گے
بُریپالیم اور اوبُلاناڈوپالیم میں شروع ہونے والے 3 -ڈی کنکریٹ پرنٹنگ منصوبے کو ملک کے رہائشی شعبے میں ایک انقلاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تجرباتی منصوبے سے وقت، لاگت اور محنت کی بڑی بچت ہوگی۔ مشینوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ مکانات صرف 6 ماہ میں مکمل ہوجائیں گے اور ان کی مضبوطی اور پائیداری روایتی مکانات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوگی۔

وزیر اعظم مودی نے امراوتی کو قانونی درجہ دلایا
جناب شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں قانون منظور کر کے امراوتی کو آندھرا پردیش کی مستقل راجدھانی کا درجہ دلایا اور اس کے لیے 15,000 کروڑ روپے کی خصوصی مالی امداد جاری کی۔ ریاست کے لیے انتہائی اہم پولورم پروجیکٹ اب مرکزی حکومت کی جانب سے 100 فیصد مالی امداد کے ساتھ پوری رفتار سے مکمل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ الوُری سیتاراما راجو بین الاقوامی ہوائی اڈہ ریاست میں علاقائی رابطے اور آمد و رفت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔

’انّ داتا سُکھی بھَو‘ اور 60 لاکھ ’لکھ پتی دیدی‘ بنانے کا ہدف
کسانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نائیڈو نے مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی 6,000 روپے کی پی ایم کسان سمان ندھی کے علاوہ ’انّ داتا سُکھی بھَو‘ اسکیم کے تحت 14,000 روپے کی اضافی رقم کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس طرح کسانوں کو ہر سال مجموعی طور پر 20,000 روپے کی مالی امداد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کو پھلوں، پھولوں، سبزیوں اور جڑی بوٹی کی فصلوں کے لیے ملک کا سب سے بڑا باغبانی مرکز بنایا جائے گا۔ سیلف ہیلپ گروپوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ریاست کی 23 لاکھ خواتین پہلے ہی ’لکھ پتی دیدی‘ بن چکی ہیں، یعنی ایسی خواتین جن کی سالانہ آمدنی 1 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ این ڈی اے حکومت کا ہدف اس تعداد کو بڑھا کر 60 لاکھ تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار قومی ’سارس میلہ‘ دہلی سے باہر آندھرا پردیش میں 15 اکتوبر کو منعقد کیا جارہا ہے۔ صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو خود اس تاریخی میلے کا افتتاح کریں گی۔
’اگر میں مدھیہ پردیش کا ماما ہوں تو آندھرا پردیش کا بھی ماما ہوں‘: تیلگو زبان میں شیوراج سنگھ کا خطاب
مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے اسٹیج پر پہنچتے ہی روانی کے ساتھ تیلگو زبان میں خطاب شروع کیا۔ اس موقع پر ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ اور ’’شری وینکٹیشور بھگوان کی جے‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی سرزمین کو علم، سائنس، صلاحیت اور بھرپور روایات کا سنگم قرار دیا۔ تِینالی رام کی سرزمین کو سلام کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’تیلگو زبان شہد سے بھی زیادہ میٹھی ہے اور آج پورے ہندوستان میں اپنی ایک منفرد شناخت بنا رہی ہے۔ اگر میں مدھیہ پردیش کا ’ماما‘ ہوں تو آندھرا پردیش کا بھی ’ماما‘ ہوں۔ میرے لیے عوام کی خدمت بھگوان کی پوجا کی مانند ہے۔ یہاں کے لوگوں کے جذبے، ایمانداری اور جوش کو دیکھ کر دل سے صرف ایک ہی خیال آتا ہے: واقعی، آپ سب سے دوبارہ ملنے کو جی چاہتا ہے!‘‘

ڈاکٹر پیمّاسانی کی سادگی اور وزیر اعلیٰ نائیڈو کے وژن کی ستائش
مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے اپنے ساتھی مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر چندرا شیکھر پیمّاسانی کے آبائی گاؤں بُریپالیم کا دورہ کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا، ’’شروع میں میرے ذہن میں یہ خیال آیا کہ چندرا شیکھر جی چونکہ ’امریکہ سے واپس آئے ہیں‘، اس لیے کیا وہ گاؤں کی زندگی اور دیہی ترقی کو سمجھ پائیں گے؟ لیکن لوگوں سے ان کی گہری وابستگی، خدمت کا جذبہ اور کام کے تئیں ان کی واضح سوچ دیکھ کر مجھے حیرت ہوئی۔ ’بابو‘ یعنی چندرا بابو نائیڈو واقعی صلاحیتوں کو پہچانتے ہیں، انہیں پروان چڑھاتے ہیں اور عوام کی خدمت کے لیے سیاسی میدان میں لاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کو متحرک، وقف اور فیصلہ کن قیادت کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نائیڈو ہی تھے جنہوں نے آندھرا پردیش کو اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے عالمی مرکز میں تبدیل کیا اور آج اسی دوراندیش سوچ کے تحت امراوتی کو مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجی، ڈیٹا کے مراکز اور جدید مینوفیکچرنگ کے اہم مرکز کے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔
وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ جناب شیو راج سنگھ نہ صرف مدھیہ پردیش کے محبوب ’ماما‘ ہیں بلکہ پورے آندھرا پردیش کے بھی ’ماما‘ ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ جناب شیو راج سنگھ ایک عوامی رہنما ہیں، جنہوں نے اچھی حکمرانی اور خدمت کے جذبے کے ذریعے مدھیہ پردیش میں ناقابل شکست ریکارڈ قائم کیا ہے۔ آج جب ہم نے ریاست کے غریب لوگوں کے لیے مستقل مکانات فراہم کرنے کا مسئلہ اٹھایا، توانہوں نے ابتدائی طور پر تجویز کیے گئے 75,000 مکانات سے کہیں زیادہ، فوری طور پر 3 لاکھ مکانات منظور کرکے آندھرا کے لوگوں کے دل جیت لیے۔ جب میں نے این ڈی اے کے اس عہد کا ذکر کیا کہ ہر شخص کے سر پر مستقل چھت فراہم کی جائے گی اور بتایا کہ ہمیں مجموعی طور پر 9 لاکھ مکانات درکار ہیں تو انہوں نے عوامی اجتماع میں وعدہ کیا کہ پہلے مرحلے کا کام مکمل ہوتے ہی مرکزی حکومت باقی 6 لاکھ مکانات بھی فوری طور پر منظور کرے گی۔‘‘

وزیر اعلیٰ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی اور مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان کی مسلسل حمایت سے آندھرا پردیش بنیادی ڈھانچے، زراعت، جدید ٹیکنالوجی اور دیہی ترقی سمیت تمام شعبوں میں ملک کی نمبر 1 ریاست بن کر ابھرے گی۔
*********
uno-4614
ش ح۔ م ش ع۔ ج
(ریلیز آئی ڈی: 2318943)
وزیٹر کاؤنٹر : 9