محنت اور روزگار کی وزارت
وزارت محنت و روزگار نے ”شرم سمواد“ مہم کو دہلی، ہریانہ اور اتراکھنڈ کے صنعتی کلسٹروں تک پہنچایا
ہری دوار، نارائنا اور سونی پت میں ضلع سطح کے پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں لیبر کوڈ، آجرین کی تعمیل، پی ایم وی بی آر وائی اور سماجی تحفظ پر توجہ مرکوز کی گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 OCT 2026 7:24PM by PIB Delhi
وزارت محنت و روزگار، حکومت ہند نے ملک گیر ”شرم سمواد“ پہل کو جاری رکھتے ہوئے 1 اکتوبر 2026 کو اتراکھنڈ کے ہری دوار، نئی دہلی کے نارائنا صنعتی علاقے اور ہریانہ کے سونی پت میں ضلع سطح پر استعدادِ کار بڑھانے اور بیداری کے پروگرام منعقد کیے۔ ان پروگراموں میں سرکاری عہدیداران، صنعتی انجمنوں، آجرین، انسانی وسائل (ایچ آر) اور قانونی شعبے کے ماہرین اور دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔ ان کا مقصد چاروں لیبر کوڈز، آجرین کے لیے تعمیل سے متعلق تقاضوں اور حکومت کی اہم روزگار و سماجی تحفظ کی پہلوں کے بارے میں بیداری میں اضافہ کرنا تھا۔

شرم سمواد مہم کا ملک گیر آغاز 28 ستمبر 2026 کو کیا گیا تھا۔ یہ 90 روزہ عوامی رابطہ مہم ہے، جس کے تحت وزارت تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 316 اضلاع میں ضلع سطح پر رابطہ سرگرمیاں انجام دے رہی ہے، جن میں صنعتی کلسٹروں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس پہل کا مقصد آجرین اور دیگر متعلقہ فریقوں کو نئے لیبر کوڈ کی دفعات، اطلاق اور تعمیل سے متعلق تقاضوں کے بارے میں زیادہ وضاحت فراہم کرنا اور زمینی سطح پر ان کے مؤثر نفاذ میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
ہری دوار میں یہ پروگرام اسکوپ (SCOPE) کے اشتراک سے بی ایچ ای ایل ایڈمن بلڈنگ میں منعقد کیا گیا۔ صنعتی انجمنوں اور کاروباری اداروں کے نمائندوں، آجرین، صنعت کاروں، پیشہ ور افراد اور ای پی ایف او، ای ایس آئی سی اور مرکزی لیبر کمشنر کے دفتر کے عہدیداران سمیت تقریباً 125 شرکا نے پروگرام میں شرکت کی۔ وزارت محنت و روزگار کے ڈپٹی سکریٹری جناب گووند رام نے چاروں لیبر کوڈ اور آجرین کی بنیادی تعمیلی زنجیر کا جائزہ پیش کیا، جس میں ادارے اور افرادی قوت سے متعلق معیارات، اطلاق کی حدیں اور تعمیل کے اہم شعبے شامل تھے۔ ڈی جی ایم ایس کے ڈائریکٹر آف مائنز سیفٹی جناب وینکنا بانوتھو اور اتراکھنڈ محکمۂ محنت کے اعلیٰ نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

نئی دہلی کے نارائنا صنعتی علاقے میں یہ پروگرام کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) اور نارائنا انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ اس میں آجرین، صنعت، انسانی وسائل (ایچ آر)، قانونی اور مالیاتی شعبے کے ماہرین اور دیگر متعلقہ فریقوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 80 شرکا نے شرکت کی۔ ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے ڈائریکٹر جنرل جناب اشوک کمار سنگھ، آئی اے ایس نے کلیدی خطاب کیا، جس میں انہوں نے لیبر کوڈز کی اہم خصوصیات اور متعلقہ فریقوں میں بیداری، تعمیل کے لیے تیاری اور مؤثر نفاذ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔


سونی پت میں وزارت نے وِنڈھم گارڈن میں لگھو ادیوگ بھارتی کے اشتراک سے شرم سمواد پروگرام منعقد کیا۔ اس پروگرام میں آجرین، ریاستی حکام اور محنت و روزگار کے شعبے سے وابستہ نمائندوں سمیت تقریباً 70 متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔ ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے ایڈیشنل سنٹرل پروویڈنٹ فنڈ کمشنر جناب پی بی ورما نے افتتاحی خطاب کیا۔ تکنیکی اجلاسوں میں وزارت محنت و روزگار کے ڈائریکٹر جناب منہاج احمد نے نئے لیبر کوڈز کا جائزہ پیش کیا۔


تینوں پروگراموں کے دوران تکنیکی تبادلۂ خیال میں اجرتوں سے متعلق ضابطہ، 2019؛ صنعتی تعلقات سے متعلق ضابطہ، 2020؛ سماجی تحفظ سے متعلق ضابطہ، 2020 اور پیشہ ورانہ تحفظ، صحت اور کام کے حالات سے متعلق ضابطہ، 2020 کا احاطہ کیا گیا۔ پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا (پی ایم وی بی آر وائی) اور پردھان منتری شرم یوگی مان دھن (پی ایم-ایس وائی ایم) پر بھی خصوصی اجلاس منعقد کیے گئے۔
تمام مقامات پر منعقدہ پروگراموں میں ای پی ایف او، ای ایس آئی سی اور مرکزی لیبر کمشنر کے دفتر کے اعلیٰ عہدیداران اور نمائندوں نے فعال طور پر شرکت کی۔ پروگراموں کا ایک اہم جزو سوال و جواب کے باہمی تبادلے پر مبنی اجلاس تھا، جس کے ذریعے شرکا نے اطلاق، قانونی تعمیل، ریکارڈ اور گوشوارے، ملازمین کے فوائد اور نئے نظام کے نفاذ سے متعلق عملی امور اٹھائے۔ ان اجلاسوں نے متعلقہ فریقوں کو وزارت اور اس کے منسلک و ماتحت دفاتر کے عہدیداران سے براہ راست وضاحت طلب کرنے کا موقع فراہم کیا۔
***
ش ح۔ ف ش ع
U: 4556
(ریلیز آئی ڈی: 2318477)
وزیٹر کاؤنٹر : 8