وزارت دفاع
ہندوستانی بحریہ کا جہاز ’ترکش‘ خیرسگالی دورے پر کینیا کے ممباسا پہنچا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 OCT 2026 4:28PM by PIB Delhi
ہندوستانی بحریہ کا جدید فرنٹ لائن اسٹیلتھ فریگیٹ ترکش اپنی آپریشنل تعیناتی کے حصے کے طور پر 29 ستمبر 2026 کو خیرسگالی دورے پر کینیا کے ممباسا پہنچا۔ یہ دورہ ہندوستان اور کینیا کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جو مضبوط تاریخی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے روابط پر مبنی ہیں۔
ہندوستان اور کینیا کے درمیان بحر ہند کے خطے میں بحری تعلقات کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔ اہم بحری ممالک کی حیثیت سے دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دینے اور اپنی بحری افواج کے درمیان باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران ہندوستانی اور کینیا کی بحری افواج کے اہلکار مختلف پیشہ ورانہ اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جن میں باہمی بات چیت، تجربات کا تبادلہ اور ثقافتی تقریبات شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں دونوں ممالک کی بحری افواج کو ایک دوسرے سے سیکھنے، تجربات کا اشتراک کرنے اور باہمی تال میل کو بہتر بنانےکے مواقع فراہم کریں گی۔
کمیونٹی سے وابستگی بڑھانےکے لیے مختلف تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ان کے ذریعے دونوں ممالک کے بحری اہلکاروں کو پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے ہٹ کر ایک دوسرے کے ساتھ جڑنے کا موقع ملے گا۔ کھیل کود اور سماجی خدمت سے متعلق سرگرمیوں سے باہمی خیر سگالی اور ثقافتی افہام و تفہیم کو فروغ ملے گا۔
یہ دورہ بحر ہند کے خطے میں دوست ممالک کے ساتھ بحری شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے ہندوستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اوشن (خطے میں سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی اور جامع پیش رفت) کے اقدام کی روح سے بھی ہم آہنگ ہے۔ اس دورے سے ہندوستان اور کینیا کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
***
UR-4495
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2317982)
وزیٹر کاؤنٹر : 4