کوئلے کی وزارت
بھارت کانکنی ہفتہ 2026 میں ’بھارت کانکنی: عالمی ربط‘ کے لئے 19 ممالک کے سفارتی مشن کی شرکت
بین الاقوامی رابطہ اجلاس میں کان کنی، اہم معدنیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملکی سطح پر شرکت، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون کے امکانات پر غور
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 SEP 2026 2:16PM by PIB Delhi
کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں بھارت کی سب سے بڑی کانفرنس و نمائش بھارت کانکنی ہفتہ 2026 کے تحت ’بھارت کانکنی: عالمی ربط‘ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔ بات چیت کے اس اجلاس میں 19 ممالک کے سفارتی مشن کے نمائندوں نے شرکت کی اور بھارت کے کان کنی و معدنیات کے شعبے میں بین الاقوامی شرکت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
یہ اجلاس انڈیا مائننگ ویک 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد کیا گیا، جو 15 سے 17 نومبر 2026 تک یشوبھومی، نئی دہلی میں ہوگا۔ اس کا انعقاد حکومتِ ہند کی وزارتِ کوئلہ اور وزارتِ کان کنی نے کان کنی کی صنعت کے تعاون سے کیا۔
اجلاس کی میزبانی وزیر مملکت برائے کوئلہ و کان کنی، جناب ستیش چندر دوبے اور وزارتِ کوئلہ کی ایڈیشنل سیکریٹری، محترمہ روپندر برار نے کی۔ شریک ممالک کے سفارتی مشن کے سینئر نمائندوں اور کان کنی و معدنیات کے شعبے سے وابستہ دیگر شراکت داروں نے بھارت کانکنی ہفتہ 2026 میں ملکی سطح پر شرکت اور تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔
وزیر مملکت برائے کوئلہ و کان کنی جناب ستیش چندر دوبے نے عالمی کان کنی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کانکنی ہفتہ 2026 میں فعال طور پر شرکت اور تعاون کرے۔ انہوں نے شراکت دار ممالک سے اپیل کی کہ وہ معروف کان کنی کمپنیوں، بڑے سرمایہ کاروں اور اہم وفود کی شرکت کو یقینی بنانے میں معاونت کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی شراکت داری باہمی طور پر فائدہ مند ہوگی اور کان کنی و معدنیات کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
انہوں نے بین الاقوامی سطح پر وسیع شرکت میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے شراکت دار ممالک کے کان کنی کے ذمہ دار وزرا، بڑے سرمایہ کاروں اور صنعت سے وابستہ نمائندوں کو بھی مدعو کیا۔ انہوں نے تمام معزز مہمانوں اور اسٹیک ہولڈرز کو 15 نومبر کو یشوبھومی، نئی دہلی میں بھارت کانکنی ہفتہ 2026 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ کوئلہ کی ایڈیشنل سیکریٹری محترمہ روپندر برار نے ہندوستان کے قدیم فلسفے’’وَسودھیو کُٹمبکم‘‘ یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داری اور تعاون کا یہی جذبہ عالمی کان کنی کے شعبے کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے اور کان کنی و معدنیات کا شعبہ ملک کی معاشی ترقی اور عالمی عزائم کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ نومبر میں ہونے والے بھارت کانکنی ہفتہ 2026 کے تناظر میں انہوں نے عالمی کان کنی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر آنے، خیالات کا تبادلہ کرنے، تجربات اور مہارتیں بانٹنے اور باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
محترمہ برار نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت دنیا بھر کے شراکت داروں کے خیالات، تجربات اور تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے تاکہ ایک زیادہ جدید، پائیدار اور عالمی سطح پر مربوط کان کنی کے شعبے کی تشکیل دی جاسکے۔
اجلاس میں ملاوی، سری لنکا، موزمبیق، الجزائر، امریکہ، چلی، بھوٹان، انڈونیشیا، ایتھوپیا، روس، عراق، مراکش، وینزویلا، اسپین، پولینڈ، منگولیا، زیمبیا، فرانس اور گھانا کے نمائندوں کے علاوہ یو ایس چیمبر آف کامرس نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ممکنہ شرکت کے مختلف طریقوں پر بات چیت ہوئی، جن میں ملکی وفود، حکومت اور ادارہ جاتی نمائندگی، کاروباری وفود، مقررین، تکنیکی ماہرین، کان کنی و معدنیات کی کمپنیاں، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے ادارے، سازوسامان بنانے والے ادارے، سرمایہ کار، تحقیقی ادارے اور صنعتی ایسوسی ایشن شامل ہیں۔
اس موقع پر بھارت کانکنی ہفتہ 2026 کے دائرۂ کار اور پروگرام سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکا نے اہم معدنیات، معدنی ذخائر کی تلاش، کان کنی کی ٹیکنالوجی، بھاری کان کنی کا سامان، اختراع ، سرمایہ کاری، تجارت اور وسائل کی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
شریک سفارتی مشنوں سے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے ممالک کی متعلقہ کمپنیوں، سرکاری اداروں، تحقیقی و تعلیمی اداروں اور صنعتی تنظیموں کو بھارت کانکنی ہفتہ 2026 میں شرکت کے لیے سہولت فراہم کریں۔
بھارت کی جانب سے اہم معدنیات، وسائل کے تحفظ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مقامی مینوفیکچرنگ پر بڑھتی توجہ کے باعث کان کنی کی پوری ویلیو چین میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ بھارت کانکنی ہفتہ 2026 مختلف ممالک اور کمپنیوں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے، کاروباری مواقع تلاش کرنے اور بھارتی پالیسی سازوں، کان کنی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
تین روزہ بھارت کانکنی ہفتہ 2026 میں 25,000 سے زائد صنعتی ماہرین اور فیصلہ ساز، 500 سے زائد نمائش کنندگان و ٹیکنالوجی فراہم کنندگان، 200 سے زائد مقررین و صنعتی ماہرین، 100 سے زائد کانفرنس سیشنز و تکنیکی پیش کش ، 1,000 سے زائد سرکاری و عوامی شعبے کے داروں (پی ایس یو) کے نمائندے اور 300 سے زائد کان کنی و معدنیات کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ اس میں 50 سے زائد ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
تقریب میں اعلیٰ سطحی کانفرنس، بین الاقوامی نمائش، تکنیکی سیشن، قائدانہ مکالمے، بی 2بی ملاقاتیں، ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ اور نئی مصنوعات کی رونمائی شامل ہوں گے۔ مباحثوں میں کوئلہ، دھاتیں، اہم معدنیات، معدنی ذخائر کی تلاش، کان کنی کی ٹیکنالوجی، آٹومیشن، کانوں میں حفاظت، پائیداری، معدنیاتی پراسیسنگ اور وسائل کے مؤثر استعمال جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔
’بھارت کانکنی: گلوبل ربط‘ اجلاس نومبر میں ہونے والے بھارت کانکنی ہفتہ 2026 سے قبل جاری بین الاقوامی رابطہ پروگرام کا حصہ ہے۔ اجلاس سے قبل مختلف ممالک کی حکومتوں، کان کنی کمپنیوں، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں، سرمایہ کاروں اور صنعتی تنظیموں کے ساتھ مزید رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بھارت کانکنی ہفتہ 2026 کے بارے میں مزید معلومات کے لیے متعلقہ سرکاری/منتظمین کی ویب سائٹ ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ https://www.indiaminingweek.org/
*******
) ش ح – م ش -ت ا )
U.No.4361
(ریلیز آئی ڈی: 2317221)
وزیٹر کاؤنٹر : 5