وزارت سیاحت
سیاحت کی ترقی مقبول مقامات سے آگے بڑھ کر مقامی برادریوں کے لیے مواقع پیدا کرے: مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت
عالمی یوم سیاحت 2026 کے موقع پر مرکزی وزیر سیاحت نے نیشنل ڈیجیٹل ٹورزم اسٹیک اور نیشنل مشن فار آلٹرنیٹو ڈیسٹینیشنز کے ساتھ ’دیکھو اپنا دیش 2.0‘ مہم کا آغاز کیا
وزارت سیاحت نے سیاحت کے فروغ اور ذمہ دارانہ سفر کو مضبوط بنانے کے لیے صنعتی شراکت داروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 SEP 2026 8:12PM by PIB Delhi
وزارت سیاحت نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں عالمی یوم سیاحت 2026 منایا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت، وزارت سیاحت کے سکریٹری جناب بھونیش کمار، وزارت کے سینئر افسران اور سیاحت کی صنعت سے وابستہ نمائندے موجود تھے۔

اس موقع پر مرکزی وزیر نے نیشنل ڈیجیٹل ٹورزم اسٹیک اور نیشنل مشن فار آلٹرنیٹو ڈیسٹینیشنز — ’دیکھو اپنا دیش مہم 2.0‘ کا آغاز کیا۔ وزارت نے مشترکہ طور پر سیاحت کے فروغ اور مارکیٹنگ کے لیے صنعتی شراکت داروں کے ساتھ پانچ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کا بھی تبادلہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا، "سیاحت اب صرف مقامات کی سیر تک محدود نہیں رہی ہے، آج کے مسافر مستند تجربات چاہتے ہیں، جن میں مقامی کھانے، مقامی فن، مقامی روایات اور بامعنی روابط شامل ہیں، جو محض تصاویر نہیں بلکہ یادیں تخلیق کرتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا، "ہندوستان کے سیاحتی سفر کے اگلے مرحلے میں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ترقی مقبول سیاحتی مقامات سے آگے بھی پہنچے اور مقامی برادریوں، کاروباری افراد، خواتین اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرے، تاکہ سیاحت زیادہ متوازن، جامع اور پائیدار بن سکے۔"
استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے وزارت سیاحت کے سکریٹری جناب بھونیش کمار نے کہا، "مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور ڈیٹا پر مبنی سیاحتی مقامات کے انتظام سے سیاحت کو زیادہ قابل رسائی، جوابدہ اور ذاتی نوعیت کا بنایا جاسکتا ہے۔ ہندوستان کو ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے شعبے میں خاطر خواہ تجربہ حاصل ہے اور اب ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ ان صلاحیتوں کو سیاحت کے لیے کس طرح یکجا کیا جاسکتا ہے۔"
پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ساروم اے آئی کے شریک بانی ڈاکٹر وویک راگھون نے اس سال کے عالمی یوم سیاحت کے موضوع، "سیاحت کی ازسرنو تشکیل کے لیے ڈیجیٹل ایجنڈا اور مصنوعی ذہانت" پر کلیدی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سیاحتی سفر کے ہر مرحلے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس میں مقامات کی تلاش اور سفر کی منصوبہ بندی سے لے کر بکنگ، سفر کے تجربے اور اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے تک کے مراحل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے یہ موقع ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے سفر کو زیادہ سہل، ذاتی نوعیت کا اور قابل رسائی بنایا جائے، جبکہ ہر مسافر کے لیے حسب ضرورت تجربہ فراہم کیا جائے۔
نیشنل ڈیجیٹل ٹورزم اسٹیک اور نیشنل مشن فار آلٹرنیٹو ڈیسٹینیشنز — سیاحتی مانگ کی ازسرنو تقسیم اور کم معروف مقامات کے فروغ سے متعلق مشن — ’دیکھو اپنا دیش مہم 2.0‘ پر بالترتیب وزارت سیاحت کے سکریٹری جناب بھونیش کمار اور ایڈیشنل سکریٹری و ڈائریکٹر جنرل جناب سمن بلا نے پریزنٹیشن پیش کیں، جس کے بعد صنعت سے وابستہ نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیشنل ڈیجیٹل ٹورزم اسٹیک، او این ڈی سی کے اشتراک اور انٹرنیشنل سینٹر فار ڈی پی آئی انوویشن اینڈ ایڈوانسمنٹ (آئی سی ڈی آئی اے) کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ہندوستان کی سیاحتی سہولیات اور خدمات کو زیادہ قابل دریافت، قابل رسائی اور قابل اعتماد بنانا ہے۔ یہ مشترکہ ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کو مختلف شراکت دار پلیٹ فارموں پر اپنی خدمات دستیاب کرانے کے قابل بنائے گا۔ اس کے تحت تصدیق شدہ شناخت اور فراہم کنندگان کی اسناد، تلاش اور دریافت، ادائیگی، ریٹنگ اور شکایات کے ازالے جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزارت، ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور صنعت کی مشترکہ کوشش کے طور پر اس پروگرام کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا اور جنوری 2027 میں اس کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
مزید تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں:
نیشنل مشن فار آلٹرنیٹو ڈیسٹینیشنز — سیاحتی مانگ کی ازسرنو تقسیم اور کم معروف مقامات کے فروغ کا مشن — ’دیکھو اپنا دیش مہم 2.0‘ کا مقصد سیاحتی اعتبار سے تیار کم معروف مقامات کو ان مقامات کے متبادل یا معاون مقامات کے طور پر فروغ دے کر سیاحتی مانگ کو وسیع پیمانے پر تقسیم کرنا ہے جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تعاون سے اس اقدام کے تحت ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے گی جن میں منفرد کشش، مناسب بنیادی ڈھانچہ اور رہائش کی سہولیات موجود ہوں اور جو پائیدار انداز میں مزید سیاحوں کی میزبانی کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ ابتدائی توجہ پہاڑی اور کوہستانی مقامات، ساحلی اور آبی کناروں سے وابستہ مقامات، ورثہ اور ثقافتی قصبوں اور علاقائی مذہبی زیارت گاہوں پر مرکوز ہوگی۔
اس اقدام کے تحت ریاستیں، مرکز کے زیر انتظام علاقے اور سیاحت کی صنعت سے وابستہ شراکت دار مل کر ایسے بک کیے جاسکنے والے سفری پروگرام اور پیکیجز تیار کریں گے جن میں رہائش، آمدورفت، کھانے اور مقامی تجربات شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ دستکاروں، خود امدادی گروپوں، گائیڈز اور دیگر مقامی متعلقین کے لیے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ مشترکہ تشہیر میں سوشل میڈیا کو ترجیح دی جائے گی اور اسے ڈیجیٹل مہمات اور صنعت کی شمولیت سے تقویت دی جائے گی۔ سیاحوں سے متعلق اعداد و شمار اور ان کی آرا کو سیاحتی مقامات کے انتظام میں استعمال کیا جائے گا اور مقررہ گنجائش کے مطابق سیاحوں کی آمد کی نگرانی میں مدد ملے گی۔
مزید تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں:

اس موقع پر وزارت سیاحت نے سیاحتی مقامات کے فروغ، مقامی برادریوں کی شمولیت اور ذمہ دارانہ سیاحت کو مضبوط بنانے کے لیے Airbnb India Private Limited، FlixBus India Private Limited، Glance Digital Experience Private Limited (InMobi Group)، Eicher Group Foundation اور MakeMyTrip (India) Limited کے ساتھ پانچ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کا بھی تبادلہ کیا۔
ان شراکت داریوں کے تحت Airbnb کے ساتھ ہوم اسٹے کی ترقی اور میزبانوں کی تربیت، FlixBus کے ساتھ بین شہری آمدورفت کے ذریعے سیاحتی مقامات کے فروغ اور ذمہ دارانہ سفر، Glance کے ساتھ ڈیجیٹل سیاحتی مواد اور ذمہ دارانہ طور پر سیاحوں کو معلومات فراہم کرنے، Eicher Group Foundation کے ساتھ ہمالیائی خطے میں مقامی برادری کی قیادت میں ورثے پر مبنی پائیدار سیاحت، اور MakeMyTrip کے ساتھ غیر دریافت شدہ دیہات، مقامی طرز کی حقیقی خریداری اور وزارت کی جانب سے شناخت کیے گئے سفری اقدامات کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔
ان پانچوں مفاہمت کی یادداشتوں کے تحت ہونے والا تعاون غیر تجارتی، غیر مالیاتی، غیر پابند اور غیر خصوصی نوعیت کا ہوگا۔
مزید تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں:

اس موقع پر سوچھتا کے موضوع پر سماجی بیداری سے متعلق ٹی وی مہم 2026 کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس مہم میں معزز وزیر اعظم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذہبی زیارت گاہوں، مندروں اور تاریخی ورثے کے مقامات کو صاف رکھیں اور صفائی ستھرائی کی کوششوں میں اجتماعی طور پر حصہ لیں۔
تقریب کے دوران ’انڈیا ٹورزم اسٹیٹسٹکس 2026‘ بھی جاری کی گئی۔ ان اعلانات کے ساتھ مہم کی ٹی وی کمرشل فلم اور اشاعت پر مبنی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
*****
ش ح ۔م ع۔ خ م
U. No.4207
(ریلیز آئی ڈی: 2315914)
وزیٹر کاؤنٹر : 4