ریلوے کی وزارت
گنٹور اور نمبور کے درمیان 108 کروڑ روپے کی لاگت سے 4 لین والے روڈ اوور برج کا سنگِ بنیاد رکھا گیا
اس منصوبے سے لیول کراسنگ گیٹ نمبر 3 ختم ہوگا اور گنٹور شہر کے لیے ریل اور سڑک کے ذریعے آمدورفت مزید آسان اور سہل ہو جائے گی
"حفاظت بھارتی ریلوے کی اولین ترجیح ہے۔ لیول کراسنگ کو ختم کرنے سے جدید بنیادی ڈھانچے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔"— جناب وی. سومنا، وزیرِ مملکت برائے ریلوے و جل شکتی
"مرکزی حکومت آندھرا پردیش میں بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی اور ہمہ جہت فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔"— ڈاکٹر پیماسانی چندر شیکھر، وزیرِ مملکت برائے دیہی ترقی و مواصلاتی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 SEP 2026 3:30PM by PIB Delhi
"نئی ریلوے، نیا آندھرا پردیش" کے وژن کے تحت شہری آمدورفت اور ریلوے کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، آج گنٹور اور نمبور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان چار لین والے روڈ اوور برج (آر او بی) کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ مملکت برائے ریلوے و جل شکتی، جناب وی سومنا، اور مرکزی وزیرِ مملکت برائے دیہی ترقی و مواصلات، ڈاکٹر پیماسانی چندر شیکھر نے مشترکہ طور پر اس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔

اس منصوبے کی منظوری تقریباً 108 کروڑ روپے کی لاگت سے دی گئی ہے، جس کی پوری رقم ریلوے کی وزارت برداشت کرے گی۔ 668 میٹر طویل چار لین والا یہ روڈ اوور برج (آر او بی)، گنٹور-نمبور ریلوے لائن کے گنٹور-کرشنا کینال سیکشن میں واقع لیول کراسنگ (ایل سی)گیٹ نمبر 3 کی جگہ تعمیر کیا جائے گا۔ یہ پل گنٹور شہر کے اندرونی رنگ روڈ کے قریب واقع ہے اور بس اسٹینڈ روڈ کو براہِ راست گورنتلا گاؤں سے جوڑے گا۔ اس منصوبے کے لیے 2.9 ایکڑ اراضی درکار ہوگی، جبکہ تعمیراتی کام جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ مملکت برائے ریلوے و جل شکتی، جناب وی سومنا نے کہا کہ بھارتی ریلوے مسافروں کی حفاظت اور ٹرینوں کی مؤثر اور بروقت آمدورفت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید روڈ اوور برج (آر او بی)اور روڈ انڈر برج (آر یو بی)تعمیر کرکے لیول کراسنگ گیٹس کو ختم کرنا حادثات کو بھی بالکل ختم کرنے اور ٹرینوں کی بروقت آمدورفت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بے مثال رفتار سے جدید بنا رہی ہے۔ یہ چار لین والا پل مسافروں کے قیمتی سفر کے وقت کی بچت کرے گا، ایندھن کے ضیاع کو کم کرے گا، گاڑیوں کو ریلوے کراسنگ پر رکنے سے بچائے گا اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا۔انہوں نے بتایا کہ آر او بی اور آر یو بی منصوبوں کے علاوہ آندھرا پردیش کے 74 ریلوے اسٹیشنوں کو بھی 3,500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے جدید اور عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ مملکت برائے دیہی ترقی و مواصلات، ڈاکٹر پیماسانی چندر شیکھر نے کہا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش کے ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے وسعت دینے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی محکموں کے درمیان قریبی تعاون کی بدولت گنٹور خطے میں سڑک اور ریلوے کے اہم منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد عالمی معیار کی آمدورفت اور رابطے کی سہولت فراہم کرنا اور مقامی باشندوں کو درپیش ٹریفک کے دیرینہ مسائل کو دور کرنا ہے۔

اس سے قبل ساؤتھ کوسٹ ریلوے کے جنرل منیجر، جناب سندیپ ماتھر نے معزز شخصیات کا خیرمقدم کیا اور زون میں بھارتی ریلوے کی جانب سے جاری بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی کاموں پر روشنی ڈالی۔ گنٹور کی ڈویژنل ریلوے منیجر، محترمہ سدھیشنا سین نے تقریب کے انتظام و انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

اس پروگرام میں راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمنٹ جناب باشیام رام کرشنا، پونور کے رکنِ اسمبلی جناب دھولی پالا نریندر کمار، ایسٹ گنٹور کے رکنِ اسمبلی جناب محمد نذیر، ویسٹ گنٹور کی رکنِ اسمبلی محترمہ گلا مادھوی اور پرتی پاڈو کے رکنِ اسمبلی جناب بی۔ آر۔ رامنجنیولو سمیت متعدد معزز عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریلوے کے اعلیٰ حکام اور گنٹور کے شہری بھی موجود تھے۔
منصوبے کی اہم تفصیلات
- منصوبہ: لیول کراسنگ گیٹ نمبر 3 کی جگہ 4 لین والے روڈ اوور برج کی تعمیر۔
- مقام: گنٹور-نمبور ریلوے لائن کے گنٹور-کرشنا کینال سیکشن میں، جو اندرونی رنگ روڈ، گورنتلا گاؤں اور بس اسٹینڈ روڈ کو آپس میں جوڑے گا۔
- تخمینہ لاگت: 108 کروڑ روپے، جس کی 100 فیصد مالی اعانت ریلوے کرے گا۔
- لمبائی: 668 میٹر۔
- اراضی کی ضرورت: 2.9 ایکڑ۔
- فوائد: ریلوے پھاٹک پر گاڑیوں کے رکنے کا سلسلہ ختم ہوجائے گا، شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی، ایندھن کی بچت، ٹرینوں کی بروقت آمدورفت میں بہتری اور شہری حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنانا۔
****************
(ش ح –اع خ ۔ ر ا)
U. No: 4154
(ریلیز آئی ڈی: 2315307)
وزیٹر کاؤنٹر : 9