مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹرائی نے ٹیلی کام صارفین کے تحفظ سے متعلق (تیرہویں ترمیم) ضوابط 2026 جاری کیے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 SEP 2026 1:04PM by PIB Delhi

ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) نے آج ٹیلی کام صارفین کے تحفظ سے متعلق (تیرہویں ترمیم) ضوابط 2026 جاری کیے۔

ٹرائی نے 07.04.2026 کو اپنی ویب سائٹ پر ٹیلی کام صارفین کے تحفظ سے متعلق (تیرہویں ترمیم) ضوابط (ٹی سی پی آر)، 2026 کے مسودے کو مشاورت کے لیے جاری کیا تھا۔ ٹی سی پی آر (بارہویں ترمیم)، 2024 کے نفاذ کے بعد اتھارٹی نے مشاہدہ کیا کہ ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے صرف وائس اور ایس ایم ایس کے لیے خصوصی ٹیرف واؤچرز (ایس ٹی ویز) کی دستیابی محدود ہے۔ ایسے ایس ٹی ویز کی تعداد کم ہے اور زیادہ تر طویل مدت کی میعاد والے واؤچرز ہی فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے کم آمدنی والے صارفین سستی اور مختصر مدت کے ریچارج کے اختیارات سے محروم ہو رہے ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ٹی سی پی آر (تیرہویں ترمیم) کے مسودے پر مشاورت کا عمل شروع کیا گیا تھا۔

ترمیم کے مسودے کے جواب میں متعلقہ فریقوں کی جانب سے مجموعی طور پر 1132 تجاویز اور آرا موصول ہوئیں۔ مشاورتی دستاویز پر اوپن ہاؤس ڈسکشن (او ایچ ڈی) بھی 15.06.2026 کو منعقد کی گئی۔

متعلقہ فریقوں سے موصول ہونے والی آرا اور تجاویز اور اپنی جانب سے کیے گئے تجزیے کی بنیاد پر ٹرائی نے ٹیلی کام صارفین کے تحفظ سے متعلق (تیرہویں ترمیم) ضوابط 2026 کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اس ترمیم کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ وائس اور ایس ایم ایس کے لیے خصوصی طور پر مناسب ٹیرف میں کمی کے ساتھ ایس ٹی ویز فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جن کی:

  1. وائس، ایس ایم ایس اور ڈیٹا کے لیے پیش کیے جانے والے ایس ٹی ویز کی ہر 30 دن اور 30 دن سے کم مدت کی میعاد کے مطابق میعاد ہو؛
  2. میعاد ہر ماہ کی اسی تاریخ کو قابل تجدید ہو اور اگر کسی ماہ میں تجدید کی وہ تاریخ موجود نہ ہو تو اس ماہ کی آخری تاریخ کو تجدید کی تاریخ تصور کیا جائے؛ اور
  3. کم از کم ایک ایس ٹی وی ایسا ہو جس کی میعاد مذکورہ بالا (1) اور (2) میں بیان کردہ مدت سے زیادہ ہو اور جو وائس، ایس ایم ایس اور ڈیٹا کے لیے پیش کیے جانے والے ایس ٹی ویز کی میعاد کے مطابق ہو۔

اتھارٹی کا خیال ہے کہ ٹیرف کا یہ نظام صارفین کی ضروریات کو کافی حد تک پورا کرے گا۔ ترمیم شدہ ضوابط سے کم آمدنی والے صارفین کو زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے، جس سے وہ اپنی ضرورت اور مالی استطاعت کے مطابق ریچارج کر سکیں گے۔ مجموعی طور پر، اس سے ان صارفین کے لیے انتخاب کے مواقع بہتر ہوں گے جو ڈیٹا کے ساتھ مشترکہ ایس ٹی ویز استعمال نہیں کرنا چاہتے۔

یہ ترمیم ٹرائی کی ویب سائٹ (www.trai.gov.in) پر دستیاب کرائی گئی ہے۔ کسی بھی وضاحت یا مزید معلومات کے لیے مشیر (ایف اینڈ ای اے) جناب وجے کمار سے ٹیلی فون نمبر 20907773 -011یا ای میل [fea1-div@trai.gov.in](mailto:fea1-div@trai.gov.in) پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

****

ش ح۔ع ح۔م ش

U.NO-3904


(ریلیز آئی ڈی: 2313364) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , हिन्दी