قانون اور انصاف کی وزارت
قانون اور انصاف کی وزارت کی جانب سے 21 ستمبر کو گوا میں دشا 2.0 اسکیم کے تحت علاقائی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا
دیشا2.0 علاقائی ورکشاپ میں گوا کے گورنر، حکومت ہند کے وزیر مملکت برائے قانون اور انصاف اور حکومت گوا کے وزیر برائے تعمیرات عامہ شرکت کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 SEP 2026 3:58PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی قانون اور انصاف کی وزارت کے محکمۂ انصاف کی جانب سے دشا (انصاف تک جامع رسائی کے لئے اختراعی حل تیار کرنا)2.0 اسکیم کے تحت 21 ستمبر 2026 کو صبح 10:30 بجے سے گوا کی انڈیا انٹرنیشنل یونیورسٹی آف لیگل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (آئی آئی یو ایل ای آر) کے یونیورسٹی آڈیٹوریم میں علاقائی ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس ورکشاپ کا انعقاد ملک بھر میں ٹیکنالوجی سے مربوط قانونی خدمات، قانونی بیداری کے اقدامات اور بلامعاوضہ قانونی معاونت کو فروغ دے کر انصاف تک رسائی کو مزید مضبوط بنانے کی محکمۂ انصاف کی مسلسل کوششوں کے تحت کیا جا رہا ہے۔
اس پروگرام میں گوا کے گورنر کے بطور مہمان خصوصی ، حکومت ہند کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے قانون و انصاف اور حکومت گوا کے وزیر برائے تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی)، کیپٹن آف پورٹس اور لیگل میٹرولوجی کی شرکت متوقع ہے ۔ پروگرام میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں، کامن سروس سینٹرز (سی ایس سی )، وزارت دیہی ترقی، ریاست کے قانونی اداروں اور انصاف کی فراہمی کو آسان اور سب کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے کام کرنے والے دیگر متعلقہ شراکت دار بھی حصہ لیں گے۔
پروگرام کی ایک اہم خصوصیت ’’نیائے پر بودھ: انصاف کے تئیں بیداری‘‘ -90 سیکنڈ میں اپنے حقوق جانیں مہم کے تحت تیار کی گئی بہترین ریلز کی نمائش ہوگی۔ اس کے بعد ’نیائے پر بودھ‘ کے تحت ایک نعرہ نویسی مقابلے کا بھی آغاز کیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد شہریوں میں ان کے آئینی اور قانونی حقوق کے بارے میں آگاہی کو مزید گہرا کرنا، قانونی معلومات کو فروغ دینا اور انصاف کی فراہمی کے نظام میں عوامی شمولیت اور فعال شرکت کو بڑھانا ہے۔
ورکشاپ میں دشا 2.0 کے تحت گوا میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔ اس کے بعد ٹیلی لاء سے مستفید ہونے والے افراد، پینل وکلاء، گاوں کے سطح کے کاروباری اداروں (وی ایل ای) اور ’نیائے سہائک‘ کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس بات چیت کے ذریعے یہ اجاگر کیا جائے گا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی قانونی خدمات کس طرح شہریوں اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرنے میں مدد کر رہی ہیں، خاص طور پر دور دراز اور ان علاقوں میں جہاں قانونی سہولیات محدود ہیں۔
پروگرام کا ایک اور اہم حصہ گوا میں نیائے بندھو پرو بونو لیگل سروسز پروگرامسے وابستہ قانون کے تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ اس نشست میں بلامعاوضہ قانونی خدمات کے چلن کو فروغ دینے اور انصاف تک رسائی کو مضبوط بنانے میں قانونی تعلیم اور نوجوان قانونی پیشہ ور افراد کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔
معزز شخصیات قانونی طور پر بااختیار بنانے، شہریوں پر مرکوز انصاف کی فراہمی اور انصاف تک مساوی رسائیٔ کے آئینی تصور کو عملی شکل دینے کے لیے درکار مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گی۔ پروگرام کا اختتام اظہار تشکر اور متعلقہ شراکت داروں کے درمیان باہمی تبادلۂ خیال کے ساتھ ہوگا۔
یہ پروگرام حکومت ہند کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ انصاف محض ایک قانونی حق تک محدود نہ رہے بلکہ ایسی خدمت بنے جو ہر شہری کے لیے قابل رسائی، قابل فہم، کم خرچ اور آسانی سے دستیاب ہو۔ ٹیلی لاء ، نیائے بندھو، قانونی آگاہی و قانونی بیداری کے پروگراموں اور ودھی-سنجیونی جیسے اقدامات کے ذریعے محکمۂ انصاف سب کے لیے انصاف تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے آئینی تقاضے کو آگے بڑھا رہا ہے۔
************
ش ح۔م ش ۔ م ذ
(U: 3815)
(ریلیز آئی ڈی: 2312787)
وزیٹر کاؤنٹر : 9