بجلی کی وزارت
این ٹی پی سی الیکٹرون کوئزنے نوجوانوں میں علم، قیادت اور مسابقتی جذبے کو فروغ دیا ہے
این ٹی پی سی الیکٹرون کوئز 2026-27 کے ممبئی علاقائی مرحلے میں 36 ٹیموں نے حصہ لیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 SEP 2026 5:45PM by PIB Delhi
این ٹی پی سی کے ویسٹرن ریجن-1 ہیڈکوارٹرز نے آج ممبئی کے اندھیری ایسٹ میں واقع بھارت رتنم – میگا سی ایف سی میں این ٹی پی سی الیکٹرون کوئز 2026-27 کے ممبئی علاقائی مرحلے کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں مہاراشٹر، گجرات، راجستھان اور گوا کے معروف انجینئرنگ اور مینجمنٹ اداروں کی نمائندگی کرنے والی 36 ٹیموں نے سرگرم طورپر شرکت کی۔
علاقائی مرحلہ ’’کاروبار اور مینجمنٹ کی دنیا سے متعلق ہر چیز اور ہر موضوع‘‘ کے عنوان پر منعقد کیا گیا۔ کوئز کا مقصد طلبہ کو قیادت، مارکیٹ، کارپوریٹ حکمتِ عملی، کاروباری سرگرمیوں، اختراع اور پائیداری کے شعبوں میں ہونے والی عصری پیش رفت سے آگاہ ہونے کی ترغیب دینا تھا۔
مقابلے کا آغاز موقع پر ہی منعقد کیے گئے تحریری مرحلے سے ہوا، جس میں تمام شریک ٹیموں نے موضوع سے متعلق سوالنامے کے جواب دیے۔ اس کے بعد سرفہرست چھ ٹیموں نے ملٹی میڈیا پر مبنی اسٹیج کے فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا، جس میں سمعی وبصری سوالات، تیز رفتار سوال و جواب کے راؤنڈز اور بزر کے ذریعے پوچھے جانے والے سوالات شامل تھے۔
اس موقع پر این ٹی پی سی کے سینئر افسران ، جن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر (نیوکلیئر) جناب نربھے گپتا بھی شامل تھے،موجود تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جناب گپتا نے کہا کہ نوجوان طلبہ کا جوش و خروش، علم، کاروبار اور اختراع میں ان کی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔ جناب گپتا نے کہا کہ این ٹی پی سی نوجوانوں میں ذہانت، قیادت اور صحت مند مسابقت کو فروغ دینے والے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے تئیں پُرعزم ہے۔

این ٹی پی سی کے ویسٹرن ریجن-1 کے ریجنل ہیڈ آف ایچ آر اور جی ایم (ایچ آر)، نیوکلیئر، جناب انیل کمار چاولہ نے کہا کہ الیکٹرون کوئز اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ملک کی تعمیر کا ایک اہم حصہ ہے۔ جناب چاولہ نے مزید کہا کہ یہ پروگرام سیکھنے، باہمی تعاون اور نوجوان طلبہ کی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے۔
علاقائی مرحلے کا انعقاد معروف کوئز ماسٹر جناب گوتم بوس نے کیا، جو گری سیلز کے بانی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ علمی شعبے کے ماہر ہیں۔
سخت مقابلے پر مشتمل فائنل مرحلے کے بعد ممبئی کے ایس پی جے آئی ایم آر کے سنی دھی سنگھ راگھونشی اور دیو کھیمانی فاتح قرار پائے اور انہیں فی ٹیم 60,000 روپے کا پہلا انعام دیا گیا۔ جمنالال بجاج انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز کے ایشان جینت ییوالے اور رُشب گوکل جین کھیوسارا نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور انہیں فی ٹیم 40,000 روپے کا انعام دیا گیا۔ آئی آئی ٹی ممبئی کے شگن سریواستو اور جوہان سیم بیجو نے تیسری پوزیشن حاصل کی اور انہیں فی ٹیم 20,000 روپے کا انعام دیا گیا۔



پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں قومی سطح کے مقابلے میں این ٹی پی سی ویسٹرن ریجن-1 کی نمائندگی کریں گی۔
این ٹی پی سی الیکٹرون کوئز کا انعقاد 2004 سے کیا جا رہا ہے اور یہ طلبہ کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور ان کے علم، تجزیاتی صلاحیتوں اور مسابقتی جذبے کو فروغ دینے کے لیے این ٹی پی سی کے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے۔
******
ش ح ۔ ش م ۔ م ا
UR No-3734
(ریلیز آئی ڈی: 2311575)
وزیٹر کاؤنٹر : 5