کانکنی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

خصوصی مہم 5.0 کی کامیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، وزارت کانکنی نے خصوصی مہم 6.0 کے تحت ای-ویسٹ مینجمنٹ کو تقویت دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 SEP 2026 5:07PM by PIB Delhi

حکومت ہند نے 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک خصوصی صفائی مہم 6.0 شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصی صفائی مہم 5.0 کی کامیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، وزارت اس سال خصوصی صفائی مہم 6.0 کی تیاری کر رہی ہے، جس میں سوچھتا، پائیداری اور وسائل کے ذمہ دارانہ انتظام کے لیے حکومت کے عزم کے  پیش نظر ’’ای-ویست مینجمنٹ کو مؤثر طریقے سے جمع کرنا، الگ کرنا اور ٹھکانے لگانے‘‘  پر خصوصی توجہ ہوگی۔

 

خصوصی صفائی مہم 5.0 کی کامیابی اور اس کے بعد نومبر 2025 سے اگست 2026 تک جاری کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، وزارت اور اس کے فیلڈ اداروں نے انتظامی کارکردگی بہتر بنانے اور سرکاری وسائل کے زیادہ سے زیادہ مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کی سمت نمایاں پیش رفت درج کی ہے۔

 

اس مدت کے دوران مجموعی طور پر 1,772 عوامی شکایات کا ازالہ کیا گیا اور 3,751 کاغذی فائلوں کو تصفیہ کیا گیا، جس سے ریکارڈ کے بہتر انتظام اور انتظامی عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملی۔ اس مہم کے نتیجے میں 1.7 لاکھ مربع فٹ سے زیادہ دفتری جگہ بھی خالی کرائی گئی، جس سے سرکاری عمارتوں اور احاطوں کے زیادہ مؤثر استعمال کی راہ ہموار ہوئی۔ اس کے علاوہ، وزارت اور اس سے وابستہ اداروں میں 116 مہمات چلائی گئیں، جن کے نتیجے میں کباڑ کےسامان کو ٹھکانے لگانے سے تقریباً 19.33 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔

 

خصوصی صفائی مہم 6.0 کے تحت 15 سے 30 ستمبر 2026 تک تیاری کے مرحلے میں ارکان پارلیمنٹ، وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) اور ریاستی حکومتوں سے موصولہ زیرالتوا حوالہ جات، عوامی شکایات اور اپیلوں، پارلیمانی یقین دہانیوں کے ساتھ ساتھ ریکارڈ کے جائزے اور انتظام سے متعلق اہداف کی نشاندہی اور تعین پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

 

مورخہ2 سے 31 اکتوبر 2026 تک نفاذ کے مرحلے میں وزارتِ کانکنی، اس کے منسلک اور ماتحت دفاتر، مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں (سی پی ایس ای)اور خود مختار اداروں کی مربوط کوششوں کے ذریعے طے شدہ اہداف حاصل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

اس سال کے موضوع کے مطابق، وزارت نے  اپنے تحت ایک خودمختار ادارے جے این اے آر ڈی ڈی سی کو نامزد کیا ہے، جو ایم آر اے آئی کے تعاون سے جی پی او اے اور وزارت کانکنی کے مختلف دفاتر کے علاوہ مختلف ریاستوں اور مقامات پر واقع سرکاری دفاتر میں ای-ویسٹ جمع کرنے کے مراکز قائم کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد ای-ویسٹ سے اہم معدنیات کی بازیابی اور ری سائیکلنگ کو فروغ دینا ہے، جو قومی اہم معدنیات مشن (این سی ایم ایم) کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔

خصوصی مہم 6.0 کے ذریعے وزارت کانکنی سوچھتا، پائیداری، مؤثر حکمرانی اور وسائل کے ذمہ دارانہ انتظام کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مستحکم کرے گی اور پائیدار ترقی کے وسیع تر قومی مقصد میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

 

یہ مہم سرکاری دفاتر میں مؤثر طریقہ کار کو مستقل طور پر رائج کرنے اور ای-ویسٹ سمیت وسائل کے ماحول دوست اور ذمہ دارانہ انتظام کو فروغ دینے کے لیے وزارت کی کوششوں کو مزید تقویت دے گی۔

*****

ش ح۔ م ش  ۔ ص ج

U. N-3645

 


(ریلیز آئی ڈی: 2311031) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu