وزارت دفاع
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دھیرج سیٹھ کا روس کا سرکاری دورہ
دورے کا مقصد ،بھارت-روس دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات کو مزید بہتربنانا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 SEP 2026 10:23AM by PIB Delhi
چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل دھیرج سیٹھ 16 سے 18 ستمبر 2026 تک روس کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری اور افواج کے درمیان تعاون کو مزید بہتربنانا ہے۔
دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف کوباقاعدہ گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور وہ ماسکو میں واقع ’گمنام سپاہی کی یادگار‘ پر شہید فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ وہ روسی بری افواج کے کمانڈر ان چیف کرنل جنرل آندرے نیکولایوچ موردویچیف کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کریں گے، جن میں پیشہ ورانہ فوجی تعاون اور تربیت بھی شامل ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف ماسکو میں واقع نیشنل ڈیفنس کنٹرول سینٹر کا دورہ کریں گے اور روسی وزارتِ دفاع کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے، جن میں دفاعی صنعت اور خریداری کے امور کے ذمہ دار نائب وزیر دفاع جناب واسیلی سرگئیووچ اوسماکوف بھی شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں کے ذریعے عصری فوجی پیش رفت سے متعلق نقطۂ نظر کے تبادلے اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کا موقع ملے گا۔
دورے کے ایک حصے کے طور پر جنرل دھیرج سیٹھ سینٹ پیٹرزبرگ بھی جائیں گے، جہاں وہ میخائیلووسکایا ملٹری آرٹلری اکیڈمی کا دورہ کریں گے اور اکیڈمی کی قیادت اور تدریسی عملے سے ملاقات کریں گے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کی جانب سے مسلسل فوجی سفارت کاری اور فوج سے فوج کے درمیان روابط کو دی جانے والی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ توقع ہے کہ ان ملاقاتوں سے فوجی تعاون مزید گہرا ہوگا اور بھارت اور روس کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

********
(ش ح ۔ش ب ۔ج ا )
U. No.3615
(ریلیز آئی ڈی: 2310735)
وزیٹر کاؤنٹر : 9