زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
بارانی اراضی پر دہلی اعلانیہ کے ساتھ ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 اختتام پذیر
بارانی اراضی کو تبدیلی سے ہمکنار کرنے کے لیے سائنس، اختراع اور شراکت داری پر زور دینے کے ساتھ سہ روزہ ڈرائی لینڈ کانگریس اختتام کو پہنچی
مضبوط ڈیٹا نظام اور حقیقی دنیا کی تجربہ گاہیں مضبوط ڈرائی لینڈ ایگری فوڈ نظام وضع کرنے میں اہمیت کے حامل ہیں: ڈی اے آر ای کے سکریٹری ڈاکٹر ایم ایل جاٹ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 SEP 2026 9:07AM by PIB Delhi
نئی دہلی میں آج تین روزہ ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 داس پرزور مطالبے کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی کہ بارانی اراضی پر زراعت کے حل کو تیز کرنے کے لیے جنوب-جنوب اور سہ فریقی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ کانگریس کا آخری دن 'جنوب-جنوب تعاون کے لیے اقوامِ متحدہ کے دن' کے ساتھ ہم آہنگ رہا اور اس کا اختتام 'بارانی اراضی پر دہلی اعلانیہ (تھری ڈی) کی منظوری پر ہوا، جس نے گلوبل ساؤتھ میں اشتراکِ عمل، معلومات کے تبادلے، جدت طرازی اور اجتماعی کارروائی کے ذریعے بنجر زراعت کی کایا پلٹنے کے لیے ایک مشترکہ ایجنڈا طے کیا ہے۔ ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 کے اختتامی اجلاس عام میں شریک حکومتوں، اداروں، شراکت داروں اور مندوبین نے اس اعلامیے کی توثیق کی۔
اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی اے آر ای کے سکریٹری اور آئی سی اے آر کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر ایم ایل جاٹ نے بارانی اراضی پر زراعت کو فروغ دینے کی کوششوں میں دوراندیشی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایک مضبوط ادارہ جاتی طریقہ کار کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آئی سی اے آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل اکنامکس اینڈ پالیسی ریسرچ (آئی سی اے آر – این آئی اے پی) کو بارانی زراعت پر دور اندیشی کے کام کی قیادت کا مینڈیٹ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بارانی زرعی و غذائی نظام کے لیے مضبوط ڈیٹا اور معلوماتی نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا، اور ساتھ ہی ایسے مشترکہ اختراعی مراکز یا حقیقی دنیا کی تجربہ گاہوں کے قیام پر زور دیا جو تحقیق کو عملی اقدامات اور پالیسی سے جوڑ سکیں۔
آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ہمانشو پاٹھک نے عالمی غذائی تحفظ کے لیے بنجر و بارانی اراضی کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ گزشتہ تین دنوں کی مشاورت کو ٹھوس اقدامات کی شکل دی جائے۔ انہوں نے ان مباحثوں کے نچوڑ کو سامنے لانے اور انہیں قلیل و طویل مدتی اقدامات میں ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ مہارت، علم اور باہمی تعاون کو یکجا کرتے ہوئے خیالات کو تصورات میں اور تصورات کو ٹھوس عمل اور نفاذ میں تبدیل کیا جا سکے۔
اختتامی سیشن میں نئی شراکت داریوں اور کانگریس سے ابھرتے ہوئے اشتراک کو اجاگر کیا گیا۔ گلوبل کراپ ڈائیورسٹی ٹرسٹ کے ساتھ نئے معاہدے اور مفاہمتی عرضداشتوں کا اعلان کیا گیا۔ آئی سی آر آئی ایس اے ٹی نے ایویور لائف سائنسز، این آئی ایف ٹی ای ایم، وپرو لمیٹڈ، اور اوڈیشہ کے اضلاع انگول اور رائگڑا کی انتظامیہ کے ساتھ مفاہمتی عرضداشتوں کا تبادلہ بھی کیا، جس سے بارانی زراعت میں جدت طرازی اور عملی اقدامات کو فروغ دینے والی شراکت داریوں کو مزید استحکام ملا۔ کانگریس کے شریک صدور، ڈاکٹر ڈی کے یادو، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (کراپ سائنس)، آئی سی اے آر اور ڈاکٹر اسٹینفورڈ بلیڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (تحقیق و اختراع)، آئی سی آر آئی ایس اے ٹی نے تین روزہ مشاورت کا خلاصہ پیش کیا اور کانفرنس سے سامنے آنے والے اہم نتائج اور سفارشات پر روشنی ڈالی۔
اس سے قبل، دن کا آغاز 'جنوب-جنوب تعاون کے لیے اقوامِ متحدہ کے دن' کی ایک یادگاری تقریب سے ہوا، جس میں اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل، ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل اور یو این او ایس ایس سی کی ڈائریکٹر محترمہ دیما الخطیب کے پیغامات پیش کیے گئے۔ آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ہمانشو پاٹھک نے زراعت میں جنوب-جنوب تعاون کے لیے بین الاقوامی یکجہتی (آئی ایس ایس سی اے) کے وژن کا اشتراک کیا اور گلوبل ساؤتھ میں شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آئی سی آر آئی ایس اے ٹی، آئی سی اے آر، سی جی آئی اے آر، آر آئی ایس، نابارڈ اور 'سی جی آئی اے آر کیپیسٹی شیئرنگ ایکسلریٹر' کے نمائندوں نے زیادہ اثر پذیری کے لیے جنوب-جنوب تعاون کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اس کے بعد سی جی آئی اے آر کے اشتراک سے ایک سیشن منعقد ہوا جس کا عنوان 'نالج ود آؤٹ بارڈرز: ایڈوانسنگ ساؤتھ-ساؤتھ اینڈ ٹرائینگلر کوآپریشن' تھا۔ دو پینل مباحثوں کے دوران جنوب-جنوب اور سہ فریقی تعاون کو مؤثر بنانے اور کامیاب ماڈلز کو بڑے پیمانے پر لاگو کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا。 ایتھوپیا، سینیگال، برازیل، چین اور بھارت کے قومی زرعی تحقیقی نظام کے مقررین کے ساتھ ساتھ سی جی آئی اے آر، فارا اور اپاری کے نمائندوں نے اپنے تجربات اور نظریات کا تبادلہ کیا۔
اس کانگریس میں 'آئی ایس ایس سی اے گلوبل ایوارڈز 2026' بھی پیش کیے گئے، جو کہ ایک سالانہ فلیگ شپ پہل قدمی ہے اور جس کا مقصد گلوبل ساؤتھ کے ایسے اداروں کی مسلمہ زرعی اختراعات کو تسلیم کرنا ہے جن میں بڑے پیمانے پر وسعت اور بین الممالک مطابقت کی زبردست صلاحیت موجود ہو۔ افتتاحی ایڈیشن کو ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطی، لاطینی امریکہ اور کریبیائی خطے کے 34 ممالک سے 170 نامزدگیاں موصول ہوئیں۔ آئی ایس ایس سی اے عالمی ایوارڈ برائے تغیراتی عمدگی (میگا ایوارڈ) ٹی اے اے ٹی گیہوں کمپیکٹ ٹکنالوجیز: گرمی کو برداشت کرنے والے گیہوں کی اقسام، کے لیے آئی سی اے آر ڈی اے، لبنان کو؛ای-ایگرولاجی 360 کے لیے سی آئی ایم ایم وائی ٹی، میکسکو کو؛ اور تغذیہ و دیہی مضبوط کے لیے خواتین کے زیر قیادت پائیدار زراعت کے لیے حکومتِ اوڈیشہ، بھارت کے اوڈیشہ روزی روٹی مشن کو دیا گیا۔
کراپ امپروومنٹ اینڈ پروڈکشن ٹیکنالوجیز کے ایوارڈز بنگلہ دیش زرعی تحقیقاتی ادارے (بی اے آر آئی) کو 'باری چینابادام-9' کے لیے؛ یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز، دھارواڑ، بھارت کو 'جی پی بی ڈی 4 کے لیے؛ اور محکمہ زرعی تحقیقات (ڈی اے آر)، میانمار کو موسماتی طور پر سازگار اور جلد پکنے والی چنے، ارہر اور مونگ پھلی کی اقسام کے لیے دیے گئے۔ نیچرل ریسورس مینجمنٹ اینڈ کلائمیٹ ریزیلیئنٹس کے ایوارڈز کرناٹک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر کو 'کرشی بھاگیہ' کے لیے؛ نیکٹر، بھارت کو 'کیلے کے جھوٹے تنے کی مربوط پروسیسنگ' کے لیے؛ محکمہ زراعت، حکومتِ بہار کو 'آہار–پائن کے مناظر کی بحالی' کے لیے؛ اور سسٹین ایبل فارمنگ سلوشنز، ملاوی کو 'ڈیجیٹل زمین کی بحالی کی نگرانی' کے لیے دیے گئے۔
ایگری بزنس اینڈ مارکیٹ سسٹمز کے ایوارڈز بنگلہ دیش کی بی آئی آئی ڈی فاؤنڈیشن کو 'ای-کرشک' کے لیے؛ تمل ناڈو ایگریکلچرل یونیورسٹی کو ٹی این اے یو – ایف پی او لنکیج پروگرام کے لیے؛ اور نائیجیرین اسٹورڈ پروڈکٹس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو اس کے 'پیرابولک شیپڈ سولر ڈرائر' کے لیے دیے گئے۔ ڈیجیٹل ایگریکلچر کے ایوارڈز محکمہ باغبانی، حکومتِ آندھرا پردیش کو 'اے پی ایم آئی پی ڈیجیٹل ایکو سسٹم' کے لیے؛ اور زراعت، کسانوں کی فلاح و بہبود اور تعاون کے محکمہ، حکومتِ گجرات کو 'کرشی پرگتی' کے لیے دیے گئے۔
لائیواسٹاک امپروومنٹ اینڈ پروڈکشن ٹیکنالوجیز کے ایوارڈز بنگلہ دیش کے 'ورلڈ فش' کو اس کے کارپ مچھلی کے بہتر بیج کے نظام کے لیے؛ اور انٹرنیشنل لائیوسٹاک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی ایل آر آئی)، کینیا کو 'پارٹیسیپیٹری انڈیجنس چکن بریڈ امپروومنٹ پروگرام' کے لیے دیے گئے۔ اس کے علاوہ، طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کو 16 بیسٹ پوسٹر ایوارڈز پیش کیے گئے، جو بارانی زراعت میں امید افزا تحقیق اور ابھرتے ہوئے سائنسی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
’’جنوب جنوب باہمی تعاون کے ساتھ بارانی اراضی پر زراعت کے تغیر‘‘ کے موضوع کے تحت منعقدہ یہ کانگریس سائنسی علم کو عملی جامہ پہنانے، کامیاب ایجادات کو بڑے پیمانے پر پھیلانے، اور گلوبل ساؤتھ میں مضبوط اور پائیدار بارانی زراعت کے لیے شراکت داری کو مضبوط کرنے کے ایک نئے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:3360
(ریلیز آئی ڈی: 2309680)
وزیٹر کاؤنٹر : 4