الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی کے سی ای او نے آئی آئی ایم کلکتہ میں لیٹس 2026 سے خطاب کیا، آبادی کی سطح پر اثرات کے لیے اے آئی ایکو سسٹم کی اہمیت پر روشنی ڈالی
دی کیپیبلٹی ڈیکیڈ کے موضوع پر کولکاتا میں سالانہ بزنس کنکلیو کا انعقاد کیا گیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 SEP 2026 7:41PM by PIB Delhi
لیٹس 2026، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کلکتہ (آئی آئی ایم کلکتہ) کی سالانہ بزنس کنکلیو، آج کولکاتہ میں ”دی کیپیبلٹی ڈیکیڈ“ کے موضوع کے تحت منعقد ہوئی۔ اس کنکلیو میں طلبہ، صنعتی شعبے کے رہنماؤں اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی اور مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی، اختراع، قیادت اور تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے ٹیکنالوجی کے منظرنامے میں اثرات پیدا کرنے کے لیے درکار صلاحیتوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
کنکلیو میں جناب امیتابھ ناگ، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)، ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن، وزارت الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی (MeitY) نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے زبان سے متعلق ٹیکنالوجی کو ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے طور پر تیار کرنے اور متعارف کرانے کے بھارت کے تجربے سے حاصل ہونے والی بصیرت پیش کی۔ ان کی گفتگو میں اس بات پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی کہ مصنوعی ذہانت کو ماڈل اور تجربات کے مرحلے سے نکال کر بڑے پیمانے پر حقیقی دنیا میں قابل عمل بنانے اور اس کے استعمال کو فروغ دینے میں کن چیلنجوں کا سامنا ہوتا ہے۔
متنوع آبادی تک رسائی کے چیلنجوں پر گفتگو کرتے ہوئے جناب ناگ نے ڈیجیٹل، لسانی اور خواندگی کے درمیان موجود خلیج کو باہم مربوط چیلنج قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کو لوگوں اور ان کے مخصوص حالات کے مطابق ڈھلنا چاہیے۔ انہوں نے رسائی کو وسعت دینے میں وائس فرسٹ اور کثیر لسانی ٹیکنالوجی کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ بھارت کے تنوع کے پیش نظر مصنوعی ذہانت کے نظاموں میں زبان، بولی، شعبے اور سیاق و سباق کے فرق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
اجلاس کے دوران اس نقطۂ نظر کے عملی اطلاق کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ جناب ناگ کی گفتگو کے دوران بھاشنی کے شرت لیکھ کو براہ راست استعمال کیا گیا، جس سے حقیقی وقت میں زبان کا ترجمہ اور نقل تحریر ممکن ہوئی۔ اس مظاہرے سے واضح ہوا کہ لسانی مصنوعی ذہانت براہ راست حالات میں کس طرح کام کر سکتی ہے اور محدود یا تجرباتی ماحول سے آگے بڑھ کر کثیر لسانی مواصلات میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
اس گفتگو میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کی کامیابی کو تشکیل دینے والے تنظیمی اور مصنوعات سے متعلق فیصلوں پر بھی بات ہوئی۔ بھاشنی کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے جناب ناگ نے لوگوں کے ساتھ اور لوگوں کے لیے تعمیر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جس میں بھاشا دان کے ذریعے لسانی وسائل کی تخلیق میں کمیونٹی کی شمولیت بھی شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خیالات کو قابل استعمال حل میں تبدیل کرنے کے لیے واضح استعمال کے معاملات، تیز رفتار تجربات، ناکامی سے سیکھنے اور مختصر فیڈ بیک لوپ کی اہمیت ہے، جبکہ تحقیق اور مصنوعات تیار کرنے والی ٹیموں کو حقیقی دنیا کی ضروریات کے قریب لانا بھی ضروری ہے۔
بھاشنی کی تعمیر کے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا، ”ہمیں درپیش مشکل ترین مسائل تقریباً کبھی ماڈل سے متعلق نہیں تھے۔ وہ مارکیٹ ڈیزائن، ترغیبات کے ڈیزائن، تنظیمی ڈیزائن اور ایکو سسٹم ڈیزائن سے متعلق تھے۔“ انہوں نے مزید کہا، ”تنوع اب نیا معمول ہے اور ہمیں تیزی اور فوری طور پر خود کو اس کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔“
گفتگو میں ٹیکنالوجی کو انفرادی مصنوعات سے آگے لے جانے میں شراکت داری، کھلے بنیادی ڈھانچے، مشترکہ تخلیق اور ٹیم ورک کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کے ساتھ کام کرنے والی تنظیموں کو گفتگو، تجربات، ذہن سازی اور شراکت داری کی ثقافت فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایسا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی ضرورت ہے جو متعدد شرکا کو ایک بڑے ایکو سسٹم میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنائے۔
کنکلیو میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں، کاروبار اور قیادت کے موضوعات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں شرکا نے مصنوعی ذہانت پر مبنی معیشت میں تنظیموں اور پیشہ ور افراد کی بدلتی ہوئی ضروریات پر گفتگو کی۔ صلاحیت سازی پر زور اس ضرورت کی عکاسی کرتا ہے کہ صرف تکنیکی ترقی تک محدود رہنے کے بجائے بامعنی اختیار اور استعمال کے لیے درکار تنظیمی اور ایکو سسٹم کی صلاحیت بھی پیدا کی جائے۔
طلبہ کے ساتھ اپنی گفتگو کے اختتام پر جناب ناگ نے انہیں انفرادی ایپلی کیشنوں سے آگے بڑھ کر ان بڑے پلیٹ فارموں، معیارات اور ایکو سسٹم پر غور کرنے کی ترغیب دی جن کی تشکیل میں وہ اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”اس کے بجائے یہ سوال کریں کہ ہم ایکو سسٹم کا کون سا معیار قائم کر سکتے ہیں، اور کتنی تیزی سے دوسروں کو اپنے ساتھ شامل کرکے اس کے گرد نیٹ ورک افیکٹ کی تعمیر کر سکتے ہیں؟“
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) کے بارے میں
ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) کے تحت وزارت الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کا ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)، مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ کثیر لسانی ڈیجیٹل شمولیت کے لیے بھارت کا قومی پلیٹ فارم ہے۔ بھاشنی 800 سے زائد سرکاری ویب سائٹوں کو سہولت فراہم کرتی ہے، 9 ارب سے زائد مجموعی اے آئی نتائج کو فعال بنا چکی ہے، روزانہ 24 ملین سے زائد اے آئی نتائج پراسیس کرتی ہے اور 36 بھارتی متنی زبانوں، 23 بھارتی صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں کو سپورٹ کرتی ہے، جس کے ذریعے لسانی مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کو زیادہ قابل رسائی بنایا جا رہا ہے۔
************
ش ح۔ ف ش ع
U: 3355
(ریلیز آئی ڈی: 2309569)
وزیٹر کاؤنٹر : 6