سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
نشے کی لت سے استحکام تک: راجو کا صحت یا بی کی جانب سفر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 SEP 2026 5:26PM by PIB Delhi
نشے کی لت کسی شخص کی جذباتی صحت، خاندانی تعلقات، روزگار اور معاشرے میں اس کی حیثیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ بروقت علاج، کونسلنگ اور صحت یابی میں مسلسل معاونت افراد کو نشے کی لت پر قابو پانے اور استحکام و اعتماد کے ساتھ اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے میں مدد دے سکتی ہے۔
نشہ چھڑانے کے منظم علاج اور صحت یابی کے عمل میں معاونت کے مثبت اثرات کی مثال راجو (بدلا ہوا نام)، گجرات کے احمد آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ مستفید فرد کی صورت میں سامنے آتی ہے، جس نے گجرات کیلوَنی ٹرسٹ کے زیر انتظام نیا جیون-آئی آر سی اےمیں علاج اور کونسلنگ حاصل کرنے کے بعد نشے کی لت پر قابو پا لیا۔
راجو اب نشے سے پاک زندگی گزار رہا ہے اور اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بتدریج استحکام پیدا کر رہا ہے۔
راجو کا تعلق درج فہرست ذات برادری سے ہے اور اس نے انٹرمیڈیٹ/ڈپلومہ سطح تک تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ مناسب جذباتی تعاون، دیکھ بھال اور اپنائیت کے احساس کے بغیر پروان چڑھا، جس کے باعث کم عمری ہی سے وہ جذباتی طور پر کمزور ہو گیا۔ مشکل اور غیر معاون خاندانی ماحول میں اس نے بتدریج نشے کو حالات سے نمٹنے کے ایک ذریعہ کے طور پر اختیار کیا اور شدید نشے کی لت میں مبتلا ہو گیا۔
اس کوگود لینے والے والد کی وفات کے بعد راجو کے حالات مزید خراب ہو گئے اور نشے کی لت کے باعث اسے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ بعد میں جب اس نے اپنی حیاتیاتی(اصل) والدہ سے مدد طلب کی تو اسے ان کے خاندان کے افراد کی جانب سے بھی مسترد کیے جانے کے حالات کاسامنا کرنا پڑا۔ معاشرتی بدنامی اور برادری میں تنہائی نے اس کی کمزوری اور مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
اسے روزگار کے غیر مستحکم مواقع، مالی عدم تحفظ، محدود سماجی قبولیت اور صحت یابی میں معاون ماحول کی عدم موجودگی کا بھی سامنا رہا۔ اگرچہ اسے کچھ عرصے کے لیے سکیورٹی گارڈ کی ملازمت مل گئی، لیکن غیر مستحکم حالات اور جاری نشے کی لت کے باعث اس کے لیے طویل مدتی روزگار برقرار رکھنا مشکل رہا۔
ان تمام مشکلات کے باوجود راجو نشے کی لت سے نجات حاصل کرنے، مالی طور پر خود کفیل بننے، مستقل روزگار حاصل کرنے اور اپنے خاندان و برادری میں دوبارہ قبولیت حاصل کرنے کا خواہش مند تھا۔ تاہم، مضبوط معاون نظام کی عدم موجودگی اس کی جذباتی صحت اور صحت یابی کے امکانات کو مسلسل متاثر کرتی رہی۔

مورخہ 24 جولائی 2024 کو احمد آباد میں نیا جیون-آئی آر سی اے میں راجو کا داخلہ اس کی زندگی کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ مرکز میں اسے نشہ چھڑانے کا علاج اور کونسلنگ کی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں انفرادی کونسلنگ، خاندانی کونسلنگ اور باقاعدہ فالو اَپ معاونت شامل تھی۔
منظم کونسلنگ، صحت یابی سے متعلق خدمات اور مسلسل معاونت کے ذریعے راجو نشے کی لت پر قابو پانے اور اپنی جذباتی صحت کو بہتر بنانے میں کامیاب ہوا۔ فالو اَپ اقدامات نے اس کی صحت یابی کے عمل کو مزید تقویت دی اور اسے معاشرے میں دوبارہ گھلنے ملنے کی جانب آگے بڑھنے میں مدد فراہم کی۔
راجو اس وقت نشے سے پاک زندگی گزار رہا ہے اور بتدریج اپنے اعتماد اور زندگی میں استحکام کو دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔ وہ اب کل وقتی ملازمت کر رہا ہے اور نئی ملازمت میں اس کی تنخواہ میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے اس کے مالی تحفظ اور خود انحصاری میں بہتری آئی ہے۔
راجو کی داستان اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بروقت نشہ چھڑانے کا علاج، کونسلنگ، صحت یابی اور مسلسل فالو اَپ کسی کمزور اور مشکلات سے دوچار فرد کو نشے کی لت پر قابو پانے اور زیادہ مستحکم ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی دوبارہ شروع کرنے میں کس طرح مدد دے سکتے ہیں۔
*****
ش ح۔ م م۔ ش ب ن
U.No. 3321
(ریلیز آئی ڈی: 2309251)
وزیٹر کاؤنٹر : 11