سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
شراب پر انحصار سے لے کر تجدید شدہ استحکام تک: بحالی ، ذمہ داری اور امید کی جانب کوی کا سفر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 SEP 2026 3:13PM by PIB Delhi
شراب کی لت بتدریج کسی فرد کی جسمانی صحت، جذباتی بہبود، خاندانی تعلقات اور مستحکم روزگار برقرار رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ بروقت مشاورت ، منظم بحالی اور مستقل خاندانی مدد افراد کو شراب کی لت پر قابو پانے اور اعتماد اور وقار کے ساتھ اپنی زندگی کی تعمیر نو میں مدد کر سکتی ہے ۔
نشہ آور اشیا کی طلب میں کمی کے قومی عملی منصوبے (این اےپی ڈی ڈی آر) کے تحت فراہم کی جانے والی مدد کے اثرات کو ظاہر کرتے ہوئے، تمل ناڈو کے ضلع ایروڈ کے 31 سالہ رہائشی کوی (نام تبدیل کر دیا گیا ہے) نے تقریباً چھ سال تک شراب پر انحصار کے بعد اس پر قابو پا لیا ہے اور اب وہ زیادہ صحت مند اور مستحکم زندگی گزار رہے ہیں۔ اس کے تعلق سےان کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دیرپا صحت یابی کے حصول میں مشاورت، بحالی اور مسلسل پیروی کس طرح اہم رول ادا کرتی ہے۔
کوی، جن کا تعلق جنرل زمرے سے ہے۔ انہوں نے ہائی اسکول تک تعلیم حاصل کی اور وہ کل وقتی ملازم ہیں۔ کبھی کبھار شراب پینے کی عادت سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ بتدریج شراب پر انحصار میں تبدیل ہو گیا، کیونکہ وہ جذباتی دباؤ، خاندانی مسائل اور ذاتی مایوسیوں سے نمٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شراب پر انحصار نے ان کی جسمانی صحت، جذباتی بہبود، تعلقات اور روزمرہ کی ذمہ داریاں نبھانے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا۔ وہ جذباتی بے چینی، نیند میں خلل، کام کرنے کی ترغیب میں کمی اور کم خود اعتمادی کا شکار ہو گئے، جس کے باعث وہ بتدریج سماجی طور پر الگ تھلگ ہوتے گئے اور اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کا شکار بھی رہنے لگے۔
ان کے کنبے کو اس وقت گہری تشویش لاحق ہوئی جب انہوں نے کوی کے جذباتی اشتعال اور سماجی میل جول سے دوری کو محسوس کیا۔ شراب پر انحصار نے کام پر ان کی حاضری اور کارکردگی کو بھی متاثر کیا، جس کی وجہ سے ان کے لیے مستحکم آمدنی برقرار رکھنا اور اپنے مالی معاملات سنبھالنا مشکل ہو گیا تھا۔ اس صورت حال سے متعلقہ کنبے پر جذباتی اور معاشی دباؤ مزید بڑھ گیا۔
ان مشکلات کے باوجود کوی اپنی زندگی بدلنے کے تئیں پرعزم رہے۔ 7 اکتوبر 2025 کو انہیں تمل ناڈو کے ضلع ایروڈ میں قائم ‘سینٹر فار ایکشن اینڈ رورل ایجوکیشن’سے مدد ملی، جو نشے کے عادی افراد کے لیے بحالی کا ایک مربوط مرکز (آئی آر سی اے) ہے۔
بحالی کے ٹھوس منصوبے کے تحت کوی کو انفرادی مشاورت، جذباتی اور نفسیاتی مدد، خاندانی مشاورت، حوصلہ افزائی اور رویوں سے متعلق رہنمائی، دوبارہ نشے کی طرف لوٹنے سے بچاؤ کی تربیت اور باقاعدگی سے فالو اپ نگرانی فراہم کی گئی۔ پروگرام میں جذبات پر قابو پانے، صحت مند انداز میں مسائل سے نمٹنے کی حکمت عملی، گروپ تھراپی، کنبے کی شمولیت اور طرز زندگی میں مثبت تبدیلی پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔

کوی نے بحالی کے اس پروگرام میں سرگرم طور پر حصہ لیا اور صحت یابی اور اپنی شخصیت کی مثبت نشوونما کے لیے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ مسلسل مشاورت سے انہیں شراب پر انحصار کے اثرات کو سمجھنے، ذہنی دباؤ سے زیادہ موثر انداز میں نمٹنے اور جذباتی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے صحت مند طریقے اپنانے میں کافی مدد ملی۔
مسلسل رہنمائی اور کنبے کی مدد سے انہوں نے بتدریج خود اعتمادی اور جذباتی استحکام پھرسے حاصل کیا۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ صحت مند تعلقات بحال کیے اور روزمرہ معمولات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھانے میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے لگے۔
صحت یابی کے عمل سے ان کے روزگار اور مالی حالات میں بھی مثبت تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ حاضری، کام کی کارکردگی اور مالی معاملات کے بہتر انتظام سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہوا اور کنبے کے معاشی استحکام میں بہتری آئی۔
فی الحال کوی شراب سے مکمل پرہیز برقرار رکھتے ہوئے زیادہ صحت مند، مستحکم اور بامقصد زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ مسلسل فالو اپ مشاورت کے لیے سیشنز میں شرکت کر رہے ہیں اور اپنی صحت یابی کو برقرار رکھنے کے تئیں پرعزم ہیں۔ ان کی زندگی میں آنے والی یہ تبدیلی اسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنے والے دیگر افراد کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنی ہے۔
کوی کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عزم، مناسب علاج، کنبے کی شمولیت اور ادارہ جاتی سطح پر مسلسل تعاون کے ذریعے شراب پر انحصار پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ نئے اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ انہوں نے وقار، معاشی استحکام اور امید سے بھرپور زندگی کی سمت قدم بڑھایا ہے۔
*****
ش ح۔ ش م ۔ت ع
U.No. 3262
(ریلیز آئی ڈی: 2308709)
وزیٹر کاؤنٹر : 8