زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 کے لیے نئی دہلی میں عالمی برادری کا اجلاس؛ 800 سے زیادہ عالمی ماہرین چھ کلیدی موضوعات پر غور و خوض کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 SEP 2026 7:23PM by PIB Delhi
خشک علاقوں سے متعلق کام کرنے والی دنیا بھر کی سائنسی، پالیسی اور زرعی برادریاں 10 سے 12 ستمبر 2026 تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والی تین روزہ گلوبل ڈرائی لینڈ کانگریس 2026 میں جمع ہوں گی، جس کا موضوع ’جنوب-جنوب تعاون کے ذریعے خشک علاقوں کی زراعت میں تبدیلی‘ ہے۔
انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور انٹرنیشنل کراپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار دی سیمی اریڈ ٹراپکس (آئی سی آر آئی ایس اے ٹی) کے مشترکہ اہتمام میں منعقد ہونے والی یہ کانگریس نیشنل ایگریکلچرل سائنس کمپلیکس میں منعقد ہوگی اور آئی سی اے آر– آئی سی آر آئی ایس اے ٹی شراکت داری کے 50 سال مکمل ہونے کی اہم سنگ میل تقریب بھی ہوگی۔
یہ کانگریس ایک انتہائی اہم وقت میں منعقد ہو رہی ہے۔ خشک علاقے دنیا کی تقریباً 45 فیصد زمینی سطح پر پھیلے ہوئے ہیں اور یہاں دو ارب سے زائد افراد آباد ہیں۔ ان میں سے بہت سے چھوٹے کاشت کار ہیں جو موسمی تغیر، اراضی کی تنزلی، پانی کی قلت اور بدلتی ہوئی منڈیوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
تین روزہ کانگریس کے دوران ایشیا، افریقہ اور امریکہ کے مختلف ممالک سے 800 سے زائد سائنس دان، پالیسی ساز، کسانوں کے نمائندے اور ترقیاتی شراکت دار چھ موضوعات — افزائش نسل، موسمیاتی لچک، غذائیت اور منڈیاں، زرعی نظام، بیج کے نظام اور صنفی و نوجوانوں کی شمولیت — پر پینل مباحثوں، کلیدی اور مرکزی خطابات، متوازی اجلاسوں اور پوسٹر نمائشوں کے ذریعے غور و خوض کریں گے۔
کانگریس کے آخری روز اقوام متحدہ کے جنوب-جنوب تعاون کے دن کی بھی یاد منائی جائے گی۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب اور زرعی تحقیق میں جنوب-جنوب اور سہ فریقی تعاون (ایس ایس ٹی سی) کو فروغ دینے کے لیے مخصوص اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جن کا اہتمام سی جی آئی اے آر کے اشتراک سے کیا جائے گا۔
کانگریس کی کارروائی کا اختتام ڈرائی لینڈ سے متعلق دہلی اعلامیہ (3D) کی منظوری کے ساتھ ہوگا۔ اس کے علاوہ نئی شراکت داریوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یو) کا اعلان کیا جائے گا اور خشک علاقوں سے متعلق سائنس میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔
زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان بطور مہمان خصوصی کانگریس سے خطاب کریں گے۔ ان کے ساتھ آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ہمانشو پاٹھک، آئی سی آر آئی ایس اے ٹی بورڈ کی چیئر محترمہ کیتھی ریڈ، ڈی اے آر ای کے سکریٹری اور آئی سی اے آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم ایل جاٹ، سی جی آئی اے آر کی چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر سینڈرا ملاچ، آئی سی اے آر کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر آر ایس پروڈا، ڈاکٹر پنجاب سنگھ اور ڈاکٹر ٹی موہا پاترا، نیز کانو، نائیجیریا کی بایرو یونیورسٹی کے سینٹر فار ڈرائی لینڈ ایگریکلچر کے ڈائریکٹر پروفیسر ایس جی محمد اور آئی سی آر آئی ایس اے ٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ولیم ڈار شرکت کریں گے۔ ان کے علاوہ دنیا بھر سے خشک علاقوں کی زراعت کے فروغ کے لیے کام کرنے والے دیگر ممتاز رہنما، سائنس دان اور نامور شخصیات بھی کانگریس میں شرکت کریں گی۔
***********
ش ح۔ ف ش ع
U: 3234
(ریلیز آئی ڈی: 2308543)
وزیٹر کاؤنٹر : 8