ریلوے کی وزارت
ریلوے کے وزیر مملکت جناب وی سومنا نے دہلی ڈویژن کے کنٹرول آفس میں سیفٹی، آپریشنز، وقت کی پابندی اور عوامی شکایات کا جائزہ لیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 SEP 2026 5:50PM by PIB Delhi
ریلوے اور جل شکتی کے وزیر مملکت جناب وی سومنا نے آج دہلی ڈویژن کے کنٹرول آفس کا دورہ کیا اور سیفٹی، ٹرینوں کی آمد و رفت، وقت کی پابندی اور عوامی شکایات سمیت ریلوے کے آپریشنز کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر مملکت نے کنٹرول آفس کے افسران اور عملے سے بات چیت کی۔ انہوں نے دہلی کے ڈی آر ایم جناب پشپیش آر تریاٹھی اور ان کی ٹیم کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔

کنٹرول آفس ریلوے ڈویژن کے اعصابی مرکز کے طور پر کام کرتا ہے، جہاں ٹرینوں کی آمد و رفت، دیکھ بھال کی منصوبہ بندی، نگرانی اور سلامتی سے متعلق سرگرمیوں کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جاتی ہے۔ یہ تمام امور دن رات، ہفتے کے ساتوں دن اور سال کے 365 دن انجام دیے جاتے ہیں۔
وزیر مملکت نے اہم کنٹرول شعبوں کے کام کاج کا جائزہ لیا
دورے کے دوران جناب وی سومنا نے سیکشن کنٹرولرز اور کنٹرول آفس کے مختلف دیگر شعبوں کے کام کاج کا جائزہ لیا، جن میں انجینئرنگ، کوچنگ، مال برداری، کمرشل، سگنل اور ٹیلی کمیونیکیشن، ٹریکشن اور سکیورٹی کنٹرول شامل ہیں۔ انہوں نے دہلی ڈویژن کے جدید ترین سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن (اسکاڈا) مرکز اور وار روم کا بھی دورہ کیا۔

دہلی ڈویژن ہندوستانی ریلوے کے نیٹ ورک کے سب سے مشکل اورپیچیدہ انتظامی ڈویژنوں میں شمار ہوتا ہے۔ افسران اور عملے کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر مملکت نے ریلوے کے آپریشنز کی پیچیدگیوں کو سمجھا اور مزید بہتری کے لیے ان شعبوں کی نشاندہی کرنے کے مقصد سے فرنٹ لائن عملے سے اہم معلومات حاصل کیں۔
بات چیت میں ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال، عملے کے کام کرنے کے حالات میں بہتری اور ریلوے کے آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے کی مستقبل میں ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیکنالوجی کے استعمال سےریلوے کی سلامتی اور آپریشنز میں بہتری:
جناب وی سومنا نے ریلوے کے مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کو اجاگر کیا، جس میں ٹرینوں کی آمد و رفت، سلامتی کی نگرانی اور دیکھ بھال کی نگرانی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور ریلوے کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو کی رہنمائی میں ہندوستانی ریلوے کے ان شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال نمایاں طور پر تیز ہوا ہے۔

جناب وی سومنا نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی نظام نے انسانی غلطیوں کو کم کرنے اور سیفٹی(سلامتی) کو بہتر بنانے میں مدد کی ہے اور مستقبل میں میک ان انڈیا اور دیگر پالیسی اقدامات پر مسلسل توجہ کے ذریعے ان کوششوں کو مزید بہتر اور مستحکم کیا جائے گا۔

جناب سومنا نے ریلوے کے عملے کے نظم و ضبط، فرض شناسی اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے ملازمین فوج کے جوانوں کی طرح اسی جذبے اور عزم کے ساتھ دن رات اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔
اس دورے سے ہندوستانی ریلوے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی، آپریشنل کارکردگی، سلامتی کی نگرانی اور عملے کی ضروریات پر مرکوز اصلاحات کو بہتر بنانے کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوئی۔
**********
ش ح۔ م ع ن۔ ش ہ ب
U. No-3226
(ریلیز آئی ڈی: 2308441)
وزیٹر کاؤنٹر : 29