صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قومی فلوروسس دن کے موقع پر مرکزی وزارت صحت نے فلوروسس سے متعلق قومی کثیر فریقی ورکشاپ کا انعقاد کیا


تحقیق، اختراع اور کثیر شعبہ جاتی اقدامات کے ذریعے این پی پی سی ایف کو مضبوط بنانے کے لیے اہم متعلقہ فریق ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 SEP 2026 5:11PM by PIB Delhi

مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے محکمہ صحت خدمات کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے ذریعے قومی فلوروسس )فلورائیڈ کی زیادتی سے پیدا ہونے والی بیماری(دن کے موقع پر ’’فلوروسس‘‘ کے موضوع پر قومی کثیر فریقی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ میں اہم متعلقہ فریقوں نے شرکت کی اور فلوروسس کی روک تھام، بروقت تشخیص، علاج و انتظام اور اس پر قابو پانے کے اقدامات کو قومی پروگرام برائے روک تھام و کنٹرول فلوروسس( این پی پی سی ایف) کے تحت مزید مضبوط بنانے کے لیے غور و خوض کیا۔

ورکشاپ میں دیگر متعلقہ فریقوں کے علاوہ وزارت جل شکتی، بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل، بھارتی طبی تحقیقاتی کونسل، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نیشنل ڈینٹل کمیشن، ریاستی نوڈل افسران اور کنسلٹنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اداروں اور ماہرین کی شرکت نے فلوروسس سے نمٹنے کے لیے مربوط اور کثیر شعبہ جاتی طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

ورکشاپ میں قومی پروگرام برائے روک تھام و کنٹرول فلوروسس کی رسائی اور کوریج کو وسیع کرنے، تحقیق اور اختراع کے ذریعے پروگرام کے نفاذ کو مضبوط بنانے اور فلوروسس کی موثر روک تھام اور کنٹرول کے لیے کثیر شعبہ جاتی اقدامات کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت صحت و خاندانی بہبود کے محکمہ صحت خدمات کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر پشپا لتا نے قومی پروگرام برائے روک تھام و کنٹرول فلوروسس اور فلوروسس کی روک تھام، بروقت تشخیص اور علاج و انتظام سے متعلق اس کے مقاصد کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے فلوروسس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے موثر کثیر شعبہ جاتی تال میل اور بروقت معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزارت صحت و خاندانی بہبود کے جوائنٹ سکریٹری جناب للت واڈھوا نے مختلف شعبوں کے درمیان باہمی تال میل کی اہمیت کو اجاگر کیا، خاص طور پر پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی سے متعلق شعبوں کے ساتھ، کیونکہ فلورائیڈ کی حد سے زیادہ مقدار میں سابقہ اور فلوروسس کے پھیلاو کے درمیان گہرا تعلق ہے۔

قومی پروگرام برائے روک تھام و کنٹرول فلوروسس( این پی پی سی ایف)  کا مقصد نگرانی، صلاحیت سازی، صحت سے متعلق آگاہی، بروقت تشخیص اور متاثرہ افراد کے علاج و انتظام کے ذریعے فلوروسس کی روک تھام اور اس پر قابو پانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فلورائیڈ کی حد سے زیادہ مقدار میں سابقہ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مناسب بین الشعبہ جاتی اقدامات بھی کیے جاتے ہیں۔

کثیر فریقی پلیٹ فارم نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سمیت دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان تجربات، بہترین طریقہ کار اور زمینی سطح پر حاصل ہونے والی معلومات و اسباق کے تبادلے کا بھی موقع فراہم کیا، جس کا مقصد پروگرام کے نفاذ کو مزید مضبوط بنانا اور فلوروسس کی موثر روک تھام اور اس پر قابو پانے کو یقینی بنانا تھا۔

ورکشاپ نے فلوروسس سے متعلق عوامی صحت کے اقدامات کو مضبوط بنانے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے، بروقت تشخیص اور مناسب علاج تک رسائی کو فروغ دینے کے لیے مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے عزم کی تجدید کی۔ اس کے ذریعے صحت مند معاشروں کے قیام اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

****

ش ح۔ا خ۔ خ م

U N-3221


(ریلیز آئی ڈی: 2308409) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil