وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

مہاراشٹر کے ناگپور میں ‘‘صحت مند کل کے لیے آیوروید’’  کی تھیم تحت گیارہواں یوم آیوروید2026 منایا جائے گا


روایت سے جدت تک، آیوروید صحت مند مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے: مرکزی وزیر جناب پرتاپراؤ جادھو

یوم آیوروید2026 کو قومی سطح کی صحت عامہ سے متعلق آگاہی مہم بنایا جائے گا:جناب پرتاپ راؤ جادھو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 SEP 2026 2:55PM by PIB Delhi

آیوش کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیرمملکت جناب  پرتاپ راؤ جادھو نے نئی دہلی کے  نیشنل میڈیا سینٹر میں گیارہویں یوم آیوروید2026کے سلسلے میں منعقدہ افتتاحی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس تقریب کے ساتھ آیوروید دن تک جاری رہنے والی ملک گیر مہم کا باقاعدہ آغاز بھی ہوا۔

 یوم آیوروید کی مرکزی تقریبات 23 ستمبر 2026 کو مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں منعقد ہوں گی۔ اس سال کی تقریبات کا موضوع ’’صحت مند مستقبل کے لیے آیوروید‘‘ ہے، جو اس تصور کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستان کی قدیم اور گراں قدر آیورویدک وراثت کو مستقبل کی بدلتی ہوئی طبی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے۔

اپنے خطاب میں مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دنیا میں امراض سے بچاؤ پر مبنی صحت نگہداشت، صحت مند طرزِ زندگی، متوازن غذا، تندرستی اور جامع صحت کی جانب رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور یہ وہ شعبے ہیں جن میں ہندوستان کو ایک بھرپور اور قدیم روایت کے ساتھ وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آیوروید ڈے محض ہندوستان کے ورثے کا جشن منانے کا موقع نہیں، بلکہ اس ورثے کو مستقبل کی صحت سے متعلق ضروریات سے جوڑنے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ’وکست بھارت‘ کے تصور کے عین مطابق، جناب پرتاپ راؤ جادھو نے صحتِ عامہ کے ایسے طریقۂ کار کی ضرورت پر زور دیا جس میں صحت کا مفہوم محض بیماری کے علاج تک محدود نہ ہو، بلکہ صحت مند عادات، مناسب غذا اور روزمرہ معمولات، ذہنی توازن اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کو بھی اپنے دائرے میں شامل کرے۔

جناب پرتاپ راؤ جادھو نے تین اہم شعبوں کی نشاندہی کی، جو اس سال آیوروید ڈے کی مہم کی رہنمائی کریں گے۔ ان میں پہلا موضوع ’’بہتر نتائجِ صحت کے لیے مربوط نظامِ صحت‘‘ ہے، جس کے تحت صحت کے بہتر نتائج کے حصول کے لیے مختلف نظامہائے طب کی مہارتوں اور خوبیوں سے بھرپور استفادے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔دوسرا موضوع ’’آیوروید میں شواہد، تحقیق اور جدت‘‘ ہے، جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تحقیق، سائنسی شواہد اور جدت طرازی آیوروید کو عالمی سطح پر وسیع تر قبولیت دلانے اور مستقبل میں اس کی ترقی کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔تیسرا موضوع ’’اجتماعی بہبود اور پائیدار طرزِ زندگی کے لیے آیوروید‘‘ ہے، جس میں افراد، خاندانوں اور معاشروں کی فلاح و بہبود کے فروغ میں آیوروید کے کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار طرزِ زندگی اختیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

جناب جادھو نے عوام تک آیوروید سے متعلق درست، مستند اور شواہد پر مبنی آسان فہم معلومات پہنچانے میں ذرائع ابلاغ کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ آیوروید کو بڑے پیمانے پر قبولیت حاصل ہے، تاہم غلط فہمیوں کو دور کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ شہریوں کو قابلِ اعتماد معلومات دستیاب ہوں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور آیوروید کا پیغام گھروں، اسکولوں اور کالجوں، نوجوانوں بالخصوص نئی نسل، نیز دیہی اور شہری آبادیوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ گیارہواں آیوروید ڈے محض ایک سرکاری پروگرام تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے عوامی تحریک اور ملک گیر صحت سے متعلق آگاہی مہم کی شکل اختیار کرنی چاہیے۔

ہندوستان کے روایتی علم اور موجودہ دور کی صحت سے متعلق ضروریات کے درمیان مضبوط ربط قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے جناب جادھو نے کہا کہ اس مہم کا مقصد روایت کو علم سے، علم کو شواہد سے، شواہد کو جدت سے اور جدت کو عوامی بہبود سے جوڑنا ہونا چاہیے۔

قومی ادارۂ آیوروید، جے پور (این آئی اے) کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو شرما نے آیوروید ڈے 2026 کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کی تقریبات میں شواہد پر مبنی آیوروید، تحقیق و جدت، مربوط نظامِ صحت، اجتماعی بہبود اور پائیدار طرزِ زندگی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر منعقد کیے جانے والے اہم پروگراموں کی تفصیلات بھی پیش کیں، جن میں قومی دھنونتری آیوروید ایوارڈز 2026 کے علاوہ جے پور کے قومی ادارۂ آیوروید میں نئے پروگراموں کا آغاز، دواؤں میں استعمال ہونے والے پودوں سے متعلق حفاظتی دستاویزات کی تیاری، جلدی امراض کے لیے معیاری رہنما اصولِ علاج، آیوش خدمات کے شعبے سے متعلق ایک رپورٹ اور آیوش وژن 2030 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے اور دیگر سرگرمیاں بھی اس موقع پر انجام دی جائیں گی۔

اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں وزارتِ آیوش کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ الارمل منگئی ڈی، وزارتِ آیوش کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب ستیہ جیت پال، پریس انفارمیشن بیورو کے پرنسپل ڈائریکٹر جنرل جناب دھیریندر اوجھا، وزارتِ آیوش کے اعلیٰ افسران، آیورویدک علوم کی مرکزی تحقیقاتی کونسل، نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، جے پور کے قومی ادارۂ آیوروید اور مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا کے اعلیٰ عہدیداران، نیز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

وزارتِ آیوش نے ذرائع ابلاغ، ماہرینِ آیوروید، محققین، متعلقہ اداروں اور شہریوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گیارہویں آیوروید ڈے 2026 کے سلسلے میں ملک گیر مہم میں فعال طور پر حصہ لیں۔

***

) ش ح ۔ م ح۔ش ت)

U.No. 3112


(ریلیز آئی ڈی: 2307468) وزیٹر کاؤنٹر : 15
یہ ریلیز پڑھیں: Marathi , English , हिन्दी