سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی نے دہلی کے محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے انجینئروں کے لیے شہری سڑکوں کو پختہ کرنے اور سرسبز بنانے سے متعلق سی اے کیو ایم کے معیاری فریم ورک پر خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 SEP 2026 5:31PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر-مرکزی سڑک تحقیقاتی ادارے (سی آر آر آئی) نے دہلی کے قومی دارالحکومت خطے کی حکومت (جی این سی ٹی ڈی) کے محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے انجینئروں کے لیے این ڈی ایم سی کنونشن سینٹر میں ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام قومی دارالحکومت خطے میں شہری سڑکوں کو پختہ اور سرسبز بنانے کے لیے فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) کے معیاری فریم ورک کے نفاذ پر مرکوز تھا۔
افتتاحی تقریب کا آغاز روایتی چراغاںاور معززین کے رسمی استقبال کے ساتھ ہوا۔ سی آر آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر چالوموری روی شیکھر نے افتتاحی خطاب کیا۔ اس موقع پر پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر اِن چیف (ای آئی این سی) جناب نوین بنسل اور پی ڈبلیو ڈی کے خصوصی سکریٹری-۲ جناب روی جھا نے بھی خطاب کیا۔ خطابات میں سڑکوں سے اٹھنے والی دھول کو کم کرنے اور دہلی کے مجموعی فضائی معیار کو بہتر بنانے میں سائنسی بنیادوں پر سڑکوں کے ڈیزائن، ماحولیاتی تدارک اور معیاری سڑک پختگی کی تکنیکوں کے اہم کردار پر زور دیا گیا۔
ایک روزہ جامع تربیتی پروگرام میں تکنیکی اور میدانی سطح کی منصوبہ بندی سے متعلق ماڈیولز شامل تھے، جن کی قیادت سی آر آر آئی کے شعبہ جاتی ماہرین اور سائنس دانوں نے کی۔ ان میں ڈاکٹر چالوموری روی شیکھر، ڈاکٹر سمپت کمار، ڈاکٹر کے. رویندر، ڈاکٹر ای. مدھو، ڈاکٹر مکتی آڈوانی، ڈاکٹر منال چندر، ڈاکٹر چنتامن باری اور ڈاکٹر نِشچل گپتا شامل تھے۔
تربیتی پروگرام میں درج ذیل اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا:
- فریم ورک کا پس منظر اور اصول: این سی آر خطے میں سڑکوں کو پختہ کرنے اور ہریالی سے متعلق رہنما خطوط کے پس منظر، شہری مقامات سے متعلق معیارات کے اصولوں اور ماحولیات و سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے آئی آر سی کے رہنما خطوط سے ہم آہنگ سڑک نیٹ ورک کی منصوبہ بندی کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
- سڑک کے گاڑیوں کی آمدورفت والے حصے کے ڈیزائن اور ڈیٹا فارمیٹس: معیاری ڈیٹا جمع کرنے کے فارمیٹس کے ساتھ شہری سڑکوں کے مختلف زمروں کے لیے سڑک کے گاڑیوں کی آمدورفت والے حصے کے معیاراتسے متعلق تکنیکی رہنمائی فراہم کی گئی۔
- عوامی نقل و حمل اور غیر موٹرائزد نقل و حرکت (این ایم ٹی): عوامی نقل و حمل کی سہولیات کے ڈیزائن کے لیے انجینئرنگ کے معیارات، نیز پیدل چلنے والوں کے راستوں اور غیر موٹرائزد نقل و حرکت کے لیے مخصوص معیارات پر روشنی ڈالی گئی۔
- حفاظت اور بنیادی ڈھانچے کا انضمام: سڑکوں کے اشاروں اور نشانات کی تفصیل کے ساتھ ساتھ نکاسیٔ آب، بجلی کی سہولیات، ٹیلی مواصلاتی نیٹ ورک، بس اسٹاپس اور گیس ایندھن اسٹیشنوں سمیت ضروری شہری سہولیات کے بلا رکاوٹ انضمام کی وضاحت کی گئی۔
اجلاس کا اختتام سی آر آر آئی کے سائنس دانوں اور شریک پی ڈبلیو ڈی انجینئروں کے درمیان تبادلۂ خیال کے ساتھ ہوا، جس میں عملی لائحۂ عمل کا خاکہ پیش کیا گیا اور دارالحکومت کے سڑک نیٹ ورک میں میدانی سطح پر نفاذ کے لیے آئندہ کا راستہ طے کیا گیا۔


***
UR-3065
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2307049)
وزیٹر کاؤنٹر : 7