کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

جی ای ایم اور ٹیکسٹائل کمیٹی نے ری سائیکل اور اپ سائیکل ٹیکسٹائل کی خریداری کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے


سرکاری خریداروں کے لیے ٹیکسٹائل کے فضلے کو ویلیو ایڈڈ (قدر افزودہ )مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے جی ای ایم  کی پہل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 03 SEP 2026 8:57PM by PIB Delhi

حکومت ہند کی وزارتِ تجارت و صنعت کے سرکاری ای-مارکیٹ پلیس (جی ای ایم) اور وزارتِ ٹیکسٹائل کی ٹیکسٹائل کمیٹی (ٹی سی) نے سرکاری خریداری کے ذریعے صارفین تک پہنچنے سے پہلے اور صارفین کے استعمال کے بعد پیدا ہونے والے ٹیکسٹائل فضلے، سکریپ اور استعمال شدہ کپڑوں سے تیار کردہ ری سائیکل اور اَپ سائیکل مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام سے ٹیکسٹائل کی گردشی معیشت سے وابستہ کاروباری اداروں کے لیے مارکیٹ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس شراکت داری کو ممبئی میں ٹیکسٹائل کمیٹی کی 62ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کے دوران دستخط کیے گئے مفاہمت نامے کے ذریعے باضابطہ شکل دی گئی۔

یہ تعاون ’فضلے سے قدر اور قدر سے مارکیٹ‘ کا ایک ماحولیاتی نظام تشکیل دے گا، جس کے تحت ٹیکسٹائل فضلے، سکریپ اور استعمال شدہ کپڑوں کو معیاری قدر افزوده مصنوعات میں تبدیل کرکے جی ای ایم کے ذریعے سرکاری خریداروں کے لیے دستیاب کرایا جائے گا۔

مفاہمت نامے کے تحت ٹیکسٹائل کمیٹی ری سائیکل اور اَپ سائیکل ٹیکسٹائل مصنوعات تیار کرنے والے اہل پروڈیوسروں کی شناخت، جانچ، تصدیق اور منظوری دے گی۔ اس کے علاوہ کمیٹی متعلقہ فریقوں سے مشاورت، صلاحیت سازی، مارکیٹ تحقیق اور تکنیکی خصوصیات کی تیاری میں بھی معاونت فراہم کرے گی۔

جی ای ایم ری سائیکل اور اَپ سائیکل ٹیکسٹائل مصنوعات کے لیے مخصوص زمرے تشکیل دے گا، فروخت کنندگان کو پلیٹ فارم پر شامل کرنے اور آن لائن مارکیٹ سے مربوط کرنے میں سہولت فراہم کرے گا اور سرکاری خریداروں کے درمیان ان مصنوعات کو فروغ دے گا۔ تربیت اور مسلسل رہنمائی و معاونتکے ذریعے آخری سطح پر کام کرنے والے اَپ سائیکلرز اور ری سائیکلرز کو سرکاری خریداری کے عمل میں مؤثر طور پر حصہ لینے کے قابل بنایا جائے گا۔

یہ شراکت داری مرکز اور ذیلی مراکز پر مبنی طریقۂ کاراختیار کرے گی، جس کے تحت ٹیکسٹائل کمیٹی اور اس کے ملحقہ دفاتر آخری سطح تک رسائی، اَپ سائیکلرز اور ری سائیکلرز کو متحرک کرنے اور ان کی صلاحیت سازی میں سہولت فراہم کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری خریداری کے لیے موزوں مصنوعات کی تکنیکی خصوصیات اور کیٹلاگ تیار کرنے میں بھی معاونت کی جائے گی۔

خواتین، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز)، مقامی کاروباری اداروں، کاریگروں، ری سائیکلرز اور گردشی معیشت سے وابستہ دیگر کاروباری اداروں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے یہ اقدام ووکل فار لوکل ، ’میک اِن انڈیا‘ اور ’آتم نربھر بھارت‘ جیسی قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ایک جامع، غیرمرکزی اور پائیدار پیداواری ماحولیاتی نظام تشکیل دینے کا مقصد رکھتا ہے۔

اس تقریب میں مرکزی وزیرِ ٹیکسٹائل جناب گری راج سنگھ اور حکومتِ مہاراشٹر کے وزیرِ ٹیکسٹائل جناب سنجے ساوکارےنے شرکت کی۔ مفاہمت نامے پر جی ای ایم کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب اجیت بی چوہان اور ٹیکسٹائل کمیٹی کے سکریٹری جناب کارتکیے دھندا نے سینئر عہدیداروں اور صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کی موجودگی میں دستخط کیے۔

اس اہم سنگِ میل کے موقع پر جی ای ایم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب مہر کمار نے کہا، سرٹیفیکیشن، معیاری کاری اور مارکیٹ تک رسائی کو باہم مربوط کرکے جی ای ایم اور ٹیکسٹائل کمیٹی کی شراکت داری کا مقصد ٹیکسٹائل کے فضلے سے تیار کردہ مصنوعات کے لیے قابلِ اعتماد طلب پیدا کرنا ہے۔ سرکاری خریداری اپنی وسیع رسائی اور بڑے پیمانے کے باعث دفاتر، اداروں، تحائف دینے اور عوامی استعمال کی دیگر ضروریات میں ایسی مصنوعات کے استعمال کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔‘‘

یہ اقدام وسائل کے تحفظ، پائیدار ذریعۂ معاش اور ذمہ دارانہ کھپت و پیداوار کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی گردشی اور وسائل کے مؤثر استعمال پر مبنی ٹیکسٹائل معیشت کی جانب منتقلی کو مزید مضبوط کرے گا۔

یہ شراکت داری سرکاری خریداری کے وسیع پیمانے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیکسٹائل کے فضلے کو معاشی مواقع اور پائیدار مارکیٹ کی ترقی میں تبدیل کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

***

UR-3026

(ش ح۔اس ک  )


(ریلیز آئی ڈی: 2306719) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu