مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا نے مدھیہ پردیش کے شیَوپوری میں ہندوستان کے ساتویں ڈاک تربیتی مرکز کا سنگِ بنیاد رکھا
مرکزی وزیر نے جدید خطوط پر استوار شیَوپوری ہیڈ پوسٹ آفس کا افتتاح بھی کیا۔ یہ اقدام محکمۂ ڈاک کی جانب سے جدید، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور شہری مرکوز خدمات کی فراہمی کو مزید آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 SEP 2026 5:26PM by PIB Delhi
مواصلات و شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا نے آج مدھیہ پردیش کے شیوپوری میں ملک کے ساتویں ڈاک تربیتی مرکز کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ اقدام محکمۂ ڈاک کے تربیتی اور صلاحیت سازی کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور عزت ماب وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے وکست بھارت کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
نیا تربیتی مرکز مدھیہ پردیش اور پڑوسی ریاستوں کے محکمۂ ڈاک کے ملازمین کے لیے قومی سطح کی تربیتی سہولت کے طور پر کام کرے گا۔ اس کا بنیادی مقصد افرادی قوت کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تربیت فراہم کرنا ہے۔

مواصلات و شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا نے شیوپوری کے کاکڑوایا میں ملک کے ساتویں ڈاک تربیتی مرکز کے قیام کے لیے بھومی پوجن کرتے ہوئے اور اس موقع پر منعقدہ تقریب میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مواصلات و شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا نے کہا کہ نئے ڈاک تربیتی مرکز کے قیام کے بعد مدھیہ پردیش کے ڈاک ملازمین کو تربیت حاصل کرنے کے لیے تقریباً 600 کلومیٹر کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
گرو-شِشیہ پرمپرا (استاد اور شاگرد کی روایت) کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیا تربیتی مرکز محکمۂ ڈاک کی جانب سے تعلیم و تربیت اور صلاحیت سازی کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مرکز کو ایک جدید تربیتی سہولت کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے، جو بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق مسلسل ارتقا پذیر ہوگی اور نئی نسل کی ٹیکنالوجیز سے لیس ہوگی۔ اس کے ذریعے ڈاک ملازمین کو جدید ڈاک نظام اور خدمات کی فراہمی کے لیے درکار نئی مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

اس تقریب میں مدھیہ پردیش حکومت کے وزیر برائے توانائی اور شیوپوری کے انچارج وزیر، جناب پردیومن سنگھ تومر؛ شیوپوری کے رکنِ اسمبلی، جناب دیویندر جین؛ کولارس کے رکنِ اسمبلی، جناب مہندر رام سنگھ یادو؛ پچھور کی رکنِ اسمبلی، جناب پریتم سنگھ لودھی؛ ضلع پنچایت شیوپوری کی چیئرپرسن، محترمہ نیہا-امت یادو؛ میونسپل کونسل شیوپوری کی چیئرپرسن، محترمہ گایتری شرما؛ ڈاک خدمات بورڈ میں انسانی وسائل کی ترقی کے رکن، جناب ایس ایف ایچ رضوی؛ مدھیہ پردیش سرکل کے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل، جناب وِنیِت ماتھر؛ محکمۂ ڈاک کے دیگر اعلیٰ افسران، عوامی نمائندگان اور معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
یہ نیا مرکز محکمۂ ڈاک کے چھ موجودہ ڈاک تربیتی مراکز—سہارنپور، وڈودرا، میسورو، گوہاٹی، مدورئی اور دربھنگہ—کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے گا۔ یہ تمام مراکز مجموعی طور پر ہر سال تقریباً 2,000 اہلکاروں کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔
مدھیہ پردیش میں واقع شیوپوری کو، جو رقبے کے لحاظ سے ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی ریاست کے عین وسط میں واقع ہے، اپنی مرکزی جغرافیائی حیثیت اور بہتر رابطہ کاری کے باعث قومی سطح کے تربیتی مرکز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
یہ مرکز خصوصی نوعیت کی، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور جدید تقاضوں کے مطابق تربیت تک رسائی کو مزید بہتر بنائے گا۔ اس کے ذریعے ڈاک کے اہلکاروں کو وہ ضروری مہارتیں فراہم کی جائیں گی ،جو جدید، شہری مرکوز ڈاک نظام اور خدمات کی فراہمی کی بدلتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے کے لیے درکار ہیں۔

مواصلات و شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا مدھیہ پردیش میں تزئین و آرائش شدہ شیوپوری ہیڈ پوسٹ آفس کا افتتاح کرتے ہوئے۔
اس موقع پر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا نے تزئین و آرائش کے بعد شیوپوری ہیڈ پوسٹ آفس کا بھی افتتاح کیا۔ اس پوسٹ آفس کو اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر (ایس پی اے)، نئی دہلی کی وضع کردہ ڈیزائن گائیڈ لائنز کے مطابق جدید بنایا گیا ہے۔ اس اپ گریڈ شدہ مرکز میں شہریوں کی سہولت، آسان رسائی اور خدمات کے بہتر تجربے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
اس مرکز میں ‘جن سیوا کنیکٹ’ قائم کیا گیا ہے، جو ایک کثیرالمقاصد شہری سہولت مرکز ہے۔ یہاں محکمۂ ڈاک کی متعدد خدمات ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ جدید سروس کاؤنٹرز، صارفین کے لیے بہتر سہولیات اور بغیر رکاوٹ رسائی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
جدید بنایا گیا شیوپوری ہیڈ پوسٹ آفس ‘جن سیوا کنیکٹ’ کی سہولت سے مزین ہے، جہاں محکمۂ ڈاک کی متعدد خدمات ایک ہی جگہ فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ اقدام اس افتتاح کے محض ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے، جب مرکزی وزیر جناب جیوترادتیہ ایم سندھیا نے ملک بھر میں 14 ‘جن سیوا کنیکٹ’ پوسٹ آفسز کا افتتاح کیا تھا۔ اس طرح محکمۂ ڈاک کے آسان رسائی، جدید سہولیات اور شہری مرکوز ڈاک خدمات کے وژن کو مزید تقویت ملی ہے۔
اپ گریڈ کیے گئے شیوپوری پوسٹ آفس میں صارفین کے لیے بہتر سہولیات، آسان رسائی اور زیادہ خوشگوار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ یہاں اسپیڈ پوسٹ، سیونگ بینک، پوسٹل لائف انشورنس، آدھار، پارسل اور دیگر ڈاک اور مالیاتی خدمات دستیاب ہوں گی۔
*****
ش ح۔ ا ک ۔ت ع
U.No. 2947
(ریلیز آئی ڈی: 2306013)
وزیٹر کاؤنٹر : 11