جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ جل شکتی کی طرف سے وزیرِ اعظم کے باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت کے ویژن کے تحت پہلی محکمہ جاتی سربراہ کانفرنس کا اہتمام

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 AUG 2026 8:01PM by PIB Delhi

پانی کے تحفظ سے مالا مال بھارت اور ترقی یافتہ بھارت 2047 کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، وزارتِ جل شکتی یکم اور 2 ستمبر 2026 کو سشما سوراج بھون، نئی دہلی میں محکمانہ سربراہی اجلاس منعقد کرے گی۔ یہ اجلاس اُن محکمانہ سربراہی اجلاسوں کی سلسلہ وار کڑی میں پہلا اجلاس ہوگا، جن کا تصور عزت مآب وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے پیش کیا ہے۔ اس کا مقصد تعاون پر مبنی وفاقیت کو مضبوط بنانا، قومی ترجیحات کے لیے اجتماعی ذمہ داری اور احساسِ ملکیت کو فروغ دینا، اور مرکز و ریاستوں کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے نتائج کے حصول کی رفتار تیز کرنا ہے۔

ٹیم انڈیا‘ کے جذبے کے تحت تشکیل دیے گئے محکمانہ سربراہی اجلاس کے اس طریقۂ کار کا مقصد مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سیاسی قیادت اور اعلیٰ افسران کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا ہے، جہاں وہ شعبہ جاتی ترجیحات پر باہمی غور و خوض کریں، بہترین عملی طریقوں اور کامیاب تجربات کا تبادلہ کریں، عملی نفاذ میں درپیش مشکلات کا حل تلاش کریں اور بہتر حکمرانی و عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جانے والے اقدامات پر اتفاقِ رائے قائم کریں۔ پانی کے شعبے سے متعلق یہ محکمانہ سربراہی اجلاس اس سلسلے کا پہلا اجلاس ہے، جو قومی ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے مرکز اور ریاستوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے ایک نئے طریقۂ کار کے آغاز کی علامت ہے۔

دو روزہ اجلاس میں چار اہم موضوعاتی ستونوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی: پانی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا بروقت نفاذ؛ جل سنچَے، جن بھاگیداری — بارش کا پانی محفوظ کریں؛ پینے کے پانی کے نظام کے ذرائع کی پائیداری؛ اور جل جیون مشن 2.0 کے تحت دیہی پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیموں کاو دیکھ بھال۔

اجلاس میں منصوبوں کے نفاذ، مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطہ و تعاون، پانی کے تحفظ، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے، زیرِ زمین پانی کی سطح دوبارہ بلند کرنے، رقمی نگرانی، اثاثوں کے انتظام اور عوام کی قیادت میں پانی کے انتظام و حکمرانی کے نظام کو مضبوط بنانے جیسے موضوعات پر بھی غور کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ ان مشاورتی اجلاسوں کے نتیجے میں واضح اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جانے والے عملی اقدامات سامنے آئیں گے، جن میں جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانا، پانی کے تحفظ میں عوامی شرکت کو بڑھانا، پینے کے پانی کے ذرائع کی پائیداری کو مضبوط بنانا اور دیہی علاقوں میں قابلِ اعتماد پینے کے پانی کی خدمات کی فراہمی کے لیے جواب دہی کو بہتر بنانا شامل ہے۔ شرکت کرنے والی ریاستیں اپنے تجربات، مشکلات، بہترین عملی طریقوں اور متفقہ نتائج کے حوالے سے اپنی رضامندی پیش کریں گی، جس سے تعاون پر مبنی وفاقیت اور مشترکہ ذمہ داری کے جذبے کو مزید تقویت ملے گی۔

شرکت کرنے والی ریاستیں اجلاس میں ہونے والی گفت و شنید سے حاصل ہونے والے اہم نتائج اور عملی منصوبے اختتامی اجلاس کے دوران عزت مآب وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے سامنے پیش کریں گی۔ توقع ہے کہ عزت مآب وزیرِ اعظم کی رہنمائی سے مرکز اور ریاستوں کے اجتماعی عزم کو مزید تقویت ملے گی اور طے شدہ اقدامات کو مؤثر اور بروقت طریقے سے عملی جامہ پہنانے کے لیے مزید رفتار حاصل ہوگی۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-2838

 


(ریلیز آئی ڈی: 2305235) وزیٹر کاؤنٹر : 10