وزارت دفاع
چوتھا تینوں مسلح افواج پر مبنی فیوچر وارفیئر کورس نئی دہلی میں اختتام پذیر ہوا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 AUG 2026 7:15PM by PIB Delhi
ٹرائی سروسز فیوچر وارفیئر کورس کا چوتھا ایڈیشن، جو ہیڈکوارٹر انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (ایچ کیو آئی ڈی ایس) کی رہنمائی میں اور سینٹر فار جوائنٹ وارفیئر اسٹڈیز (سینجوز) کے تعاون سے منعقد کیا گیا، 30 اگست 2026 کو نئی دہلی کے مانیک شا سینٹر میں چار ہفتے کی پیشہ ورانہ فوجی تعلیم اور غوروخوض کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ اس کورس میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں، تعلیمی شعبے، دفاعی صنعت اور اسٹریٹجک مفکرین کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کورس کا مقصد مستقبل کی جنگ کی نوعیت کو متاثر کرنے والے ابھرتے ہوئے رجحانات کا تجزیہ کرنا تھا۔
کورس میں موضوعات کی ایک وسیع رینج کا احاطہ کیا گیا، جن میں جغرافیائی سیاسی پیش رفت، مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجی، سائبر اور علمی جنگ، اطلاعاتی جنگ، خود مختار نظام، برّی، بحری، فضائی اور خلائی شعبوں میں مستقبل کی کارروائیاں، گرے زون آپریشنز، کثیر الدائرہ جاتی آپریشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی جنگ شامل ہیں۔ شرکاء نے سینئر فوجی افسران، پالیسی سازوں، سائنس دانوں، صنعتی شعبے کے رہنماؤں اور متعلقہ موضوعات کے ماہرین کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ کورس کے دوران لیکچرز، ذہن سازی کے اجلاس، منظرنامہ سازی کی مشقوں، علمی جنگ کی تخروپن مشقیں، مطالعاتی دوروں اور شرکاء کی جانب سے پیشکشوں جیسے مختلف طریقۂ کار اختیار کیے گئے۔
چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے شرکاء کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے کورس کے بارے میں ان کی آرا طلب کیں اور پروگرام کی افادیت کو مزید بڑھانے کے لیے نئے شعبوں اور اضافی موضوعات سے متعلق تجاویز بھی طلب کیں، جنہیں مستقبل کے ایڈیشنز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ کورس کے دوران ایک مربوط نظام کے تحت مسلح افواج کی آپریشنل اور فعال صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے اختراعی خیالات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اختتامی تقریب میں چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف اور چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین، ایئر مارشل تیجندر سنگھ نے شرکاء کو اسناد پیش کیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ایس ایس محل (ریٹائرڈ)، منیجنگ ڈائریکٹر، ڈیفنس ریسرچ اینڈ انوویشن فاؤنڈیشن اور آئی آئی ٹی روپڑ نے شرکاء کو ’فیوچر وارفیئر میں پی جی ڈپلومہ‘ پیش کیا ۔
کورس کے چوتھے ایڈیشن میں جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کے لیے فوجی افسران کو تیار کرنے میں مشترکہ طور پر سیکھنے، تکنیکی آگاہی، اسٹریٹجک دوراندیشی اور آپریشنل تیاری کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ۔ کورس کا پانچواں ایڈیشن 16 نومبر سے 11 دسمبر 2026 تک منعقد کیا جائے گا۔
***
ش ح۔اس ک
UR-2783
(ریلیز آئی ڈی: 2304787)
وزیٹر کاؤنٹر : 7