جل شکتی وزارت
ڈی ڈی ڈبلیو ایس نے ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا کہ جل جیون مشن 2.0 کے تحت مقامی تعلیمی اداروں کے طلبہ کی شرکت کی سہولت بہم پہنچائیں
اس اقدام کا مقصد سیکھنے کے عمل کو مضبوط بنانا، اختراع کو فروغ دینا اور دیہی پانی کی فراہمی کے شعبے میں مؤثر کام کی تشہیر کو بڑھانا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 AUG 2026 5:27PM by PIB Delhi
جل شکتی کی وزارت کے پانی و صفائی ستھرائی کے محکمے نے زمینی سطح پر سیکھنے کے عمل اور معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی کالجوں، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو جل جیون مشن 2.0 کے تحت سامنے آنے والے بہترین عملی طور و طریقوں کو دستاویزی شکل دینے اور شائع کرنے کی ترغیب دیں۔
جل جیون مشن اپنے آغاز سے ہی دیہی پینے کے پانی کے شعبے میں ایک اہم ترقیاتی اقدام کے طور پر ابھرا ہے، جس کے نتیجے میں ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں کمیونٹی کی شمولیت، پانی کے ذرائع کے پائیدار انتظام، پانی کے معیار کی نگرانی، آپریشن اور دیکھ بھال، ٹیکنالوجی کے استعمال اور غیر مرکوز طرزِ حکمرانی جیسے شعبوں میں کئی قابلِ ذکر بہترین عملی طریقے سامنے آئے ہیں۔
زمینی سطح پر اختیار کی جانے والی ان اختراعی تدابیر کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو درج ذیل اقدامات کرنے کی ترغیب دی گئی ہے:
- جل جیون مشن 2.0 کے تحت منتخب کیس اسٹڈیز اور بہترین عملی طریقوں کا مطالعہ اور دستاویزی ریکارڈ تیار کرنے کے لیے مقامی کالجوں، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو شامل کیا جائے۔
- ان مطالعات کے نتائج کو علمی جرائد، ادارہ جاتی رپورٹس، خبرناموں، تحقیقی مقالوں، ویب سائٹس اور دیگر موزوں ذرائع کے ذریعے عام کیا جائے، تاکہ شواہد پر مبنی معلومات کے تبادلے اور کامیاب طریقوں کو دیگر مقامات پر اپنانے میں سہولت ہو۔
- موزوں کیس اسٹڈیز اور مطالعاتی دوروں کے لیے مقامات کی نشاندہی کی جائے اور مقامی تعلیمی اداروں/اسکولوں، ضلعی آبی و صفائی ستھرائی مشنوں اور گرام پنچایتوں کے ساتھ ضروری تال میل کو یقینی بنایا جائے۔
- قریبی اسکولوں کے ہائر سیکنڈری/سینئر سیکنڈری طلبہ کے لیے کثیر دیہی منصوبوں (ملٹی ولیج اسکیمز- ایم وی ایس)، پانی صاف کرنے کے پلانٹس (واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس – ڈبلیو ٹی پیز)، پانی حاصل کرنے کے کنوؤں، سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن(ایس سی اے ڈی اے) اور انٹرنیٹ آف تھنگز(آئی او ٹیز) جیسی جدید ٹیکنالوجیز اور نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز سے منظور شدہ پانی کی جانچ کی تجربہ گاہوں کے مطالعاتی دوروں کا اہتمام کیا جائے۔
اس اقدام کے تحت یہ تصور پیش کیا گیا ہے کہ ستمبر 2026 کے اختتام تک ہر ضلع میں مقامی تعلیمی اداروں کے تعاون سے کم از کم ایک طالب علم کا مطالعاتی دورہ اور ایک کیس اسٹڈی/بہترین عملی طریقہ شائع کیا جائے۔
اس اقدام کے ذریعے جل جیون مشن 2.0 کا مقصد زمینی تجربات سے سیکھنے کے رجحان کو مزید فروغ دینا، اختراع کی حوصلہ افزائی کرنا اور دیہی پانی کی فراہمی کے کامیاب طریقوں کو زیادہ نمایاں اور آسانی سے قابلِ رسائی بنانا ہے، جس سے دیہی آبی تحفظ کو پائیدار طور پر مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
***
ش ح۔ م م۔ م الف
U. No- 2735
(ریلیز آئی ڈی: 2304342)
وزیٹر کاؤنٹر : 8