دیہی ترقیات کی وزارت
دیہی ترقی کی وزارت نے اسٹاک ہوم میں عالمی آبی ہفتہ 2026 میں شرکت کی
بھارت نے عالمی فورم پر کمیونٹی کی قیادت میں آبی تحفظ اور دیہی ترقی کے اقدامات کو اجاگر کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 AUG 2026 6:12PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی دیہی ترقی کی وزارت نے سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں منعقد ہونے والے عالمی آبی ہفتہ 2026 میں شرکت کی اور کمیونٹی کی قیادت میں دیہی ترقی، ٹیکنالوجی پر مبنی نظم و نسق اور قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کے ذریعے آبی تحفظ کو مضبوط بنانے کے بھارت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس عالمی فورم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں مستحکم اور جامع آبی انتظام کو فروغ دینے کے سلسلے میں بھارت کے تجربات کا تبادلہ کرنے اور بین الاقوامی بہترین طریقۂ کار سے سیکھنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل واٹر انسٹی ٹیوٹ (ایس آئی ڈبلیو آئی) کے زیر اہتمام عالمی آبی ہفتہ پانی سے متعلق مکالمے، باہمی تعاون اور اختراع کے لیے دنیا کے اہم ترین پلیٹ فارموں میں سے ایک ہے۔ یہ سالانہ پروگرام دنیا بھر کی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں، تحقیقی اداروں اور ماہرین و کارکنان کو ایک جگہ جمع کرتا ہے، جہاں پانی سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجز پر غور و خوض کیا جاتا ہے اور علم، تجربات اور ان کے حل کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔
دیہی ترقی کی وزارت کی نمائندگی کرتے ہوئے جوائنٹ سکریٹری محترمہ روہنی آر بھاجیبھاکرے نے ’’آبی تحفظ کے لیے قومی اقدام:قومی آبی وژن کو حقیقت میں بدلنا:کیا مؤثر ثابت ہوتا ہے؟‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے نچلی سطح پر آبی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے بھارت کے طویل مدتی آبی وژن کو ادارہ جاتی اور عملی طریقۂ کار میں ڈھالنے کے تجربات سے آگاہ کیا۔ اس اجلاس کا انعقاد ڈوئچے گیزل شافٹ فار انٹرنیشنل زوزامن آربائٹ (جی آئی زیڈ) جی ایم بی ایچ اور انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ (آئی ڈبلیو ایم آئی) نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
بھارت کے نقطۂ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے محترمہ بھاجیبھاکرے نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دوراندیش قیادت میں آبی تحفظ بھارت کے ترقیاتی سفر کا ایک اہم ستون بن کر ابھرا ہے۔ بھارت کا آبی وژن 2047، وکست بھارت 2047 کے وسیع تر وژن سے ہم آہنگ ہے اور مربوط منصوبہ بندی، تکنیکی اختراع اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے تمام شہریوں کے لیے مضبوط، جامع اور پائیدار آبی تحفظ یقینی بنانے کا عزم رکھتا ہے۔ پانی کو اب دیہی خوش حالی، صحتِ عامہ، خواتین کو بااختیار بنانے، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں استحکام اور پائیدار ترقی کی بنیاد کے طور پر زیادہ سے زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔
وزارت نے اجاگر کیا کہ بھارت میں آبی تحفظ کے نظام کو جل جیون مشن اور آبی تحفظ کے قومی اقدام (این آئی ڈبلیو ایس) سمیت مختلف اہم اقدامات کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ جہاں جل جیون مشن دیہی علاقوں میں محفوظ پینے کے پانی تک رسائی کو مضبوط بنا رہا ہے، وہیں آبی تحفظ کا قومی اقدام سائنسی اور اعداد و شمار پر مبنی منصوبہ بندی کے ذریعے پانی کے تحفظ، زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافے، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور آبی تحفظ سے متعلق دیگر اثاثوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہا ہے۔
فورم میں پیش کیے گئے بھارت کے نقطۂ نظر کا ایک اہم عنصر آبی تحفظ کا قومی اقدام (این آئی ڈبلیو ایس)تھا، جس کے تحت بلاکس میں زیرِ زمین پانی کی صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی سے متعلق کاموں پر اخراجات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ یہ طریقۂ کار پانی کی قلت سے دوچار علاقوں میں سرمایہ کاری کی سمت متعین کرنے اور شفاف و معروضی منصوبہ بندی کے طریقۂ کار کے ذریعے طویل مدتی آبی تحفظ کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے ایک واضح فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
وزارت نے مزید اجاگر کیا کہ وکست بھارت-روزگار اور ذریعۂ معاش کی ضمانت مشن (گرامین):وی بی-جی رام جی ایکٹ،2025 میں آبی تحفظ کو دیہی ترقی کے اقدامات کے اہم ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ فریم ورک شراکتی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ذریعۂ معاش کو بہتر بنانے، قدرتی وسائل کے انتظام اور پائیدار اجتماعی اثاثے تشکیل دینے کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
آبی تحفظ کے لیے ٹیکنالوجی اور اعداد و شمار پر مبنی منصوبہ بندی
وزارت نے آبی تحفظ کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے بھارت میں ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے، جغرافیائی مکانی ٹیکنالوجی اور اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو اجاگر کیا۔ یُکت دھارا — جغرافیائی مکانی منصوبہ بندی کا پلیٹ فارم، جو جغرافیائی اطلاعاتی نظام (جی آئی ایس) اور دور سے حاصل کردہ معلومات کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتا ہے، دیہی ترقی اور قدرتی وسائل کے انتظام سے متعلق اقدامات کی شواہد پر مبنی منصوبہ بندی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ ای-جل ایپلی کیشن پانی کے وسائل، بارش، زیرِ زمین پانی اور آبادی سے متعلق معلومات کو یکجا کرکے گرام پنچایت کی سطح پر اعداد و شمار پر مبنی آبی بجٹ تیار کرنے میں سہولت فراہم کرتی ہے۔
ای-سکشَم لرننگ پلیٹ فارم کے ذریعے صلاحیت سازی اور معلومات و تجربات کی ترسیل کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے، جبکہ وی بی جی رام جی سافٹ، سیکیور اور بھو گرام جیسے ڈیجیٹل ڈیش بورڈز دیہی ترقی کے پروگراموں میں حقیقی وقت کی بنیاد پر عمل درآمد کی نگرانی، مالیاتی انتظام، مانیٹرنگ اور شفافیت کو یقینی بنانے میں معاون ہیں۔ ٹیکنالوجی سے لیس یہ نظام لا مرکزیت پر مبنی منصوبہ بندی کو مضبوط بنانے اور دیہی بھارت میں آبی تحفظ سے متعلق اقدامات کی مؤثریت بہتر بنانے میں مدد کر رہے ہیں۔
وزارت نے پانی سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی، عمل درآمد، دیکھ بھال اور انتظام میں گرام پنچایتوں، گاؤں کی آبی و صفائی کمیٹیوں اور مقامی برادریوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ شراکتی طرزِ عمل، سماجی جواب دہی کے نظام اور ڈیجیٹل نگرانی کے طریقۂ کار دیہی علاقوں میں پانی سے متعلق سرمایہ کاری میں شفافیت، پائیداری اور طویل مدتی اثرات کو یقینی بنانے کے لیے اہم ستون بن کر ابھرے ہیں۔
25 اگست 2026 کو محترمہ بھاجیبھاکرے نے ‘‘پانی کےاستحکام اور خوش حالی کے لیے مالی اعانت:اقوام متحدہ کی2026 آبی کانفرنس سے قبل عہد و پیمان کو عملی جامہ پہنانا اور پائیدار اثرات پیدا کرنا’’ کے عنوان سے منعقدہ اعلیٰ سطحی پینل میں بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں وزرا، کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں، موسمیاتی مالی اعانت فراہم کرنے والے اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی اور پانی کے شعبے میں موسمیاتی و دیگر چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافے اور پائیدار ترقی کے ہدف کے حصول کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران بھارت نے اس بات کو اجاگر کیا کہ مضبوط سیاسی عزم، باہمی تعاون پر مبنی وفاقی نظام، مضبوط ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے اور کمیونٹی پر مرکوز منصوبہ بندی اس امر کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں کہ آبی تحفظ میں کی جانے والی سرمایہ کاری شہریوں اور برادریوں کے لیے پائیدار نتائج میں تبدیل ہو۔
عالمی آبی ہفتہ 2026 میں بھارت کی شرکت دیہی ترقی، ذریعۂ معاش، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں لچک اور قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کے ایک لازمی جزو کے طور پر آبی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے دیہی ترقی کی وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس شرکت نے مقامی سطح پر منصوبہ بندی، ٹیکنالوجی پر مبنی نظم و نسق اور کمیونٹی کی قیادت میں اقدامات کے ذریعے آبی تحفظ کو مضبوط بنانے سے متعلق عالمی مکالمے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
عالمی آبی ہفتہ کے بارے میں
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل واٹر انسٹی ٹیوٹ (ایس آئی ڈبلیو آئی) کے زیر اہتمام ہر سال منعقد ہونے والا عالمی آبی ہفتہ پانی سے متعلق مکالمے، باہمی تعاون اور اختراع کے لیے دنیا کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس میں دنیا بھر کی حکومتیں، ترقیاتی شراکت دار، محققین، ماہرین اور دیگر متعلقہ فریق شرکت کرتے ہیں تاکہ عالمی آبی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے علم، شراکت داری اور حل کو فروغ دیا جا سکے۔
******
ش ح۔ا ک۔اش ق
U. No. 2655
(ریلیز آئی ڈی: 2303760)
وزیٹر کاؤنٹر : 7