وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اور سیشلز نے ماہی پروری، آبی زراعت اور نیلی معیشت میں اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی دو طرفہ اجلاس منعقد کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 AUG 2026 9:15AM by PIB Delhi

ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری کی وزارت (ایم او ایف اے ایچ اینڈ ڈی)، حکومت ہند کے محکمہ ماہی پروری نے 25 اگست کو جمہوریہ سیشلز کے ایک ممتاز وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی دو طرفہ اجلاس منعقد کیا۔ سیشلز کے وفد کی قیادت ماہی پروری، زراعت اور نیلی معیشت کے وزیر عزت مآب جناب والیس کوسگرو نے کی، جبکہ بھارتی وفد کی قیادت محکمہ ماہی پروری کے سکریٹری ڈاکٹر ابھی لکش لیکھی نے کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ افسران اور ادارہ جاتی نمائندوں نے موجودہ انتظامات کا جائزہ لیا، باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں کا جائزہ لیا اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے مضبوط تعاون پر مبنی لائحۂ عمل تیار کیا۔

سیشلز کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے، بھارتی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے سمندری تعاون کو اجاگر کیا۔ اس کے ساتھ ہی، بھارت نے ماہی پروری، آبی زراعت، جدید سائنسی تحقیق اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کو بڑھانے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے کہا کہ بحر ہند کے خطے میں سماجی و اقتصادی استحکام اور غذائی و تغذیاتی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے ان کا باہمی تعاون انتہائی اہم ہے۔

بات چیت کے دوران، دونوں وفود نے ماہی پروری کے شعبے اور وسیع تر ’’نیلی معیشت‘‘ کو اقتصادی ترقی، دیہی روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کا ایک اہم ستون قرار دیا۔ بھارت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے، بھارتی وفد نے بتایا کہ ملک میں مچھلی کی پیداوار ریکارڈ 19.7 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے اور سمندری غذائی اشیا کی برآمدات 8.46 بلین ڈالر رہی ہیں۔ بھارت نے پائیدار ماہی پروری کے انتظام، ذمہ دارانہ طریقوں سے مچھلی پکڑنے اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

اس وسیع ایجنڈے میں ممکنہ مشترکہ ترقی کے لیے متعدد تکنیکی شعبوں کو شامل کیا گیا، جن میں سمندری آبی زراعت، جدید ہیچریوں کا قیام، ٹونا مچھلی پکڑنے کے طریقوں کو بہتر بنانا، مچھلی کے ذخیرے کا جائزہ، مچھلی پکڑنے کے بعد کی جدید انجینئرنگ اور وسیع تر سمندری تحفظ شامل ہیں۔ دونوں ممالک نے ہدف پر مبنی تکنیکی مطالعات، منظم ماہی پروری توسیعی خدمات اور باضابطہ ادارہ جاتی تربیتی پروگراموں کے ذریعے علم کی منتقلی کے فوری مواقع کا جائزہ لیا۔

اس شعبے میں جدت طرازی اور ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وفود نے مچھلی پکڑنے سے متعلق ڈیٹا نظام، نگرانی، کنٹرول اور چوکسی (ایم سی ایس) کے بنیادی ڈھانچے اور مچھلی پکڑنے کے بعد کے انتظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے ٹھوس شراکت داری پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، خاص طور پر ٹونا کی پروسیسنگ، مصنوعات میں تنوع اور پائیدار ماہی گیری کے فضلے کے انتظام کے لیے ویلیو چین کی ترقی پر بھی زور دیا گیا۔ طویل مدتی اور منظم پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے، دونوں فریقوں نے ایک منظم سالانہ عملی منصوبے، ضوابط میں ہم آہنگی، مشترکہ سائنسی تحقیق کی تیز رفتار تجارتی کاری، ایک دوسرے کی تجربہ گاہوں تک رسائی اور مؤثر پائلٹ منصوبوں کے مشترکہ ڈیزائن کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

سیشلز کے وفد نے بالخصوص ماہی پروری اور آبی زراعت کے شعبوں میں ایک جدید عملی منصوبے کے ساتھ دو طرفہ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے کام کو تیزی سے آگے بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے انتظامی اداروں، علمی محققین اور تکنیکی ماہرین کے درمیان مسلسل اور بلارکاوٹ رابطے کو آسان بنانے کے لیے ادارہ جاتی رابطہ نظام قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقوں نے باہمی دوروں، مخصوص تکنیکی تبادلوں اور قومی مراکزِ امتیاز کے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا، تاکہ ادارہ جاتی صلاحیت کو فروغ دیا جا سکے اور بین الاقوامی بہترین طور طریقوں کو عام کیا جا سکے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس انتہائی تعمیری اور مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوا اور اس مشترکہ نقطۂ نظر کا اعادہ کیا گیا کہ سفارتی وعدوں کو مؤثر اور نتائج پر مبنی عملی منصوبوں میں تبدیل کرکے بھارت اور سیشلز، دونوں کے لیے طویل مدتی سمندری خوشحالی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

***

(ش ح۔اس ک  )

UR-2619


(ریلیز آئی ڈی: 2303524) وزیٹر کاؤنٹر : 7