صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

حکومت ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا کے رجحانات کی قریبی نگرانی کر رہی ہے


گھبرانے کی کوئی وجہ نہیں: موسمی انفلوئنزا خود محدود ہونے والی بیماری ہے؛ وائرس کی کوئی نئی یا غیر معمولی قسم سامنے نہیں آئی، ڈی جی، آئی سی ایم آر ڈاکٹر راجیو بہل کا بیان

بھارت میں H1N1 میں متوقع موسمی تبدیلیاں دیکھی جا رہی ہیں، جینیاتی ساخت میں کوئی غیر معمولی تبدیلی نہیں پائی گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 AUG 2026 6:21PM by PIB Delhi

مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود (ایم او ایچ ایف ڈبلیو)، محکمہ تحقیق صحت (ڈی ایچ آر)، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (این سی ڈی سی) کے اشتراک سے ملک بھر میں موجودہ موسمی سانس کی بیماریوں کے رجحانات کی ایک مضبوط ملک گیر نگرانی کے نیٹ ورک کے ذریعے قریبی نگرانی کر رہی ہے۔

نئی دہلی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ تحقیق صحت (ڈی ایچ آر) کے سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل، آئی سی ایم آر، ڈاکٹر راجیو بہل نے بتایا کہ موجودہ انفلوئنزا کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور گھبرانے یا تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ملک میں اس وقت گردش کرنے والے انفلوئنزا وائرس حالیہ برسوں میں دیکھے جانے والے موسمی رجحان کے عین مطابق ہیں۔

 

 

73 ڈی ایچ آر-آئی سی ایم آر وائرس ریسرچ اینڈ ڈائگناسٹک لیبارٹریز (وی آر ڈی ایل) کے نیٹ ورک کے ذریعے جاری جینومک اور وبائیاتی نگرانی سے اہم اطمینان حاصل ہوا ہے۔

اس وقت گردش کرنے والے انفلوئنزا (H1N1) وائرس کی شناخت A/Missouri/11/2025 (H1N1) pdm09 جیسے وائرسوں کے طور پر ہوئی ہے۔ ہیمی اگلُوٹینن (HA) جین کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ وائرس کلیڈ 6B.1A.5a2a؛ سب کلیڈ D.3.1.1 میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر بہل نے بتایا کہ یہ سلسلہ 2025 سے بھارت میں مسلسل گردش کر رہا ہے۔ وائرس میں دیکھی جانے والی جینیاتی تبدیلیاں موسمی انفلوئنزا وائرسوں میں ہونے والی معمول کی اینٹی جینک ڈرفٹ کے مطابق ہیں۔ انفلوئنزا وائرس کے گردش کرنے کے دوران اس طرح کی معمولی جینیاتی تبدیلیاں باقاعدگی سے ہوتی رہتی ہیں اور محض ان کی بنیاد پر کسی نئے یا خطرناک وائرس کے نمودار ہونے کا اشارہ نہیں ملتا۔

 

 

ڈاکٹر بہل نے زور دے کر کہا کہ موجودہ مشاہدات انفلوئنزا کے کسی نئے خطرے کے نمودار ہونے کی نشاندہی نہیں کرتے بلکہ موسمی انفلوئنزا وائرسوں کے متوقع رویے کے عین مطابق ہیں۔

موسمی انفلوئنزا، بشمول انفلوئنزا A (H1N1)، عام طور پر صحت مند افراد میں ہلکی اور خود محدود ہونے والی سانس کی بیماری ہے۔ عام علامات میں بخار، کھانسی، گلے میں خراش، سر درد، جسم میں درد، تھکن اور کمزوری شامل ہیں۔

زیادہ تر افراد میں مناسب معاون نگہداشت، بھرپور آرام اور مناسب مقدار میں پانی پینے سے علامات میں بہتری آ جاتی ہے۔ صرف H1N1 کی موجودگی کا یہ مطلب نہیں کہ فرد کو لازماً شدید بیماری لاحق ہوگی یا اسے اسپتال میں داخلے کی ضرورت پڑے گی۔ ڈاکٹر بہل نے کہا کہ اگرچہ موسمی انفلوئنزا عام طور پر ہلکی نوعیت کا ہوتا ہے، تاہم بعض افراد میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ ان میں بزرگ افراد، کم عمر بچے، بنیادی طبی مسائل یا دیگر ہمہ وقت موجود بیماریوں میں مبتلا افراد اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد شامل ہیں۔ انہوں نے ایسے افراد کو زیادہ احتیاط برتنے اور انفلوئنزا جیسی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں بروقت طبی مشورہ لینے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے عوام سے بھی معمول کی تنفسی صفائی اور انفیکشن سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل کرنے کی اپیل کی:

 

کیا کریں:

  • کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک کو ڈھانپیں۔
  • صابن اور پانی سے بار بار ہاتھ دھوئیں یا مناسب ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں۔
  • طبیعت خراب ہونے پر گھر پر رہیں اور دوسروں کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں۔
  • جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھیں اور بھرپور آرام کریں۔
  • صحت بخش اور متوازن غذا استعمال کریں۔
  • اگر علامات شدید ہوں، برقرار رہیں یا مزید بگڑ جائیں تو طبی مشورہ حاصل کریں۔
  • ٹیسٹ یا علاج سے متعلق طبی ہدایات پر عمل کریں۔

 

کیا نہ کریں:

  • H1N1 کی تشخیص ہونے پر گھبرائیں نہیں۔
  • طبی مشورے کے بغیر اینٹی وائرل یا اینٹی بایوٹک ادویات استعمال نہ کریں۔
  • علامات موجود ہونے کے دوران دوسروں کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں۔
  • بغیر دھلے ہاتھوں سے آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں۔

 

مرکزی وزارت صحت، ڈی ایچ آر، آئی سی ایم آر اور این سی ڈی سی ملک بھر میں انفلوئنزا کے رجحانات کی نگرانی کے لیے مسلسل وبائیاتی، وائرولوجیکل اور جینومک نگرانی کر رہے ہیں۔ وی آر ڈی ایل کا وسیع نیٹ ورک گردش کرنے والے سانس کے وائرسوں کی بروقت شناخت اور ان کی خصوصیات کے تعین میں معاونت کرتا ہے اور صحتِ عامہ کے حکام کو سامنے آنے والے کسی بھی رجحان کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کے قابل بناتا ہے۔

نگرانی کا یہ نظام انفلوئنزا کی سرگرمی، گردش کرنے والی وائرس کی اقسام اور بیماری کی شدت میں ہونے والی تبدیلیوں پر مسلسل قریبی نظر رکھے گا۔

تاہم، موجودہ شواہد H1N1 انفلوئنزا کے رویے میں کسی غیر معمولی تبدیلی یا کسی نئی قسم کے وائرس کے نمودار ہونے کی نشاندہی نہیں کرتے۔

لہٰذا عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ باخبر اور چوکس رہیں، لیکن گھبرائیں نہیں۔ موسمی انفلوئنزا ایک معروف اور معمول کے مطابق زیرِ نگرانی سانس کی بیماری ہے، اور احتیاطی تدابیر پر عمل، ضرورت پڑنے پر بروقت طبی مشورہ حاصل کرنا اور غیر ضروری ادویات کے استعمال سے گریز افراد اور معاشرے کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

                                               **************

 

ش ح۔ ف ش ع

25-08-2026

                                                                                                                                       U: 2591

 


(ریلیز آئی ڈی: 2303296) وزیٹر کاؤنٹر : 8