خوراک کی ڈبہ بندی کی صنعتوں کی وزارت
چراغ پاسوان نے پی ایم ایف ایم ای بازار کا افتتاح کیا، جس میں ہندوستان کے متنوع مائیکرو فوڈ انٹرپرائزز کی مصنوعات کی نمائش لگائی گئی
प्रविष्टि तिथि:
24 AUG 2026 9:08PM by PIB Delhi
فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزارت (ایم او ایف پی آئی)24 اور 25 اگست 2026 کو نئی دہلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں پی ایم ایف ایم ای کانکلیو 2026 کا انعقاد کر رہی ہے۔ اس کانکلیو میں500 سے زائد متعلقہ فریق شرکت کر رہے ہیں۔ جہاں مائیکرو فوڈ پروسیسنگ کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور مالی وسائل، ٹیکنالوجی اور بازاروں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
کانکلیو کا افتتاح فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزارت کے وزیر جناب چراغ پاسوان نے کیا۔ انہوں نے دو روزہ پروگرام کی اہم کشش پی ایم ایف ایم ای بازار کا بھی افتتاح کیا۔ اس بازار میں25 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں۔ جہاں ہندوستان کے مخصوص کھانوں اور ثقافتی تنوع کی نمائندگی کرنے والی مختلف منفرد، علاقائی اور روایتی غذائی مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔

بازار کے دورے کے دوران معزز وزیر نے پی ایم ایف ایم ای اسکیم کے مستحقین اور نمائش کنندگان سے بات چیت کی۔ ان کی مصنوعات کا جائزہ لیا اور ان کے کاروباری سفر کو سراہا۔ اس نمائش کے ذریعہ مائیکرو فوڈ پروسیسنگ اداروں، خود امدادی گروپوں، کسان پیداوار تنظیموں،امداد باہمی کے اداروں اور انفرادی کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات پیش کرنے، خریداروں سے رابطہ قائم کرنے اور بازار کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔

پی ایم ایف ایم ای بازار میں علاقائی خصوصیات اور روایتی ذائقوں سے بھرپور مختلف غذائی مصنوعات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا ہے۔ ان میں پروسیس شدہ غذائی اشیا، موٹے اناج سے تیار کردہ مصنوعات، مصالحہ جات، اچار، نمکو اور دیگر ہلکی پھلکی غذائیں، مشروبات اور مختلف قدر افزا مصنوعات شامل ہیں۔ یہ نمائش اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ پی ایم ایف ایم ای اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی معاونت کے ذریعہ مقامی خام مال، روایتی علم اور نچلی سطح پر موجود کاروباری صلاحیت کو کس طرح مارکیٹ کے لیے تیار معیاری غذائی مصنوعات میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
پی ایم ایف ایم ای بازار مستحقین کو مقامی منڈیوں سے آگے اپنی مصنوعات کی شناخت اور رسائی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی خریداری، جدید ریٹیل، ڈیجیٹل تجارت اور برآمدی منڈیوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے بھی ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ یہ بازار وزارت کی اس ترجیح کی عکاسی کرتا ہے کہ مائیکرو اداروں کو مقامی سطح پر پیداوار تک محدود رکھنے کے بجائے ان کی مصنوعات کی بہتر برانڈنگ، معیاری پیکیجنگ، معیار، وسیع تر منڈیوں تک رسائی اور پائیدار تجارتی ترقی کو فروغ دیا جائے۔

دو روزہ کانکلیو میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندوں، ضلع نوڈل افسران، ضلعی وسائل کے ماہرین، بینکوں اور مالیاتی اداروں، مختلف وزارتوں اور سرکاری تنظیموں، تکنیکی اداروں، صنعتی تنظیموں، انکیوبیشن مراکز اور پی ایم ایف ایم ای اسکیم کے مستحقین نے شرکت کی۔ یہ پروگرام علم کے تبادلے، مختلف اقدامات کے باہمی امتزاج اور کامیاب تجربات کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
افتتاحی اجلاس میں فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب دویش دیول نے استقبالیہ خطاب کیا۔جس کے بعد وزارت کے سکریٹری جناب اویناش جوشی نے خطاب کیا۔ پروگرام کے دوران معزز شخصیات کی عزت افزائی، چراغ روشن کرنے کی تقریب اور پی ایم ایف ایم ای پر ایک مختصر فلم کی نمائش بھی کی گئی۔
اپنے مختصر خطاب میں معزز وزیر نے مائیکرو فوڈ پروسیسنگ کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کی کہ کاروباری افراد کو نہ صرف مالی امداد بلکہ ٹیکنالوجی، صلاحیت سازی، معیار، برانڈنگ اور بازار تک رسائی جیسے شعبوں میں بھی معاونت حاصل ہو۔ انہوں نے بدلتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر مائیکرو فوڈ پروسیسنگ اداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے زیادہ مضبوط اور جامع پی ایم ایف ایم ای 2.0 کی ضرورت پر زور دیا۔

افتتاحی پروگرام کی ایک اہم خاص بات پی ایم ایف ایم ای اسکیم کے 30 مستحقین کی کامیابی کی کہانیوں پر مشتمل ایک کافی ٹیبل کتاب کا اجرا کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کے کامیاب سفر کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ’فوڈ نووا‘ نامی وزارت کے سہ ماہی رسالے کا بھی اجرا کیا گیا، جس میں خوراکی مصنوعات کی صنعت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت، اختراعات، کامیابی کی کہانیوں اور ابھرتے ہوئے رجحانات کو پیش کیا گیا ہے۔
پی ایم ایف ایم ای اسکیم کے مستحقین کے لیے بازار اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے ایپیڈا، او این ڈی سی اور ناب کسان کے ساتھ تین مفاہمت ناموں پر بھی دستخط کیے گئے۔ ان شراکت داریوں کا مقصد مستحقین کے لیے وسیع تر بازار تک رسائی کو آسان بنانا، ڈیجیٹل تجارت کو فروغ دینا اور مائیکرو فوڈ پروسیسنگ اداروں کے لیے ملکی و برآمدی منڈیوں میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

کانکلیو کے پہلے روز چار موضوعاتی تکنیکی اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ جن میں مالی وسائل تک رسائی اور پائیداری، انکیوبیشن اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ، ملکی و عالمی منڈیوں سے روابط اور کلسٹرز و ادارہ جاتی معاونت کے ذریعے خود امدادی گروپوں کی قیادت میں چلنے والے غذائی کاروباری اداروں کو مضبوط بنانے جیسے موضوعات شامل ہیں۔
پی ایم ایف ایم ای بازار کانکلیو کی ایک اہم خصوصیت ہے جوہندوستان کے مائیکرو فوڈ پروسیسنگ اداروں کی تخلیقی صلاحیت، تنوع اور تجارتی امکانات کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ یہ بازار وزارت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ بازار کے ساتھ مضبوط روابط قائم کیے جائیں اور نچلی سطح پر کام کرنے والے کاروباری افراد کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ مقامی مصنوعات کو مسابقتی برانڈز میں تبدیل کر کے انہیں ملکی اور عالمی منڈیوں تک وسیع تر رسائی فراہم کر سکیں۔
اس طرح پی ایم ایف ایم ای کانکلیو 2026 پالیسی، مالیات، ٹیکنالوجی، کاروباری سرگرمیوں اور منڈیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔ ساتھ ہی یہ مائیکرو فوڈ کاروباری افراد کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ایک مضبوط، منڈی پر مبنی اور عالمی سطح پر مسابقتی مائیکرو فوڈ پروسیسنگ شعبے کی تعمیر کے لیے مشترکہ لائحۂ عمل وضع کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

*****
ش ح۔ م ح ۔ ص ج
U. No-2547
(रिलीज़ आईडी: 2302985)
आगंतुक पटल : 9