الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
کوئمبٹور میں منعقدہ جینیسس نیکسٹ جن اسٹارٹ اپ سمٹ میں جینیسس انٹرپرینیور اِن ریزیڈنس پروگرام کے تیسرے بیچ کا آغاز
جینیسس ای آئی آر 3.0 کے لیے درخواستیں طلب، خواہشمند کاروباری افراد اور ابتدائی مرحلے کے اختراع کار 3 ستمبر 2026 تک درخواست دے سکتے ہیں
میئٹی اسٹارٹ اپ ہب ملک کے اسٹارٹ اپ اور ڈیپ ٹیک ایکو نظام کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قومی معاون کے طور پر ابھر رہا ہے
प्रविष्टि तिथि:
24 AUG 2026 11:55AM by PIB Delhi
الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (میئٹی) نے میئٹی اسٹارٹ اپ ہب (ایم ایس ایچ) کے ذریعے جینیسس انٹرپرینیور اِن ریزیڈنس (ای آئی آر) کے تیسرے بیچ کا آغاز کیا ہے۔ یہ قومی سطح کا پروگرام ہے، جس کا مقصد خواہشمند کاروباری افراد، اختراع کاروں، تحقیق کاروں، طلبہ اور ابتدائی مرحلے کے اسٹارٹ اپس کے بانی افراد کو اپنے اختراعی خیالات کو ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے معاونت فراہم کرنا ہے۔ جینیسس ای آئی آر 3.0 کا آغاز 4 اگست 2026 کو کوئمبٹور کی رتھینم گلوبل یونیورسٹی میں منعقدہ جینیسس نیکسٹ جن اسٹارٹ اپ سمٹ کے کوئمبٹور ایڈیشن میں کیا گیا۔ اس پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کرنے کا عمل اب شروع ہو چکا ہے اور اسٹارٹ اپ و اختراع کے شعبے سے وابستہ افراد درخواست دے سکتے ہیں۔
جینیسس ای آئی آر 3.0، جینیسس یعنی ’’اختراعی اسٹارٹ اپس کے لیے اگلے سلسلے کی معاونت‘‘ اسکیم کا ایک حصہ ہے۔ اس اسکیم کا مقصد بالخصوص دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں اسٹارٹ اپس کی تلاش، انہیں ضروری معاونت فراہم کرنا اور ان کی ترقی کو تیز کرنا ہے۔ اس کے انٹرپرینیور اِن ریزیڈنس پروگرام کے تحت اختراع کاروں، طلبہ اور کاروباری افراد کو ابتدائی مرحلے کے خیالات کو عملی آزمائش کے لیے تیار حل میں تبدیل کرنے میں مدد دینے کے لیے مخصوص مالی معاونت اور انکیوبیشن سہولت فراہم کی جاتی ہے۔میئٹی کے تحت قائم میئٹی اسٹارٹ اپ ہب ایک قومی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے، جو اسٹارٹ اپس، انکیوبیٹرز، ایکسیلیریٹرز، صنعتی اداروں، سرمایہ کاروں، سرپرستوں، تعلیمی اداروں اور حکومت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ اس کے ذریعے ہندوستان کے ڈیپ ٹیک ایکو نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ نئے خیال کے ابتدائی مرحلے سے لے کر اس کی توثیق، تجارتی سطح پر نفاذ اور بڑے پیمانے پر توسیع تک اختراع کے پورے سفر میں معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
جینیسس نیکسٹ جن اسٹارٹ اپ سمٹ، کوئمبٹور ایڈیشن میں پروگرام کا آغاز
جینیسس نیکسٹ جن اسٹارٹ اپ سمٹ، کوئمبٹور ایڈیشن کا انعقاد ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے طور پر کیا گیا، جس کا مقصد خواہشمند کاروباری افراد، اسٹارٹ اپس، اختراع کاروں، تحقیق کاروں، طلبہ، تعلیمی اداروں، صنعتی شعبے کے رہنماؤں اور متعلقہ ماحولیاتی نظام کے شراکت داروں کو تحریک دینا، باہم جوڑنا اور بااختیار بنانا تھا۔ اس موقع پر معلومات اور تجربات کے تبادلے، رہنمائی، باہمی روابط اور ایکو نظام کے مختلف فریقوں کے درمیان تعاون کے ذریعے جدت طرازی پر مبنی کاروبار کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

جینیسس ای آئی آر 3.0 کے آغاز کے موقع پر معزز شخصیات، جینیسس نیکسٹ جن اسٹارٹ اپ سمٹ، کوئمبٹور
کلیدی خطاب کے بعد جینیسس ای آئی آر 3.0 کا باضابطہ آغاز میئٹی اسٹارٹ اپ ہب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر پنیرسیلوام مدناگوپال نے کیا۔ اس موقع پر کوئمبٹور کے ضلع کلکٹر جناب پون کمار جی گیری یپنّاوار، آئی اے ایس، رتھینم گلوبل یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر مدن اے سینتھل اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
اس پروگرام کے آغاز کے ذریعے میئٹی اسٹارٹ اپ ہب نے ابتدائی مرحلے کے اختراع کاروں، تحقیق کاروں، طلبہ اور کاروباری افراد کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہیں منظم مالی معاونت، رہنمائی، انکیوبیشن سہولت اور ملک گیر جدت طرازی کے ایکو نظام تک رسائی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اپنے اختراعی خیالات کو قابلِ توثیق نمونوں اور بڑے پیمانے پر وسعت پانے والے ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری منصوبوں میں تبدیل کر سکیں۔
جینیسس ای آئی آر 3.0 کے لیے درخواستیں طلب
میئٹی اسٹارٹ اپ ہب کے ذریعے نافذ کیے جانے والے جینیسس ای آئی آر کے تیسرے بیچ کے تحت ابتدائی مرحلے کے ان اختراع کاروں کو معاونت فراہم کی جائے گی جو الیکٹرانکس، اطلاعاتی ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) اور ڈیپ ٹیک کے شعبوں میں ٹیکنالوجی پر مبنی حل تیار کر رہے ہیں۔ منتخب امیدواروں کو جینیسس سے وابستہ انکیوبیٹرز کے ذریعے انکیوبیشن سہولت، رہنمائی، متعلقہ ماحولیاتی نظام تک رسائی، کاروباری روابط کے مواقع اور 10 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
منتخب اختراع کاروں کو ملنے والی سہولیات:
- 10 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت
- جینیسس سے وابستہ انکیوبیٹرز تک رسائی
- انفرادی رہنمائی اور ماہرین کی مشاورت
- مصنوعات کی تیاری اور کم از کم قابلِ عمل نمونے کی تیاری میں معاونت
- انکیوبیشن اور کاروباری ترقی کے لیے معاونت
- ابتدائی نمونہ تیار کرنے، ٹیکنالوجی کی تیاری اور اس کی توثیق میں مدد
- صنعتی اداروں اور اسٹارٹ اپ ایکو نظام سے رابطے کے مواقع
- تجارتی سطح پر پیش رفت اور اسٹارٹ اپ کی ترقی کے لیے رہنمائی
خصوصی توجہ کے حامل شعبے:
الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی، ڈیپ ٹیک، مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ، انٹرنیٹ آف تھنگز، سیمی کنڈکٹر / وی ایل ایس آئی، سائبر سکیورٹی، بلاک چین، کوانٹم ٹیکنالوجیز اور آگمینٹڈ ریئلٹی/ورچوئل ریئلٹی، اسپیشل اور عمیق ٹیکنالوجیز۔
اہلیت کے معیار:
- درخواست گزار کا ہندوستانی شہری ہونا ضروری ہے۔
- درخواست گزار کاروباری فرد، اختراع کار، تحقیق کار، طالب علم یا ابتدائی مرحلے کے اسٹارٹ اپ کا بانی یا شریک بانی ہو سکتا ہے۔
- پیش کردہ اختراع کا تعلق الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی، ڈیپ ٹیک، مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ، انٹرنیٹ آف تھنگز، سیمی کنڈکٹر اور وی ایل ایس آئی، سائبر سیکورٹی، بلاک چین، کوانٹم ٹیکنالوجیز یا آگمینٹڈ ریئلٹی/ورچوئل ریئلٹی، اسپیشل اور عمیق ٹیکنالوجیز جیسے ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبوں سے ہونا چاہیے۔
- اختراع تکنیکی تیاری کی سطح 1 سے 4 کے درمیان ہونی چاہیے، یعنی ابتدائی خیال، تصور کے ثبوت، ابتدائی نمونے، کم از کم قابلِ عمل نمونے یا ابتدائی توثیق کے مرحلے میں ہونی چاہیے۔
- اسٹارٹ اپ کا قیام دوسرے یا تیسرے درجے کے شہر میں ہونا چاہیے۔
- اگر اسٹارٹ اپ باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہے تو درخواست جمع کرانے کی تاریخ تک اس کی عمر دو سال سے کم ہونی چاہیے۔
- اسی مجوزہ خیال یا اسٹارٹ اپ کے لیے درخواست گزار کو مرکزی یا ریاستی حکومت کی کسی بھی اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے سے زیادہ کی مالی معاونت حاصل نہ ہوئی ہو۔
اہم تاریخیں اور درخواست سے متعلق تفصیلات:
جینیسس ای آئی آر کے تیسرے بیچ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل 4 اگست 2026 سے 3 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
آن لائن درخواست کے لیے: https://mshportal.meity.gov.in/ext/form/23966/1/apply

جینیسس ای آئی آر 3.0 کے لیے درخواستوں کی باضابطہ دعوت
جینیسس ای آئی آر کے تیسرے بیچ کو اس مقصد کے لیے تیار کیا گیا ہے کہ نئے اختراعی خیالات اور ایک قابلِ عمل اسٹارٹ اپ کے درمیان موجود خلا کو پُر کیا جا سکے۔ مالی معاونت کے ساتھ انکیوبیشن اور رہنمائی فراہم کرکے اس پروگرام کا مقصد اختراع کاروں کو اپنی ٹیکنالوجیز تیار کرنے، ان کی توثیق کرنے اور انہیں مارکیٹ میں پیش کرنے کے لیے تیار کرنے میں مدد دینا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے میئٹی اسٹارٹ اپ ہب ہندوستان کے ٹیکنالوجی پر مبنی اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور ملک بھر کے اختراع کاروں کو قابلِ توسیع اور مؤثر کاروباری منصوبے قائم کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
جینیسس کے بارے میں
جینیسس یعنی ’’اختراعی اسٹارٹ اپس کے لیے اگلے سلسلے کی معاونت‘‘، میئٹی اسٹارٹ اپ ہب کا ایک اہم پروگرام ہے، جسے ہندوستان کے دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں اسٹارٹ اپس کو تلاش کرنے، انہیں معاونت فراہم کرنے، ترقی دینے اور ان کی رفتار تیز کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ اپنے انٹرپرینیور اِن ریزیڈنس، پائلٹ، سرمایہ کاری اور ڈیپ ٹیک مالی معاونت کے مختلف اجزا کے ذریعے جینیسس ابتدائی مرحلے کے خیال اور تجربات سے لے کر توثیق، سرمایہ کاری اور بڑے پیمانے پر توسیع تک اسٹارٹ اپس اور اختراع کاروں کی معاونت کرتا ہے۔
اس اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 490 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ملک کے ابھرتے ہوئے خطوں میں موجود کاروباری صلاحیتوں کو بروئے کار لانا اور انہیں ہندوستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے جدت طرازئ کے ایکو نظام سے مزید مضبوطی کے ساتھ جوڑنا ہے۔
جینیسس انٹرپرینیور اِن ریزیڈنس (ای آئی آر) جزو کے بارے میں
جینیسس کے انٹرپرینیور اِن ریزیڈنس جزو کے تحت ہر اسٹارٹ اپ کو 10 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد ابتدائی مرحلے میں موجود اختراع کاروں، طلبہ اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانا اور مخصوص مالی معاونت اور انکیوبیشن سہولت کے ذریعے ان کے ابتدائی خیالات کو عملی آزمائش کے لیے تیار حل میں تبدیل کرنا ہے۔
میئٹی اسٹارٹ اپ ہب (ایم ایس ایچ) کے بارے میں
میئٹی اسٹارٹ اپ ہب، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (مائٹی) کے تحت کام کرنے والا ایک متحد قومی پلیٹ فارم ہے، جو اسٹارٹ اپ، انکیوبیشن اور اختراع سے متعلق مختلف اقدامات کو ایک مربوط نظام میں شامل کرتا ہے۔ اس کا مقصد ہندوستان کے اسٹارٹ اپ اور ڈیپ ٹیک ماحولیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ابتدائی خیال سے لے کر انکیوبیشن، تیز رفتار ترقی، مالی معاونت اور بڑے پیمانے پر توسیع تک مختلف مراحل میں اسٹارٹ اپس کو معاونت فراہم کرنے والی اسکیموں کو ایک دوسرے سے مربوط کرتا ہے۔
*****
ش ح۔ ک ح۔ ج ا
U.No. 2518
(रिलीज़ आईडी: 2302709)
आगंतुक पटल : 9